• Mon, 01 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہمیں گزرے ہوئے کل پر بات کرنے کی بجائے آنیوالے کل کیلئےعملی اقدامات کرنے چاہئے‘‘

Updated: December 01, 2025, 1:11 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگاؤں کے حج ہاؤس میں معیار تعلیم کے موضوع پر کامیاب سمینار کا انعقاد، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر عبد السبحان کا خطاب۔

Sheikh Abdul Wahab and others welcoming Dr. Abdul Sabhan. Picture: Inquilab
شیخ عبدالوہاب اور دیگر ڈاکٹر عبد السبحان کا استقبال کرتے ہوئے۔ تصویر : انقلاب
’ہمیں گُزرے ہوئے کل پر بات کرنے کی بجائے آنیوالے کل کیلئے تیاریوں پر بات کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا چاہئے۔‘ اِن خیالات کا اظہار ڈاکٹر عبدالسبحان ( بانی : فالکون گروپ آف انسٹی ٹیوشنز ، بنگالورو) نے مالیگاؤں کے حج ہاؤس میں خطاب کے دوران کیا۔ آل مالیگاؤں ہیڈ ماسٹرس و ہیڈ مسٹریسیس اسوسی ایشن، امید فاؤنڈیشن،خاتون ایجوکیشن کیمپس ، سی سی آئی ،پراتھمک شکشک سنگھ ، پیراڈائز ایجوکیشن سوسائٹی ، خدماتِ حجاج کمیٹی کے زیر اہتمام اقلیتی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ،تدریسی و غیر تدریسی عملے سے خطاب کیلئے متذکرہ تقریب کا انعقاد ڈاکٹر نعیم شاہین (بانی: گلشن ایجوکیشن سوسائٹی،مالیگاؤں) کی صدارت میں ہوا تھا۔
ڈاکٹر عبدالسبحان نے بتایا کہ اُن کا علمی سفر کرناٹک کے تاریخی شہر بیدر سے شروع ہوکر ترکی کے انقرہ تک پہنچا۔ہندوستانی وزارت خارجہ وبین الاقوامی امور کے اشتراک سے ترکی حکومت کے کلیدی شعبوں میں کام کرنے کے مواقع ملے۔اپنی مٹی،اپنی ملّت اور اپنے ملک کیلئے کچھ کرگزرنے کے جذبے نے ۲۸/ تعلیمی اداروں کا منتظم اعلیٰ بنادیا۔ ان اداروں میں نرسری ایجوکیشن سے یونین پبلک سروس کمیشن کے ایگزامس کے پری پیریشن تک کے انتظامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’ حال اور مستقبل آرٹی فیشیل انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی کا ہے۔مستقبل میں روزگار ڈگریوں نہیں صلاحیتوں کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔اَب ہمارے تعلیمی اداروں ، نظامِ تعلیم اور فروغِ علوم وفنون کیلئے اے آئی اور ٹیکنالوجیز لازم وملزوم کر لیجئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ نیشنل ایجوکیشن پالیسی ۲۰۲۴ء کے مطابق جماعت اول تا پنجم اور ششم تا دہم ، اس کے بعد دوازدہم سے لیکر جامعات تک تعلیمات کا تجدیدہ شدہ نصابی نظام نافذ کرنا ہوگا۔ملکی ہی نہیں بین الاقوامی یونیورسٹیز میں ایڈمیشن کیلئے مسابقتی ایگزامس ہونے لگے ہیں۔‘‘
پاورپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے ڈاکٹر عبدالسبحان نے اپنی تعلیمی تجربات ، تجربات کے مثبت اثرات ، اختراعات اور اس کے دور رس نتائج حاضرین کے سامنے پیش کئے۔ اس موقع پر تعارف پیش کرتے ہوئے عبدالحلیم صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالسبحان کا آبائی تعلق ڈاکٹر عبدالقدیر ( شاہین گروپ ، بیدر) سے ہے۔اہم شرکاء میں شیخ رضوان عبدالمطلب،قریشی عبدالوہاب،صدیقی عبدالمجید،خان انعام الرحمان،عارف عباس، صدیقی سلیم شہزاد،شیخ معین الدین،عبدالستار محمد مرتضیٰ،عبداللہ مبارک،رضوی سلیم شہزاد،شفیق سرداراعظمی محمد یاسین،رضوان ربانی، شیخ مبارک ، شفیق انور،فہیم عبدالوہاب قریشی وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK