ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے فرسٹ ائیر جونیئر کالج( ایف وائی جے سی) کے داخلہ سےمتعلق ناکافی معلومات فراہم کرنے سے خواہشمند طلبہ اور ان کے سرپرست پریشان ہیں،
EPAPER
Updated: May 17, 2025, 8:52 PM IST | Mumbai
ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے فرسٹ ائیر جونیئر کالج( ایف وائی جے سی) کے داخلہ سےمتعلق ناکافی معلومات فراہم کرنے سے خواہشمند طلبہ اور ان کے سرپرست پریشان ہیں،
ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے فرسٹ ائیر جونیئر کالج( ایف وائی جے سی) کے داخلہ سےمتعلق ناکافی معلومات فراہم کرنے سے خواہشمند طلبہ اور ان کے سرپرست پریشان ہیں، حالانکہ داخلہ کا باقاعدہ عمل پیر ۱۹؍مئی سےشروع ہوگا، ا س کےباوجود ایڈمیشن کے تعلق سے دی گئی کم معلومات کی وجہ سے متعددطلبہ۱۲؍مئی کو ایس ایس سی کا رزلٹ جاری ہونےکےبعد نجی سائبر سینٹروں پر ایڈمیشن کیلئے آن لائن رجسٹریشن کروانے پہنچ رہےہیں ۔ سینٹروالوں کو بھی پوری معلومات نہ ہونےسےطلبہ تذبذب کاشکار ہیں۔
خیال رہےکہ محکمہ تعلیم نے امسال پورے مہاراشٹرمیں آن لائن ایڈمیشن پروسیس پر عمل کرنے اعلان کیاہے جس کی وجہ سےاس کارروائی میں لاکھوں نئے طلبہ شریک ہوں گے، ایسےمیں داخلہ کی کارروائی میں تاخیر ہونے کا امکان ہے۔ جن نئے ڈویژنوں میں امسال آن لائن پروسیس سے ایڈمیشن کیاجائے گا، وہاں کے طلبہ اور والدین زیادہ فکر مند ہیں۔ انہوں نےایڈمیشن سے متعلق گائیڈنس کیمپ منعقد کرنےکا مطالبہ کیاہےتاکہ ایڈمیشن کی آن لائن کارروائی مکمل کرنےمیں آسانی ہو۔
ناگپاڑہ پرواقع سیم کمپیوٹر کے مالک اشفاق انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ’’ایس ایس سی کا رزلٹ ۱۳؍مئی کو جاری ہوا، اس کےبعد سے گیارہویں میں داخلہ کے متمنی طلبہ کی قطار لگی ہے۔ طلبہ داخلہ کیلئے رجسٹریشن کروانے آرہےہیں جبکہ محکمہ تعلیم نے رجسٹریشن کیلئے جو ویب سائٹ جاری کی ہے وہ اوپن نہیں ہورہی ہے۔ طلبہ بہت پریشان تھے، لیکن اس بارےمیں ہم نے معلومات کی تو پتہ چلاکہ طلبہ کے رجسٹریشن کا عمل پیر ۱۹؍مئی سے شروع ہوگا۔ بعدازیں طلبہ سے ہم نے کہاکہ وہ پیرکو صبح ۱۱؍بجے ضروری دستاویزات کے ساتھ آئیں ، تب ان کا رجسٹریشن کیاجائے گا۔ ‘‘
تعلیمی سال ۲۶۔ ۲۰۲۵ء سے ریاست کے تمام اضلاع کے جونیئر کالجوں میں گیارہویں میں داخلہ لینے والا ہر طالب علم صرف آن لائن درخواست فارم بھر کرداخلہ لےسکے گا۔ اس سال تمام کالجوں میں آن لائن داخلہ ہوگا۔ اس وجہ سے گریٹرممبئی سے ملحق رائے گڑھ، تھانے، پا ل گھر اضلاع کے دیہی علاقوں کے طلبہ کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔ ناکافی معلومات کی وجہ سےان علاقوں کے بہت سے طلبہ اور سرپرست تذبذب میں مبتلاہیں۔ وہ چاہتےہیں کہ محکمہ تعلیم دسویں کے بعد گیارہویں میں جانے والے طلبہ کے ذہنوں میں موجود الجھن کو کم کرنے کیلئے رہنمائی فراہم کرے۔
یہا ں اس بات کا اعادہ بھی ضروری ہےکہ گیارہویں جماعت میں، ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور پال گھر کے بیشتر جونیئر کالجوں میں خالی نشستوں کی تعداد سال بہ سال بڑھ رہی ہے کیونکہ طلبہ داخلہ کیلئے آگے نہیں آرہے ہیں۔ گزشتہ سال داخلہ راؤنڈ میں بار بار توسیع کے باوجود ایک لاکھ ۳۴؍ ہزار ۴۱۷؍ نشستیں خالی تھیں۔ ہرسال داخلے کم اور سیٹیں بڑھ رہی ہیں۔