• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

احمد نگر میں اہانت آمیز حرکت، احتجاج، لاٹھی چارج

Updated: September 30, 2025, 3:56 PM IST | Agency | Ahmednagar

مسلمان شکایت درج کروانے پہنچے تو ہندوتوادی گروہ بھی وہاں پہنچ گیا اور نعرے لگانے لگا، پولیس کا لاٹھی چارج، مسلمانوں کا راستہ روکو آندولن، ۳۰؍ سے زائد افراد گرفتار۔

Muslim youth sit on the street and protest as police try to pick them up. Photo: INN
مسلم نوجوان سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرتے ہوئے جبکہ پولیس انہیں اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تصویر: آئی این این

’آئی لو محمد ؐ ‘ مہم مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں پُرامن طریقے سے چلائی گئی اور کامیاب رہی لیکن شرپسند اس مہم کو دانستہ دو قوموںکے درمیان تصادم کا رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک کوشش احمد نگر ضلع  میں دکھائی دی جہاں کچھ لوگوں نے اہانت آمیز رنگولی بنا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ اس  حرکت کی  وجہ سے مسلمانوں میں ناراضگی پھیل گئی اور انہوں نے سڑک پر احتجاج کیا لیکن پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور حالات کشیدہ ہو گئے۔ 
  اطلاع کے مطابق پیر کی صبح نوراتری کی رسم ’درگا دوڑ‘ کی رسم کے دوران کچھ لوگوں نے  اہانت آمیز رنگولی بنائی  جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔  اس کی وجہ سے مسلمانوں میں ناراضگی پھیل گئی اور شکایت درج کروانے پولیس اسٹیشن پہنچے، لیکن  وہاں ہندوتوا وادیوں کی بھیڑ بھی اکٹھی ہونی شروع ہو گئی۔ دونوں ہی طرف سے نعرے لگائے گئے۔  حالات کشیدہ ہوتے دیکھ پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا جس کی وجہ سے بھیڑ وہاں سے چھٹ گئی لیکن اس کی وجہ سے مسلمانوں  میں ناراضگی اور بڑھ گئی۔ انہوں نے کوٹلا علاقے میں احمد نگر۔ اورنگ آباد ہائی وے پر راستہ روکو آندولن شروع کیا۔ اس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا۔ 
  اس دوران شہر میں افواہیں پھیلنے لگیں اور دکانیں بند ہونے لگیں۔ جگہ جگہ دونوں ہی طبقے کے لوگ جمع ہو کر اسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نظر آئے۔ تھوڑی دیر میں   راستہ روکو آندولن کرنے والے  نوجوانوں اور مخالف گروہ میں پتھر بازی شروع ہو گئی۔ اس دوران ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سومناتھ گھارگے ، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ویبھو کلبرمے،  ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ  دلیپ ٹپرسے، شریش وامنے،  اور لوکل کرائم برانچ کے انسپکٹر کمار کباڑی  ،  پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور مظاہرین سے  سڑک کو خالی کروایا۔ بھیڑ منتشر ہوگئی۔ پولیس نے پتھرائو کے الزام ۳۰؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔  
  اس دوران اشتعال انگیزی کیلئے مشہور این سی پی ( اجیت) کے رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ نے کوٹھلا پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ شہر میں جگہ جگہ لگے ہوئے ’ آئی لو محمد ؐ  ‘ کے بینروںکو نکالا جائے۔ 
رنگولی بنانےوالے میاں بیوی گرفتار
  اس دوران پولیس نے اطلاع دی ہے کہ جن لوگوں نے  نے یہ قابل اعتراض رنگولی بنائی تھی انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔  احمد نگر کے نگراں وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شیخ التمش سلیم زری والا کی شکایت پر  پولیس نے  کارنجا کے رہنے والے آرتی راسکر  اور سنگرام راسکر( دونوں میاں بیوی ہیں) کو گرفتار کرلیا ہے۔ وکھے پاٹل نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے انہیں اتوار کی رات ہی گرفتار کرلیا تھا ۔ اس کے بعد احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔  
 دیویندر فرنویس کابیان
  اس دوران وزیر اعلیٰ  دیویندر فرنویس نے ایوت محل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبہ ظاہہر کیا کہ اس معاملے میں کوئی سازش بھی ہو سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا  ہے کہ ’’ ہم یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس کے پیچھے کوئی سازش تو نہیں تھی؟  ہمیں یہ بھی معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ کون ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کہیں کوئی ٹھیک اسی طرح ہم میں انتشار پھیلانے کی کوشش تو نہیں کر رہا ہے جس طرح لوک سبھا الیکشن کےدوران کیا گیا تھا؟‘‘ دیویندر فرنویس نے کہا ’’ ہر کسی کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا پورا حق ہے لیکن اس طرح سے عوام کے درمیان کشیدگی پھیلانا غلط ہے۔ ‘‘ 
 مسلمان امن و امان برقرار رکھیں
 اس دوران مجلس اتحادالمسلمین کے مہاراشٹر صدر امتیاز جلیل نے کولہاپورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ ہمارے لئے دنیا تمام چیزوں سے زیادہ عزیز شخصیت ہیں ان کی توہین برداشت ہی نہیں کی جا سکتی۔  انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ امن وامان برقرار رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK