Inquilab Logo

پی ایم سی بینک کو سرکاری بینک میں ضم کرنے پر غور

Updated: December 09, 2019, 11:17 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کابینی وزیر جینت پاٹل کے مطابق اس سلسلہ میں آربی آئی سے بات چیت کی جارہی ہے اور اس بات پر غورکیا جارہا ہے کہ پی ایم سی بینک کو مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک میں ضم کر دیا جائے

کھاتہ داروں کو راحت پہنچانے کیلئے پی ایم سی بینک کوسرکاری بینک میں ضم کیا جاسکتا ہے
کھاتہ داروں کو راحت پہنچانے کیلئے پی ایم سی بینک کوسرکاری بینک میں ضم کیا جاسکتا ہے

ممبئی ، (ندیم عصران ): پنجاب اینڈ مہاراشٹر کوآپریٹیو( پی ایم سی ) بینک کے کھاتہ داروں کو جلد ہی راحت ملنے کی امید ہے۔ کابینی وزیر جینت پاٹل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت پی ایم سی بینک کے کھاتہ داروں کو راحت پہنچانے اور ان کے مسائل کو حل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی) سے بات چیت کررہی ہے اور اس بات پر غور کررہی ہے کہ پی ایم سی بینک کو مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک میں ضم کر دیا جائے۔
کابینی وزیر جینت پاٹل کے مطابق ’’ساڑھے ۴؍ ہزار کروڑکے گھوٹالہ کے معاملہ کے سبب پی ایم سی بینک کے کھاتہ داروں کو ہونے والی پریشانی کا حل تلاش کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں جہاں آر بی آئی سے بات چیت کی گئی ہے  وہیں پی ایم سی بینک کے چیئرمین سے بھی میں نے بات کی ہے جس کے دوران  چیئرمین کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ پی ایم سی بینک کے پسماندہ کھاتہ داروں کو اگرسرکاری بینک میں ضم کیا جائے گا تو ان کی مدد ہوجائے گی۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’موجودہ حکومت ان کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ان کے ساتھ ہے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ایک بینک کے پسماندہ کھاتہ داروں کو دوسری بینک میں ضم کرنے سے نہ صرف متاثرہ کھاتہ داروں کو راحت ملے گی بلکہ بینک کو بھی فائدہ پہنچے گا ۔‘‘ 
 جینت پاٹل جو وزیرمالیات رہ چکے ہیں، کا کہنا ہے کہ ’’مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کی موجودہ حالت بہت بہتر ہے اور پی ایم سی بینک کو ضم کرنے سے اسے نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہی ہوگا ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ بینک کو ضم کرنے کا مرحلہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے تاکہ کھاتہ داروں کو جلد از جلد راحت مل سکے ۔ 
 واضح رہے کہ ممبئی  سمیت پورے مہاراشٹر میں پی ایم سی بینک کے ۱۶؍ لاکھ کھاتہ دار بینک میں گھوٹالہ سے کئی ماہ سے  پریشان ہیں ۔ انہیں  حال ہی میں  ۵۰؍  ہزار روپے تک نکالنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی،  اس کے باوجود وہ مطمئن نہیں ہیں ۔ یہ بھی یاد رہے کہ اکنامک آفینس ونگ ( ای او ڈبلیو ) اب تک پی ایم سی بینک کے سابق ملازمین  اور ڈائریکٹرس کے علاوہ ایچ ڈی آئی ایل کے ڈائریکٹرس سمیت  ۱۲؍ ملزمین کو گرفتار کرچکی ہے اور ان کی کئی  جائیدادوں کو بھی قرق کیا ہے جسے آر بی آئی نیلام کرکے اس کی رقم کی مدد سے کھاتہ داروں کوراحت پہنچا سکے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK