Inquilab Logo Happiest Places to Work

شمالی ہندوستان میں شدید گرمی، پھر بارش کا انتظار

Updated: June 11, 2025, 1:24 PM IST | Agency | New Delhi

دہلی این سی آر میں بھی گرمی سے حالت خراب،کچھ شہروں میں درجۂ حرارت ۴۷؍ ڈگری سے اوپر،۶؍ریاستوں میں لو کا الرٹ۔

Trying to escape the heat in front of the Taj Mahal in Agra. Photo: PTI
آگرہ میں تاج محل کے سامنے گرمی سے بچنے کی کوشش۔ تصویر: پی ٹی آئی

مئی کے اخیر میں ملک میں مانسون کی آمد کے بعد اب جون کے ابتدائی دنوں میں لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ جہاں ایک طرف راجستھان کے گنگا نگر اور دیگرشہروں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے پار ہوچکا ہے، وہیں دوسری طرف شمالی ہند اوردہلی این سی آر میں بھی گرمی سے حالت خراب ہے اورعوام کوایک بار پھر بارش کا انتظار ہے۔ محکمۂ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ اگلے ۵؍ دنوں تک شمالی ہند میں زبردست گرمی پڑنے والی ہے۔ دہلی-این سی آر، بہار، اترپردیش، راجستھان اور دیگر ریاستوں میں اگلے کچھ دنوں تک درجۂ حرارت ۴۲؍ ڈگری سلسیس سے تجاوز کر سکتا ہے۔ پیر کو ملک کی ۶؍ریاستوں کے ۱۸؍شہروں کا درجۂ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے اوپر رہا۔ ان ریاستوں میں راجستھان، ہریانہ، اترپردیش، مدھیہ پردیش، دہلی اور ادیشہ شامل ہیں۔ راجستھان کا سری گنگا نگر ۴ء۴۷؍ڈگری کے ساتھ ملک میں سب سے زیادہ گرم رہا۔ پنجاب، ہریانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش، اترپردیش اور دہلی این سی آر کے بیشتر اضلاع میں بدھ کو بھی لو اور تیز ہوائیں چلنے کی وارننگ دی گئی۔ دہلی میں منگل کو بھی درجۂ حرارت ۴۵؍ڈگری کے قریب رہا۔ ریاست میں اگلے دو دنوں کے لئے لو کے لئے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دہلی میں بھی۱۶؍مئی کے بعد مسلسل درجۂ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:امریکہ: نیو آرک ایئرپورٹ پر ہندوستانی طالب علم کو بے رحمی سے حراست میں لیا گیا

محکمۂ موسمیات نے راجستھان میں شدید گرمی کی لہر کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ مغربی اضلاع جیسلمیر، باڑمیر، جودھ پور، پالی، جالور اور سروہی ہیں۔ ہریانہ میں بھی پیر کو درجۂ حرارت ۴۵؍ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ سرسا ۴ء۴۶؍ ڈگری درجۂ حرارت کے ساتھ ریاست کا گرم ترین مقام رہا۔ اسکائی میٹ ویدر کی رپورٹ کے مطابق ۲۴؍سے۲۵؍ جون کو مانسون دہلی میں دستک دے سکتا ہے۔ عموماً ۲۷؍ جون تک مانسون کی آمد دہلی میں ہوتی ہے۔ اتر پردیش کی بات کریں تو اگلے کچھ دنوں تک یہاں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔ اس دوران درجۂ حرارت میں اضافہ کے ساتھ شدید گرمی کا احساس ہوگا لیکن۱۱؍ جون سے موسم کا مزاج بدلے گا اور کئی ضلعوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ بہار میں بھی اگلے تین دنوں تک شدید گرمی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ 
پہاڑی ریاستوں جموں کشمیر، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں فی الحال بارش کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے لیکن۱۱؍ سے۱۳؍جون کے درمیان بارش کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق راجستھان سے آنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں شدید گرمی کا دور جاری ہے۔ منگل کو ریاست کے ۱۱؍ اضلاع میں لو کا الرٹ جاری کیا گیا۔ اگلے چند دنوں تک گرمی سے راحت کی امید کم ہے۔ راجدھانی بھوپال میں بھی شدید گرمی کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔ موسمیاتی مرکز بھوپال کے سائنسدانوں کے مطابق ریاست میں خشک موسم اور راجستھان سے آنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ پیر کو ریاست میں جون کے مہینے کا گرم ترین دن تھا جہاں ایک درجن سے زائد اضلاع میں درجۂ حرارت ۴۵؍ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیا گیا تھا۔ منگل کو گنا، اشوک نگر، شیو پوری، گوالیار، دتیا، بھنڈ، مورینا، پنا، چھتر پور، ٹکم گڑھ اور نیواری کے کچھ اضلاع میں گرمی کی لہر کا اثر دیکھا جا سکتا ہے۔ ریاست میں خشک موسم کی وجہ سے اگلے چند دنوں تک گرمی سے راحت کی امید کم ہے۔ راجدھانی بھوپال میں پیر کو شدید گرمی رہنے کے بعد منگل کوصبح ہی سے گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کردیا ہے۔ تیز دھوپ اور گرم ہواؤں کے باعث شدید گرمی کا دور جاری ہے۔ گرمی کی وجہ سے کام پر جانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھوپال میں اگلے چند دنوں تک موسم ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK