Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: نیو آرک ایئرپورٹ پر ہندوستانی طالب علم کو بے رحمی سے حراست میں لیا گیا

Updated: June 10, 2025, 8:30 PM IST | New Delhi

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکام نے نیوآرک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی طالب علم کوبے رحمی سے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے گھسیٹ کر، ہتھکڑیاں لگا کر باندھ دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے مودی پر سخت تنقید کی۔

Student in the grip of airport security personnel. Photo; X
طالب علم ایئر پورٹ سیکوریٹی اہلکار کی گرفت میں۔ تصویر؛ ایکس

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکام نے نیوآرک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی طالب علم کو’’بے رحمی سے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے گھسیٹ کر، ہتھکڑیاں لگا کر باندھ دیا۔ ‘‘پوسٹ میں ہندوستانی شہری کو ایئرپورٹ کے احاطے میں زمین پر دبایا ہوا اور ہتھکڑیوں میں جکڑا ہوا دکھایا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں شدت پیدا کی ہے۔ یہ واقعہ ممکنہ طور پر۷؍ جون کے آس پاس پیش آیا۔ ایک’’ ایکس‘‘صارف نے ۸؍جون کو پوسٹ کیا اور لکھا:"میں نے گزشتہ رات نیو آرک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی طالب علم کو ملک بدر ہوتے دیکھا اسے ہتھکڑیاں لگا رکھی تھیں، وہ رو رہا تھا، اوراس کے ساتھ مجرموں کی طرح سلوک کیا جا رہا تھا۔ "صارف نے مزید لکھا: "وہ خواب لے کر آیا تھا، نہ کہ کوئی نقصان پہنچانے۔ ایک این آر آئی (NRI) ہونے کے ناطے میں خود کو بے بس اور دل شکستہ محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایک انسانی المیہ ہے۔ "

اس صارف نے کچھ ویڈیوز شیئر کیں اور ہندوستانی سفارت خانے سے اپیل کی کہ وہ طالب علم کو اس کے والدین سے دوبارہ ملانے میں مدد کرے۔ ان دل دہلا دینے والے مناظر میں طالب علم کو زمین پر گرا کر کم از کم چار اہلکاروں کو اسے پکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارف نے مزید کہا:"یہ بچہ ہریانوی زبان میں بول رہا تھا۔ میں اس کے لہجے سے پہچان گیا جہاں وہ کہہ رہا تھا ’میں پاگل نہیں ہوں، یہ لوگ مجھے پاگل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘واقعے کے دوران طالب علم بے ہوشی یا ذہنی الجھن کی حالت میں لگ رہا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے سی ڈی سی کی ویکسین کمیٹی کے تمام ارکان کو برطرف کردیا

صارف نے لکھا:"اس بیچارے بچے کے والدین کو شاید اندازہ بھی نہ ہو کہ اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ صارف نے انڈین سفارتخانے کو ٹیک کرتے ہوئے لکھا کہ وہ میرے ساتھ اسی فلائٹ میں سفر کرنے والا تھا، مگر وہ بورڈ ہی نہیں ہو سکا۔ کسی کو پتہ لگانا چاہئے کہ نیو جرسی حکام کے پاس اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ وہ بے ہوشی کی حالت میں تھا۔ "جب ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے واقعے کا نوٹس لیا تو گواہ نے ایک اور پوسٹ میں کہا:"یہ ہے عوام کی طاقت! ہمیں اس بچے کو بحفاظت اس کے والدین تک واپس لانا ہے، بس اتنا ہی۔ اس کے معصوم چہرے کی تصویر میرے ذہن سے نہیں نکل رہی، اور میں اُس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مجھے اس کی موجودہ حالت کا پتہ نہ چل جائے۔ ""انہوں نے اسے بے رحمی سے دونوں ہاتھوں اور پیروں سے گھسیٹ کر، ہتھکڑیاں لگا کر باندھ دیا، " گواہ نے الزام لگایا۔ 
ہندوستانی سفارت خانے نے کیا کہا؟
نیو آرک میں ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے ’’ایکس‘‘ پر پوسٹ کیا:"ہمیں سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس ملی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک ہندوستانی شہری کو نیو آرک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم اس سلسلے میں مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔ "بیان میں مزید کہا گیا:"قونصلیٹ ہندوستانی شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ پرعزم ہے۔ "
نریندر مودی ہندوستان اور ہندوستانیوں کی عزت کا تحفظ کرنے میں ناکام: جے رام رمیش کا مودی پر الزام

امریکہ کے ایک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی طالب علم کی پرتشدد گرفتاری اور مبینہ ملک بدری کے واقعے کو کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے منگل کو اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ ’’ ہندوستان اور ہندوستانیوں کی عزت کا تحفظ کرنے میں مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔ "رمیش نے ایک نیوز پورٹل کی جانب سے شیئر کی گئی گرفتاری کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ہندوستانی طالب علم روتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ وہ ذہنی طور پر بیمار نہیں ہے، اور یہ لوگ اُسے پاگل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جے رام رمیش نے مزید لکھا:"تاریخ میں پہلی بار، کسی غیر ملکی سربراہِ مملکت نے ہندوستان کی غیر موجودگی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کا اعلان کیا۔ امریکی صدر ٹرمپ بار بار دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ہندوستان پر دباؤ ڈال کر سیز فائر نافذ کرایا۔ گزشتہ ایک سال سے امریکہ میں مقیم ہندوستانی شہریوں اور طلبہ کے ساتھ بار بار بدسلوکی ہو رہی ہے لیکن وزیراعظم مودی خاموش ہیں۔ یا پھر یہ مان لیا جائے کہ وہ بولنے کی ہمت ہی نہیں جٹا پا رہے۔ "وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں اور ان کی سب سے بڑی ذمہ داری ہندوستان اور ہندوستانیوں کی عزت و وقار کا تحفظ ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی فوری طور پر صدر ٹرمپ سے بات کریں اور امریکہ میں ہندوستانیوں کے ساتھ ہو رہے مظالم کے خلاف مداخلت کی اپیل کریں۔ "

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK