ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں شہباز شریف،اسپیکر ، سینیٹرزا وردیگر شخصیات نے شرکت کی
EPAPER
Updated: August 15, 2023, 10:43 AM IST | Agency | Islamabad
ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں شہباز شریف،اسپیکر ، سینیٹرزا وردیگر شخصیات نے شرکت کی
انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھالیا، ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔ ’اے آر وائی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کاحلف لیا۔ سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کے گلے ملے اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویزاشرف، پاکستانی چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر ،سینیٹرز و دیگر شخصیات شریک ہوئیں ۔ کے پی، سندھ، پنجاب کے گورنرز، پنجاب اور کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔ انوارالحق کاکڑ نے حلف برداری کے بعد مسلح افواج کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور اس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
خیال رہے کہ انوار الحق کاکڑ پاکستان کے ۸؍ ویں نگراں وزیر اعظم ہیں ۔ وہ عام انتخابات کے نتائج ظاہر ہونے تک اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے کاکڑ کو سب سے پہلے عبوری کابینہ کی تشکیل کرنی ہوگی جو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد تک ملک کا انتظام چلائے گی۔
اس سے قبل نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کیا، انوار الحق کاکڑ کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی۔ نوٹی فکیشن کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی، انوار الحق کاکڑ۲۰۱۸ء میں آزاد حیثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
دھیان رہے کہ۲؍ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگراں وزیراعظم کیلئے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ’سمری‘ پر دستخط کر دئیے تھے۔