Inquilab Logo

فلسطینی اسکولوں کی مسماری کیخلاف یورپی یونین نے آواز اٹھائی

Updated: August 22, 2023, 12:16 PM IST | Agency | Jerusalem

مغربی کنارے کے جبل الدیب و اطراف میں  کل ۱۷؍ اسکولوں میں کچھ کو منہدم کیا جاچکا ہے اور بقیہ پر کارروائی کا خطرہ منڈلارہا ہے

Students are forced to study like this near demolished schools.Photo. INN
منہدم کئے گئے اسکولوں کے پاس طلبہ اس طرح پڑھائی کرنے پر مجبور ہیں۔ تصویر:آئی این این

فلسطینی بچوں کے تعلیم کے حق کا احترام کیا جائے اور یوروپی یونین کو ضائع ہونے والی مالی امداد کی تلافی کی جائے۔گزشتہ روز یوروپی یونین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر صہیونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکوریٹی فورسیز کے ہاتھوں مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں جب الدیب ’پرائمری اسکول‘ کو مسمار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیت کو روکے۔یوروپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں عین سامیہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک فلسطینی اسکول کی مسماری پر ’حیرت زدہ‘ہے۔ یوروپی یونین نے ا سرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی بچوں کے تعلیم کے حق کا احترام کیا جائے اور یوروپی یونین کو ضائع ہونے والی مالی امداد کی تلافی کی جائے۔
اسکولی بچوں  نےکھلے آسمان تلے پڑھائی کی 
 اسرائیلی ظالمانہ کارروائی سے متاثر ہونے والے فلسطینی اسکول کے بچوں  نے نئے تعلیمی سال کے پہلے دن کھلے آسمان تلےپڑھائی کی ۔ مڈل ایسٹ مانیٹر ڈاٹ کوم کی رپورٹ کے مطابق جب الدیب میں  اس اسکول کو مئی میں  منہدم کردیا تھا۔ اس ہفتے تعلیمی سال کی شروعات ہونے پر جب بچےاپنے اسکول لوٹے تو یہاں  ملبے کا ڈھیر پڑا ہوا تھا۔ تقریباً ۴۵؍ طلبہ اور کچھ اساتذہ نے ملبے کے پاس ہی دعا کی اور قومی ترانہ پڑھا۔ اس کے بعد یہاں  کھلے آسمان تلے ہی اساتذہ نے بچوں  کو پڑھایا۔ 
فلسطینی اتھاریٹی کے تعمیر کردہ اسکولوں کو اسرائیل سے خطرہ
 فلسطینی اتھاریٹی کے ذریعے تعمیرکردہ اسکولوں  کے خلاف اسرائیلی حکومت نے ظالمانہ کارروائی کی ہے۔ کل ۱۷؍ میں  سے کچھ اسکول منہدم کردئیے گئے ہیں  جبکہ کچھ پر کارروائی کا خطرہ منڈلارہا ہے ۔ ان اسکولوں  کو یوروپی یونین سے ملنے والے فنڈ سے تعمیر کیاگیا ہے۔ 
قابض اسرائیلی عدالت سے ۶؍ فلسطینی قیدیوں کو سزائیں 
قابض اسرائیلی فوجی عدالت نے متعدد فلسطینی قیدیوں کے خلاف فیصلے جاری کیے جن میں انتظامی حراست کے احکامات جاری کرنے، انتظامی منتقلی اور حراست میں توسیع شامل ہے۔قیدیوں کے انفارمیشن آفس نے مختصر بیانات میں کہا کہ قابض فوجی عدالت نے قیدی محمد خمایسا کو جن کا تعلق جنین سے ہے کو ۶؍ ماہ کے لیے انتظامی حراست میں منتقل کر دیا۔محمد خمایسہ جنین کے مغرب میں واقع قصبے الیامون سے تعلق رکھنے والے ایک سابق قیدی ہیں اور وہ۱۵؍سال قابض ریاست کی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں ۔ عدالت نے بیت اللحم کے جنوب میں واقع الخضر قصبے سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں قصے عمر صبیح کو ۶؍ ماہ کے لیے اور زخمی لڑکے ابی ابو ماریہ (۱۸؍سال )کو بیت امر کو پانچ ماہ کا انتظامی حراست کا حکم بھی جاری کیا۔قیدیوں کے انفارمیشن آفس کے مطابق حیفہ کی عدالت نے عکر سے کارکن حسن نداف کی نظر بندی میں اگلے اتوار تک توسیع کر دی۔عوفر ملٹری کورٹ نے رملہ سے قیدی محمد ریان کی حراست میں ۱۸؍ اکتوبر تک اور نوجوان یوسف عبدالفتاح ربیعی کی حراست میں اگلی جمعرات تک توسیع کر دی۔
ایتماربن گویر کا مشرقی القدس میں سیکورٹی کنٹرول کا نیا منصوبہ
 اسرائیلی حکومت میں قومی سلامتی کے وزیرایتماربن گویر نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں ’سیکوریٹی کنٹرول‘ کو مضبوط بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ بین گویر کے اعلان کردہ منصوبے کا بجٹ ۱۲۰؍ ملین شیکل ہے۔بین گویر کے منصوبے میں شہر میں نگرانی کے مزید نظام کی تعیناتی، قابض پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور فورس میں اضافہ، پولیس کے مراکز کی تعمیر کے منصوبوں کو مضبوط کرنا اور جبل المکبر قصبے میں ایک پولیس مرکز کا قیام شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK