ہالینڈ اور ڈنمارک کو اجازت دی گئی کہ وہ یوکرین کو یہ طیارے بھیج سکتے ہیں،یہ طیارے امریکہ میں تیار کئے جاتے ہیں، اس لئے اس کے لین دین میں اس کی اجازت ضروری ہوتی ہے
EPAPER
Updated: August 20, 2023, 11:11 AM IST | Agency | Washington
ہالینڈ اور ڈنمارک کو اجازت دی گئی کہ وہ یوکرین کو یہ طیارے بھیج سکتے ہیں،یہ طیارے امریکہ میں تیار کئے جاتے ہیں، اس لئے اس کے لین دین میں اس کی اجازت ضروری ہوتی ہے
امریکہ نے اپنے اتحادیوں ڈنمارک اور ہالینڈ کو یوکرین کو ایف۱۶؍ لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ یوکرین کو یہ طیارے کب ملیں گے جواسے روس کی فضائی برتری کا مقابلہ کرنے کیلئے طویل عرصے سے درکار ہیں ۔’ایکس‘ پر جسے پہلے ٹویٹر کہا جاتا تھا، ایک پوسٹ میں ڈچ وزیر خارجہ ووپکے ہکسٹرا نے کہا ’’ہم یوکرین کو ایف ۱۶؍لڑاکا طیارے بھیجنے کی راہ ہموار کرنے پر واشنگٹن کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘واضح رہےکہ ایف ۱۶؍کے لین دین کیلئے امریکہ کی منظوری ضروری ہے کیونکہ یہ جیٹ طیارے امریکہ میں تیار کیے جاتے ہیں۔ان اطلاعات کے باوجود فوری طور پر یہ واضح نہیں تھا کہ یوکرین جیٹ طیارے کب حاصل کرسکے گا۔یوکرین کو جیٹ طیارے حاصل کرنے سے پہلے اپنے پائلٹوں کوبڑے پیمانے پر تربیت دینی ہوگی۔ یوکرین نے اس سے قبل جمعہ کو ماسکو پر ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن روسی افواج نے بغیر پائلٹ کے اس وہیکل کو مار گرایا تھا۔ روس کی جانب سے ڈرون کو مار گرانے کے بعداس کا ملبہ ماسکو کےایک ایکسپو سینٹر (نمائش کے مرکز) پر گرا جو کریملن سے ۷؍ کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر کہا کہ ڈرون کا ملبہ ایکسپو سینٹر کے قریب گرا لیکن اس سے کوئی خاص نقصان نہیں ہوا۔
برطانوی وزارت دفاع نے یوکرین کے بارے میں اپنی روزانہ کی اَپ ڈیٹ میں کہا کہ روس نے اسکولوں کیلئے روسی تاریخ کی ایک نئی نصابی کتاب شائع کی ہے جو ستمبر میں شروع ہونے والے تعلیمی سال میں ’’یوکرین کے مقبوضہ علاقوں اور پورے روسی فیڈریشن میں‘‘ پڑھائی جائے گی۔ وزارت نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’ روس کا مقصد مقبوضہ علاقوں میں کریملن کےبارے میں مثبت معلومات عام کرنا ہے تاکہ یوکرین کی قومی شناخت کو ختم کیا جا سکے۔‘‘
یوکرین نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ اس نے ملک کے جنوب مشرقی حصے میں روس کے زیر کنٹرول علاقے میں کارروائی کر کے انہیں دوبارہ حاصل کر لیا ہے اور حالیہ آزاد کرائے گئے دیہات یوروزہائن سے آگے کی جانب پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پیش قدمی بحیرہ ازوف کی طرف جانے کی ایک کوشش ہے جو وہاں روس کی قابض افواج کو نصف میں تقسیم کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔