Updated: October 11, 2025, 10:37 AM IST
| Mumbai
میوچوئل فنڈس میں ایس آئی پی کے ذریعہ سب سے زیادہ سرمایہ ’گولڈ ای ٹی ایف‘ میں لگایاگیا، ایکویٹی میں مسلسل دوسرے ہفتے کم سرمایہ کاری۔
ستمبر۲۰۲۵ء میں میوچوئل فنڈس میں سسٹمیٹک انویسٹ منٹ پلان (ایس آئی پی ) کے ذریعے سرمایہ کاری میں۴؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ رقم اگست کے۲۸؍ہزار ۲۶۵؍ کروڑ روپے سے بڑھ کر۲۹؍ہزار ۳۶۱؍ کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ایک ماہ میں ایس آئی پی کے ذریعے سرمایہ کاری ۲۹؍ ہزار کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔یعنی عوام چھوٹے مگر باقاعدہ سرمایہ کاری کے ذریعہ میوچوئل فنڈس میں دلچسپی بڑھا رہے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اسوسی ایشن آف میوچوئل فنڈس اِن انڈیا (اے ایم ایف آئی ) کے تازہ ترین ڈیٹا سے سامنے آئے ہیں۔
اے ایم ایف آئی کے ذریعہ پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق’’انڈیکس فنڈ اور ای ٹی ایف (ایکسچینج ٹریڈ فنڈس) جیسی دیگر اسکیموں میں عوام کی دلچسپی میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ستمبر میں ان اسکیموں میں۱۹؍ہزار ۵۶؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جو اگست کے۱۱؍ہزار ۴۳۶؍کروڑ روپے سے۶۷؍فیصد زیادہ ہے۔
گولڈ ای ٹی ایف میں زیادہ سرمایہ کاری
ان میں سب سے نمایاں اضافہ گولڈ ای ٹی ایف میں دیکھا گیا ہے جن میں۸؍ ہزار ۳۶۳؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی۔ دوسری طرف ایکویٹی میوچوئل فنڈس میں سرمایہ کاری مسلسل دوسرے مہینے کم ہوئی۔
ستمبر میں ان فنڈس میں ۳۰؍ ہزار ۴۲۲؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، جو اگست کے ۳۳؍ہزار ۴۳۰؍ کروڑ روپے سے ۹؍فیصد کم ہے۔مڈ کیپ فنڈس میں سب سے زیادہ۵؍ ہزار ۸۵؍ کروڑ روپے آئے جبکہ اسمال کیپ فنڈس میں۴؍ہزار ۳۶۲؍ کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی۔سیکٹورل اور تھمیٹک فنڈس میں سب سے کم ایک ہزار ۲۲۰؍کروڑ کی سرمایہ کاری رہی۔
وہ فنڈ جن سے پیسے نکالے گئے
اس بیچ ای ایل ایس ایس فنڈ سے ۳۰۷؍ کروڑ روپے اور ڈیویڈنڈ یٖلڈ فنڈس (وہ فنڈ جن سے باقاعدہ منافع حاصل ہوتا ہے) سے ۱۶۷؍ کروڑ روپے نکالے گئے۔ ستمبر میں ڈیٹ میوچوئل فنڈس سے ۱ء۰۱؍ لاکھ کروڑ روپے نکالے گئے، جو اگست کے ۷؍ہزار ۷۹۷؍کروڑ روپے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
صرف ۴؍ سب کیٹیگری میں سرمایہ کاری
اس عرصہ میں ۱۶؍ سب کیٹیگری میں سے صرف ۴؍ کیٹیگری اوورنائٹ فنڈس، میڈیم ٹو لانگ ڈیوریشن فنڈس، لانگ ڈیوریشن فنڈس اور ڈائنامک بانڈ فنڈس میں سرمایہ ہوئی۔ ان میں سے اوورنائٹ فنڈ میں سب سے زیادہ ۴؍ ہزار ۲۷۹؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ لیکویڈ فنڈس میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، جہاں سے۶۶؍ہزار ۴۲؍کروڑ روپےنکالے گئے۔
ہائبرڈ فنڈس میں بھی کمی
ستمبر میں ہائبرڈ میوچوئل فنڈس میں سرمایہ کاری ۳۹؍ فیصد گھٹ کر۹؍ہزار ۳۹۷؍ کروڑ روپے رہ گئی، جو اگست میں۱۵؍ہزار ۲۹۳؍ کروڑ روپے تھی۔ ملٹی اسیٹ اَلوکیشن فنڈس میں سب سے زیادہ ۴؍ہزار ۹۸۲؍ کروڑ روپےآئے مگر کنزرویٹیو ہائبرڈ فنڈس اورآربٹریج فنڈس سے سرمایہ نکالا گیا۔
ایس آئی پی کیا ہے؟
ایس آئی پی یعنی سسٹمیٹک انویسٹ منٹ پلان۔ا سے اردو میں ’’منظم سرمایہ کاری کا منصوبہ‘‘بھی کہہ سکتے ہیں۔
یہ ایسا طریقہ ہے جس میں آپ ایک ساتھ بڑا سرمایہ لگانے کے بجائے تھوڑا تھوڑا پیسہ ہر مہینے کسی میوچوئل فنڈ میں لگاتے ہیں۔
جس طرح آپ ہر مہینے تھوڑے پیسے بینک میں جمع کرتے ہیںویسے ہی ایس آئی پی کے ذریعے آپ میوچوئل فنڈ میںہرمہینے کچھ سرمایہ کاری کرتے ہیں۔