Inquilab Logo Happiest Places to Work

این ایس ڈی ایل سمیت ۴؍کمپنیوں کا آئی پی او کا اعلان

Updated: July 26, 2025, 12:06 PM IST | Agency | Mumbai

سبھی کمپنیوں کے آئی پی او اگلے ہفتے جاری ہوںگے۔ سب سے بڑا آئی پی او این ایس ڈی ایل کا ہے جوکہ ۴۰۱۱؍کروڑ روپے کا ہے۔

Senior officials of the company are seen at the time of the IPO announcement. Photo: INN
آئی پی او کے اعلان کے وقت کمپنی کے سینئر عہدیداران نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

 ممبئی (ایجنسی): نیشنل سیکوریٹیز ڈپازیٹری لمیٹڈ (این ایس ڈی ایل )سمیت ۴؍کمپنیوں نے اپنے آئی پی او کا اعلان کیاہے۔ ان ۴؍ کمپنیوں کے آئی پی او کی مجموعی رقم تقریباً ۶۷۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔ ان میں سب سے زیادہ بڑی رقم این ایس ڈی ایل کی ہے جو کہ ۴۰۱۱؍کروڑ روپے ہے۔ اس کے بعد سی پی پلس کے آئی پی او کی رقم ۱۳۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔ فلمساز آنند پنڈت کی کمپنی سری لوٹس ڈیولپرس کی رقم ۷۹۲؍ کروڑ روپے ہے۔ این ایس ڈی ایل کے آئی پی او کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ کمپنی نے آئی پی او کی قیمت کا پرائس بینڈ بھی مقرر کیا ہے۔ یہ  آئی پی او ۳۰؍ جولائی سے یکم  اگست تک کھلا  رہے گا۔   ابتدائی حصص کی فروخت کا مقصد ۵۰۱۴۵۰۰۱؍ حصص کی پیشکش برائے فروخت(او ایف ایس ) کے ذریعے ۴۰۱۱؍  کروڑ روپے اکٹھا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی این ایس ڈی ایل آئی پی  او  سے متعلق تمام معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔ 
 این ایس ڈی ایل  کا پرائس بینڈ۷۶۰؍ سے ۸۰۰؍ روپے فی شیئر مقرر کیا گیا ہے۔ این ایس ڈی ایل  کا یہ فکسڈ پرائس بینڈ اس کی غیر فہرست شدہ مارکیٹ قیمت۱۰۲۵؍  روپے فی حصص سے۲۲؍ فیصد کی زبردست کمی دکھا رہا ہے۔ ایک لاٹ۱۸؍ ایکویٹی شیئرس پر مشتمل ہے۔ این ایس ڈی ایل  نے اہل ادارہ جاتی خریداروں(کیو آئی بی )کیلئے کل پیشکش کا۵۰؍ فیصد، خردہ انفرادی سرمایہ کاروں (آر آئی آئی ) کے لیے۳۵؍فیصد اور غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (این آئی آئی) کے لیے۱۵؍فیصد محفوظ کیا ہے۔
   الاٹمنٹ کی بنیاد کا فیصلہ ۴؍ اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ جن لوگوں کو الاٹمنٹ نہیں ملے گا  ان کو۵؍ اگست سے رقم واپس ملنا شروع ہو جائے گی  جبکہ اسی دن الاٹی کے ڈیمٹ اکاؤنٹس میں شیئرس جمع کر دیے جائیں گے۔ بی ایس ای پر لسٹنگ ۶؍ اگست کو ہوگی۔او ایف ایس  کے تحت اپنا حصہ بیچنے والوں میں نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا(این ایس ای) ، ایچ ڈی ایف سی بینک، اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)، یونین بینک آف انڈیا، آئی ڈی بی آئی  بینک اور مخصوص انڈرٹیکنگ آف یونٹ ٹرسٹ آف انڈیا(ایس یو یو ٹی آئی ) کے منتظم شامل ہیں۔ چونکہ  آئی پی او  خالصتاً ایک او ایف ایس ہے، اس لیے کمپنی کو عوامی پیشکش سے کوئی آمدنی نہیں ملے گی۔

فلمساز آنند پنڈت کی کمپنی لوٹس کا آئی پی او  
سری لوٹکس ڈیولپرس اینڈ ریئلیٹی لمیٹڈ کا آئی پی او ۳۰؍ جولائی کو جاری ہوگا۔  اس کمپنی میں امیتابھ بچن سے لے کر شاہ رخ خان تک کی سرمایہ کاری ہے۔یہ کمپنی فلمساز آنند پنڈت کی ہے جوکہ بالی ووڈ کا معروف نام ہے۔ ۳۰؍ جولائی کو کھل کر یہ آئی پی او  یکم اگست ۲۰۲۵ءکو بند ہو جائے گا۔ اس کا ہدف ۵ء۲۸؍ کروڑ نئے ایکویٹی شیئرس کے ذریعے۷۹۲؍ کروڑ روپے جمع  کرنا ہے۔ اس کا پرائس بینڈ۱۴۰؍ سے۱۵۰؍ روپے کے درمیان ہے۔ اس آئی پی او میں فروخت کی پیشکش شامل نہیں ہے اور اس کا لاٹ سائز ۱۰۰؍ شیئرس ہے۔ کمپنی کے آئی پی او کی الاٹمنٹ ۴؍  اگست کو مقرر کی گئی ہے۔

سی پی پلس کا ۱۳۰۰؍ کروڑ روپے کا آئی پی او 
سی سی ٹی وی کیمرے بنانے والی ہندوستانی کمپنی اس وقت دنیا کی تیسری بڑی کمپنی ہے جو اس قسم کی مصنوعات تیار کرتی ہے۔ اس کا نام آدتیہ انفو ٹیک ہے۔اس کی مصنوعات کوسی پی پلس  برانڈ کے تحت مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے۔ کمپنی آئی پی او کے ذریعے۱۳۰۰؍ کروڑ روپے اکٹھا کرنا چاہتی ہے۔ یہ آئی پی او  اگلے ہفتے منگل یعنی۲۹؍ جولائی کو کھلے گا۔ سرمایہ کار۳۱؍ جولائی تک اس میں پیسہ لگا سکتے ہیں۔ کمپنی سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق آدتیہ انفوٹیک کے شیئرس کی پرائس بینڈ۶۴۰؍ روپے سے۶۷۵؍ روپے کے درمیان طے کی گئی ہے۔ دراصل آدتیہ انفوٹیک کے آئی پی او کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 

ایم اینڈ بی انجینئرنگ نے آئی پی او کی قیمت طے کی 
ایم اینڈ بی  انجینئرنگ نے آئی پی او  کا پرائس بینڈ ۳۶۶؍ سے۳۸۵؍ کے درمیان فی ایکویٹی شیئر طے کیا ہے۔ آئی پی او ۳۰؍ جولائی کو کھلے گا اور   جمعہ یکم  اگست کو بند ہوگا۔ کمپنی کےآئی پی او  میں کم از کم۷۵؍فیصد حصص اہل ادارہ جاتی خریداروں  کے لیے محفوظ ہیں، زیادہ سے زیادہ۱۵؍ فیصد غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں  کیلئے  اور ۱۰؍ فیصد خردہ سرمایہ کاروں کے لیے ہے۔۲۰؍ملین تک کے ایکویٹی شیئرس ملازم کے حصے میں محفوظ ہیں۔ کمپنی کے آئی پی او کیلئے حصص کا الاٹمنٹ ۴؍اگست کو کیا جائے گا اور کمپنی منگل ۵؍ اگست کو ریفنڈز شروع کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK