سولہویں عمار عوامی فلم فیسٹیول کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے اور اس سال کے لئے اس کا مرکزی موضوع ہے: ’’جارح مغرب کے خلاف ایران کی ثقافتی جنگ‘‘۔
EPAPER
Updated: September 29, 2025, 8:03 PM IST | Tehran
سولہویں عمار عوامی فلم فیسٹیول کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے اور اس سال کے لئے اس کا مرکزی موضوع ہے: ’’جارح مغرب کے خلاف ایران کی ثقافتی جنگ‘‘۔
سولہویں عمار عوامی فلم فیسٹیول کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے اور اس سال کے لئے اس کا مرکزی موضوع ہے: ’’جارح مغرب کے خلاف ایران کی ثقافتی جنگ‘‘۔ اس ضمن میں سرکاری ذرائع نے موضوع کی وضاحت کرتے ہوئے یہ پس منظر پیش کیا کہ ایران صدیوں سے نوآباد کاری، معاشی پابندیاں، سنسرشپ، جنگ اور ثقافتی گھس پیٹھ کے خلاف نبرد آزما ہے جسے ’’ثقافتی تنازع‘‘ کے چشمے سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ دورِ حاضر میں دُنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح جنگ اُصول بن گئی ہے، مزاحمت کی نت نئے انداز میں تشریح کی جارہی ہے، اسلامی شناخت پر حملے ہورہے ہیں اور انقلابی تحریکات کو غیر مؤثر باور کرایا جارہا ہے۔ ’’تہران ٹائمز‘‘ کے مطابق فیسٹیول کے مرکزی دفتر (سکریٹریٹ) نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ ایسی جارحیت کے مقابلے میں کوئی بھی محاذ اتنا مؤثر اور کارگر نہیں ہوسکتا جتنا کہ فنون لطیفہ، اظہار خیال اور ذرائع ابلاغ۔
یہ بھی پڑھئے:جوہری مذاکرات ناکام،ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد
۱۶؍ویں عمار فلم فیسٹیول، جسے فارسی میں ’’شش صدہ ہمین جشنوارہ مردمی فیلم عمار‘‘ نام دیا گیا ہے، کیلئے فلمسازوں، دستاویزی فلمیں بنانے والوں، اہل قلم، ذرائع ابلاغ سے وابستہ کارکنان، سوشل میڈیا کے انفلوئنسرس، عوامی گروپس اور پُرجوش نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس تہذیبی بیانیہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا فن پیش کریں جو فیچر فلم، دستاویزی فلم، نیوز رپورٹس، انٹرنیٹ پروگرام، شارٹ کلپ وغیرہ کی شکل میں ہوسکتا ہے۔ مقابلے میں شرکت کیلئے آخری تاریخ ۶؍ نومبر مقرر کی گئی ہے اور فنکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تاریخ تک اپنی انٹری جمع کروا دیں۔
یہ بھی پڑھئے:لیہہ میں کرفیو اور انٹرنیٹ بندش سے سیاحت کو بڑا دھچکا، سیاح پھنس گئے
واضح رہے کہ گزشتہ سال اس فیسٹیول میں فلسطینی خاتون صحافی اور سماجی خدمتگار وفاء العدینی سے منسوب ایک خاص ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ اس حقیقت کو لوگوں کے ذہنوں میں تازہ کیا جائے کہ جب صحافتی کارکنان خطرناک حالات میں اپنے صحافتی فرض کی ادائیگی کیلئے پہنچتے ہیں تو اُنہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات اُن کی جان پر بن آتی ہے یا اُنہیں جام ِ شہادت نوش کرنا پڑتا ہے۔وفاء العدینی فری لانس جرنلسٹ تھیں جو ۳۰؍ ستمبر ۲۴ء کو اپنی رہائش گاہ واقع غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہوئی تھیں۔ یہ خاص ایوارڈ اُن صحافیوں اور میڈیا کارکنان کیلئے ہے جو فلسطین یا لبنان یا دُنیا کے کسی بھی حصے میں رہ کر صحافتی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ اُن کی انٹری قابل قدر پائی گئی تو وہ انعام کی مستحق قرار پائے گی۔ مرکزی موضوع کے علاوہ جن ذیلی موضوعات کا اعلان کیا گیا ہے وہ اس طرح ہیں: اندرونی شورش، بہادری اور سماجی اتحاد و یکجہتی،انصاف اور انسدادِ بدعنوانی، قومی ترقی، ثقافتی اور تعلیمی دفاع۔ گزشتہ سال کے ذیلی عنوانات اس طرح تھے: عالمی سطح پر بے یار و مددگار لوگوں کی تعداد میں اضافہ، نیا عالمی نظام، فاتح جمہوریہ، انصاف، خوابِ ایران، قومی حافظہ، معاشی جنگ اور ثقافتی جنگ۔ جو فنکار اس فیسٹیول میں شرکت کے خواہشمند ہیں اُنہیں یکم نومبر تک رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ عمار فلم فیسٹیول ۲۰۱۰ء میں قائم کیا گیا جس میں ’’عمار‘‘ کی مناسبت صحابی ٔ رسولؐ عمار یاسر سے ہے۔