• Tue, 30 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیہہ میں کرفیو اور انٹرنیٹ بند، سیاحت کو بڑا دھچکا، سیاح پھنس گئے

Updated: September 29, 2025, 8:20 PM IST | Ladakh

۲۴؍ ستمبر کو لیہہ میں غیر معینہ مدت کے کرفیو اور انٹرنیٹ معطلی نے سیاحت کی صنعت کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ سیاح بکنگ منسوخ کررہے ہیں جبکہ سیکڑوں اپنے ہوٹلوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

۲۴؍ ستمبر کو لیہہ اپیکس باڈی کی ایک شاخ کے مطالبہ پر ریاست کا درجہ دینے اور چھٹے شیڈول کی لداخ تک توسیع کے مطالبے کے ساتھ بند کے دوران مظاہرے پرتشدد ہو گئے۔ جھڑپوں نے شدت اختیار کی، جس میں چار ہلاکتیں اور ۱۵۰؍ سے زائد زخمی ہوئے۔ حالات کے پیش نظر شہر میں غیر معینہ مدت کے کرفیو کے ساتھ انٹرنیٹ اور موبائل سروسیز بھی بند کر دی گئیں، جس سے سیاحت اور مقامی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ علاقے کی ایک معروف ہوٹل منیجر نصیب سنگھ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر ایڈوانس بکنگ منسوخ ہو رہی ہے، اور قصبے میں سامان کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔اس ضمن میں ٹرانسپورٹر رگزن دورجے نے کہا کہ ’’۲۲؍ اپریل کو پہلگام حملے کے بعد سیاحت پہلے ہی کمزور تھی، لیکن حالیہ بدامنی نے اسے مزید مفلوج کر دیا۔‘‘ ایک مقامی ہوٹل مالک ایکونگ ڈورجے نے بتایا کہ سیاحت پر انحصار کرنے والے ہزاروں خاندان غیر یقینی حالات کی وجہ سے آمدنی سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:نیویارک شہر الیکشن: موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے انتخابی دوڑ سے نکلنے کا اعلان کیا

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق تائیوان سے آنے والی سیاح شینا نے بتایا کہ وہ کرنسی تبدیل کرنے اور کھانے کی اشیاء خریدنے سے بھی قاصر رہیں اور پینگونگ جھیل جانے کا اجازت نامہ نہیں مل سکا۔ دہلی سے آنے والی ایک سیاح نے کہا کہ بازاروں کی بندش اور انٹرنیٹ خدمات کی معطلی نے سفر کو ناممکن بنا دیا ہے۔ایک اور سیاح نے بتایا کہ وہ لداخ کے پہاڑوں اور خانقاہوں کو دیکھنے آئے تھے، لیکن اب ہوٹل کے کمروں تک محدود ہو گئے ہیں۔ لیہہ میں بدامنی کے بعد سیاحتی شعبہ ایک بڑے بحران سے دوچار ہے۔ اسٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے واقعات اور کارکن سونم وانگچک کی گرفتاری کے بعد مزید سیاحوں نے اپنے دورے منسوخ کر دیئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK