• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایران کا اسرائیل پر حملہ، ۱۸۰؍ میزائل داغے، اسرائیل کا جوابی حملے کا اعلان

Updated: October 02, 2024, 4:16 PM IST | Tel Aviv

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے بیشتر ایرانی میزائلوں کو روک دیا۔ میزائل حملے کی وجہ سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ہندوستان نے دونوں ہی ملکوں میں اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی۔ اسرائیل کا حملے کا جواب دینے کا اعلان۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ایران نے منگل کو اسرائیل پر زائد از ۱۸۰؍ میزائل کے ساتھ حملہ کیا ہے جس کے بعد مغربی ایشیاء میں مکمل جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تہران کی فارس نیوز ایجنسی کے حوالے سے الجزیرہ نے بتایا کہ سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (اسلامک ریولیوشنری گارڈز کوپس) نے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ، اپنے کمانڈر عباس نیلفروشان اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے جواب میں یہ حملہ کیاہے۔ اسلامی انقلابی گارڈز نے بتایا کہ حملہ کے ذریعے تل ابیب میں واقع ۳ ؍فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیروت میں اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

واضح رہے کہ لبنان میں سرگرم مسلح گروہ حزب اللہ، حماس کا اتحادی ہے۔ دونوں تنظیموں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیل نے لبنان میں متعدد حملے کئے جن میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جمعہ کے روز بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے میں نصراللہ اور نیلفروشان مارے گئے جبکہ اسماعیل ہانیہ کو جولائی میں تہران میں قتل کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کو کہا کہ اگر اسرائیل جوابی کارروائی کرے گا تو ہم مزید طاقت کے ساتھ سخت ردعمل دیں گے۔ 
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو اطلاع دی کہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے کئی ایرانی میزائلوں کو روک دیا۔ چند میزائل وسطی اور جنوبی اسرائیل میں گرے۔ حملوں کی وجہ سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ 
منگل کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ اسرائیل، ایران کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔ آج رات ایران نے ایک بڑی غلطی کی ہے اور وہ اس کی قیمت چکائے گا۔
ایرانی حملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی انتظامیہ اسرائیل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایران کے حملہ کو’’غیر موثر‘‘قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی نظام نے امریکہ کی مدد سے ایرانی حملہ کو ناکام بنا دیا۔

بیروت، لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد ایک عمارت کی حالت۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیل میں ہندوستانی شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری
اسرائیل میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے اسرائیل میں موجود ہندوستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکنا رہیں اور ملک کے اندرون غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ہندوستان نے شہریوں سے سفارت خانے میں رجسٹریشن کروانے اور مقامی حکام کے مشورے کے مطابق حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے کی درخواست کی۔ ایڈوائزری نے مزید کہا گیا کہ سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھ رہا ہے اور اپنے تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اسرائیلی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK