شام کے دھندلکے آہستہ آہستہ رات کی تاریکی میں ڈھل رہے تھے۔ کھڑکی کے قریب بیٹھی مریم کے ہاتھ میں چائے کا کپ تھا مگر اس کی توجہ چائے کی طرف نہیں، موبائل فون کی اسکرین پر تھی۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 12:28 PM IST | Yasmeen Anjum Shaikh | Mumbai
شام کے دھندلکے آہستہ آہستہ رات کی تاریکی میں ڈھل رہے تھے۔ کھڑکی کے قریب بیٹھی مریم کے ہاتھ میں چائے کا کپ تھا مگر اس کی توجہ چائے کی طرف نہیں، موبائل فون کی اسکرین پر تھی۔
شام کے دھندلکے آہستہ آہستہ رات کی تاریکی میں ڈھل رہے تھے۔ کھڑکی کے قریب بیٹھی مریم کے ہاتھ میں چائے کا کپ تھا مگر اس کی توجہ چائے کی طرف نہیں، موبائل فون کی اسکرین پر تھی۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر نمودار ہوئی۔ تصویر میں وہی لوگ مسکراتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے جن کے رویوں نے کبھی مریم کے دل کو گہرا دکھ پہنچایا تھا۔ وہ اپنی زندگی میں خوش و خرم نظر آ رہے تھے، جیسے انہیں کبھی کسی کے احساسات مجروح کرنے کا احساس ہی نہ ہوا ہو۔
مریم کے دل میں پرانی کسک پھر سے جاگ اُٹھی۔ اس نے موبائل ایک طرف رکھا اور بے اختیار بولی، ’’عجیب بات ہے....! دوسروں کو دکھ دے کر بھی لوگ کتنے سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔ نہ کوئی ندامت، نہ کوئی احساس! آخر انصاف کب ہوگا؟‘‘
اس کی آنکھوں میں نمی اتر آئی۔
اسے وہ دن یاد آنے لگے جب اس نے چند رشتوں کو بچانے کے لئے اپنی اَنا تک قربان کر دی تھی۔ کتنی بار خاموش رہی، کتنی بار اپنی صفائی دینے کے بجائے خاموشی اختیار کی، اور کتنی ہی مرتبہ دل دکھنے کے باوجود تعلقات نبھانے کی کوشش کی، مگر جواب میں اسے غلط فہمیوں، الزام تراشیوں اور بے اعتنائی کے سوا کچھ نہ ملا۔
ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب اس نے اپنے رب کے حضور ہاتھ اٹھا کر کہا تھا:
’’یا اللہ! اب مَیں اپنا معاملہ تیرے سپرد کرتی ہوں۔ تو میرے دل کا حال بھی جانتا ہے اور میرے ساتھ ہونے والی ہر بات سے بھی واقف ہے۔ مجھے کسی سے بدلہ نہیں چاہئے، بس میرے دل کو سکون عطا فرما۔‘‘
مگر آج دوسروں کی خوش حالی دیکھ کر اس کے دل میں پھر وہی سوال اُٹھنے لگا تھا کہ جن لوگوں نے اسے دکھ دیا، ان کی زندگی میں تو بظاہر کوئی فرق ہی نہیں آیا!
اسی دوران اس کی والدہ، زینب بیگم، کمرے میں داخل ہوئیں۔ انہوں نے مریم کے چہرے پر پھیلی اداسی دیکھی تو محبّت سے اس کے قریب بیٹھ گئیں، ’’کیا بات ہے بیٹا....! آج پھر کس سوچ میں گم ہو؟‘‘
مریم نے موبائل ان کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا، ’’امی! دیکھئے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے میرے ساتھ کتنا بُرا کیا تھا۔ آج بھی ان کی زندگی میں خوشیاں ہیں، سب کچھ اچھا چل رہا ہے۔ کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ شاید خاموش رہ کر اور معاملہ اللہ پر چھوڑ کر میں نے ہی غلطی کی۔‘‘
زینب بیگم نے تحمل سے اس کی بات سنی، پھر اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے بولیں، ’’بیٹا! تم نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد تو کر دیا، مگر اپنے دل کو ابھی تک اسی معاملے میں الجھا رکھا ہے۔ زبان سے تو کہہ دیا کہ اب سب اللہ پر چھوڑ دیا، لیکن نگاہیں اب بھی اسی انتظار میں ہیں کہ سامنے والے کے ساتھ کیا ہوا۔ ذرا سوچو، کیا تمہارا سکون اس بات سے وابستہ رہنا چاہئے کہ دوسرے کو کب کوئی تکلیف پہنچے گی؟‘‘
یہ بھی پڑھئے: افسانہ: اپنی روشنی کی وارث
مریم خاموشی سے ماں کی طرف دیکھنے لگی۔
زینب بیگم نے بات جاری رکھی، ’’ہم انسان بھی کتنے عجیب ہیں! جب کوئی ہمارے ساتھ زیادتی کرتا ہے تو ہم اس کے انجام پر نظر جما لیتے ہیں۔ دن گزرتے ہیں، مہینے گزر جاتے ہیں، مگر ہماری نگاہ اسی سوال پر ٹھہری رہتی ہے کہ اسے اس کے کئے کا بدلہ کب ملے گا؟ اس دوران ہم یہ دیکھنا بھول جاتے ہیں کہ ہمارا رب ہمیں کتنی نعمتوں سے نواز رہا ہے۔ کبھی گھر کا سکون، کبھی اولاد کی خوشیاں، کبھی کسی مشکل سے نجات، کبھی کسی مخلص انسان کا ساتھ، کبھی بیماری سے شفا اور کبھی ایسی جگہ سے آسانی جہاں سے ہمیں کوئی امید بھی نہیں ہوتی۔ بیٹا! کسی کے ظاہری حالات دیکھ کر اس کے باطن یا انجام کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ ہر انسان کا معاملہ اللہ کے علم و عدل کے سپرد ہے۔ وہی بہتر جانتا ہے کہ کس کے لئے کیا فیصلہ مناسب ہے۔ تم اپنے دل کو دوسروں کے انجام کی نگرانی میں کیوں الجھا رہی ہو؟ تمہارا کام اپنا کردار سنوارنا، اپنی جائز حدود کی حفاظت کرنا اور اپنے رب پر بھروسہ رکھنا ہے۔‘‘
مریم کی نگاہیں جھک گئیں۔ ماں کی باتوں نے اسے اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کر دیا تھا۔
زینب بیگم نے نرمی سے کہا، ’’ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا، بیٹا! کبھی کبھی جن چیزوں کو ہم اپنی زندگی کا نقصان سمجھتے ہیں، وقت گزرنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ اللہ نے ان کے بعد ہمارے لئے کتنی نئی آسانیاں پیدا فرمائیں۔ کبھی کوئی رشتہ ختم ہو جاتا ہے تو انسان کو اپنی زندگی میں سکون کی اہمیت سمجھ آتی ہے، کبھی ایک راستہ بند ہوتا ہے تو کسی دوسرے راستے پر چلنے کا موقع ملتا ہے، اور کبھی کسی کی بے اعتنائی ہمیں اپنے رب سے تعلق مضبوط کرنے کی طرف متوجہ کر دیتی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان ہر تکلیف کو نظرانداز کرے یا اپنے حق کے لئے آواز نہ اٹھائے۔ اللہ پر معاملہ چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی جائز کوشش کرے، اپنے حقوق کی حفاظت کرے، مگر دل کو بدلے اور انتقام کی فکر میں قید نہ رکھے۔ یاد رکھو! دوسروں کے انجام کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں، لیکن اپنے دل کو نفرت سے بچانا ہماری ذمہ داری ضرور ہے۔‘‘
مریم کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ اس نے دھیمی آواز میں کہا، ’’امی! شاید میں دوسروں کے حصے کی خوشیاں اور ان کے حالات دیکھتے دیکھتے اپنے حصے کی نعمتیں بھول گئی تھی۔ میں یہ کیوں نہیں دیکھتی کہ اللہ نے مجھے کتنا کچھ عطا کیا ہے؟‘‘
زینب بیگم نے محبت سے اپنی بیٹی کا ہاتھ تھام لیا، ’’بس بیٹا! یہی تو سمجھنے کی بات ہے۔ ہر وقت یہ نہ دیکھو کہ تمہارے ساتھ کیا ہوا، کبھی یہ بھی دیکھو کہ ان حالات کے بعد اللہ نے تمہیں کیسے سنبھالا۔ جس رب نے تمہیں مشکل وقت میں حوصلہ دیا، تمہارے لئے آسانیاں پیدا کیں، اپنوں کی محبت عطا کی اور تمہیں زندگی کے نئے راستے دکھائے، اس کی رحمتوں کو بھی تو پہچانو۔ اپنی نگاہ لوگوں کے رویوں سے ہٹا کر اپنے رب کی عطاؤں پر رکھو۔ دل میں شکر کا احساس پیدا ہوگا تو ماضی کی تلخیاں تمہارے حال پر پہلے کی طرح حاوی نہیں رہیں گی۔‘‘
اس رات مریم دیر تک اپنے کمرے میں بیٹھی رہی۔ وہ اپنی زندگی کے ان لمحوں کو یاد کرنے لگی جب بظاہر کسی نقصان کے بعد اللہ تعالیٰ نے اس کے لئے نئی آسانیاں پیدا کی تھیں۔
وہ رشتے جن کے ٹوٹنے پر وہ مہینوں اداس رہی تھی، ان کے بعد زندگی میں اسے کئی مخلص لوگ ملے تھے۔ جن راستوں کے بند ہونے پر وہ پریشان ہوئی تھی، انہی کے بعد اس کے لئے نئے امکانات پیدا ہوئے تھے۔ جن محرومیوں کو وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا نقصان سمجھتی تھی، وقت نے انہیں نئی نعمتوں کی پہچان کا ذریعہ بنا دیا تھا۔
اسے احساس ہوا کہ وہ دوسروں کے حالات کا حساب لگاتے لگاتے اپنے رب کی عطاؤں کو دیکھنا ہی بھول گئی تھی۔
اس نے وضو کیا، جائے نماز بچھائی اور اپنے رب کے حضور ہاتھ اٹھا دیئے۔
’’یا اللہ! مَیں نے اپنا معاملہ تیرے سپرد کیا تھا، مگر میرا دل اب بھی لوگوں کے رویوں اور ان کے انجام میں الجھا ہوا تھا۔ مجھے اس الجھن سے نجات عطا فرما۔ میرے دل کو صبر، شکر اور سکون کی دولت عطا فرما۔ مجھے دوسروں کے لئے بددعا کرنے کے بجائے اپنے لئے ہدایت اور اصلاح مانگنے والا بنا دے۔ میرے حق میں جو بہتر ہے، اسے میرے نصیب میں فرما اور جو میرے لئے بہتر نہیں، اس سے میرے دل کو بھی پھیر دے۔‘‘
دعا کے بعد اس نے اپنے دل میں ایک عجیب سا اطمینان محسوس کیا۔ مسائل شاید اپنی جگہ موجود تھے، مگر انہیں دیکھنے کا اس کا زاویۂ نظر بدلنے لگا تھا۔
اگلی صبح جب اس نے کھڑکی کے پردے ہٹائے تو سورج کی نرم کرنیں کمرے میں اتر رہی تھیں۔ باغیچے میں کھلے پھول شبنم کے قطروں سے چمک رہے تھے۔
مریم نے گہری سانس لی۔ آج اس کے دل میں ایک نیا عزم تھا۔
یہ بھی پڑھئے: افسانہ: ڈھلتی شام
اب وہ اپنی خوشیوں کو دوسروں کے حالات سے نہیں ناپے گی۔ نہ کسی کے انجام کی منتظر رہے گی اور نہ اپنے ماضی کے زخموں کو اپنے حال پر حاوی ہونے دے گی۔
وہ سمجھ چکی تھی کہ اللہ عز و جلال پر معاملہ چھوڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنی تکلیف بھولنے پر خود کو مجبور کرے، بلکہ یہ ہے کہ وہ اپنی تکلیف کے باوجود زندگی کو شکر، وقار اور امید کے ساتھ آگے بڑھائے۔
مریم نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔ لبوں پر ایک مدھم سی مسکراہٹ آئی اور دل نے خاموشی سے کہا، ’’یا اللہ! اب میں نے اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا ہے۔ لوگوں کے فیصلوں کی فکر چھوڑ کر، تیری عطاؤں پر شکر کرتے ہوئے جینا چاہتی ہوں۔‘‘