• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین کو ڈونباس چھوڑنے کے عوض نیٹو میں شمولیت کی تجویز

Updated: November 16, 2026, 12:48 PM IST | Kyiv

صدرولادیمیر زیلنسکی نے امریکہ کی جانب سے یہ تجویز دئیے جانے کا دعویٰ کیا ہے لیکن امریکہ نے تصدیق نہیں کی ہے۔

Ukrainian President Volodymyr Zelenskyy. Photo: INN
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی۔ تصویر: آئی این این

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکی مذاکرات کاروں نے ڈونباس کے مشرقی علاقے میں یوکرین کی باقی ماندہ فوج کے انخلاء کے بدلے نیٹو کی رکنیت دینے کی تجویز پیش کی ہے ۔ تاہم امریکہ نے زیلنسکی کے اس بیان کی تصدیق نہیں کی ہے۔ امریکی حکام میں سے ایک نے بی بی سی کو بتایا کہ کئی تجاویز پر اب بھی بات چیت جاری ہے لیکن کسی بھی حتمی معاہدے کیلئے دونوں فریقوں کی رضامندی ضروری ہوگی۔ زیلنسکی کا یہ بیان امریکی نمائندوں کی روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر سے ملاقاتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ ملاقاتیں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کی امریکی کوششوں کا حصہ تھیں ۔کیف طویل عرصے سے فوجی اتحاد نیٹو کی رکنیت کا خواہاں رہا ہے، تاہم امریکہ اور بعض دیگر ممالک ماضی میں اس کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ اس کی سرحد پر نیٹو کے ایک اور رکن ملک کی موجودگی ناقابل قبول ہے۔روس نے فروری۲۰۲۲ء   میں یوکرین پر مکمل حملہ شروع کیا تھا۔ وہ ڈونباس کے بیشتر صنعتی علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے جبکہ زیلنسکی مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ یوکرین اپنی خودمختار سرزمین سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں ہے۔زیلنسکی نے سنیچر کو اپنے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ امریکیوں نے ایک سوال اٹھایا ہے کہ اگر یوکرین نیٹو میں شامل ہوجائے تو کیا وہ ڈونباس سے اپنی فوجیں واپس بلا لے گا؟ یہ پہلا موقع تھا جب یہ معاملہ اٹھایا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں کوئی واضح تجویز موصول ہوتی ہے جس میں سیکوریٹی ضمانتیں، یوکرین کی فوج پر کسی قسم کی پابندی نہ لگانے اور ملک کی تعمیر نو کیلئے مالی وسائل کی فراہمی شامل ہو تو وہ اسے ریفرنڈم کے لیے پیش کریں گے۔امریکی نمائندے جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف جمعرات کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے مذاکرات کے بعد یوکرینی صدر سے ملاقات کے لیے آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنچے تھے۔واضح رہےکہ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روس اوریوکرین میںجلد جنگ بندی ہوجائیگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK