احتجاج پر قابو پانے کےلئے حکومت کے کئی اقدامات ، افواہیں پھیلنے سے روکنے کیلئے پورے ملک میں انٹر نیٹ ہنوز بند،امریکی صدر ٹرمپ کو سخت وارننگ
EPAPER
Updated: January 11, 2026, 6:02 PM IST | Tehran
احتجاج پر قابو پانے کےلئے حکومت کے کئی اقدامات ، افواہیں پھیلنے سے روکنے کیلئے پورے ملک میں انٹر نیٹ ہنوز بند،امریکی صدر ٹرمپ کو سخت وارننگ
ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری پرامن احتجاج کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہائی جیک کرنے کی کوششوںپر ایرانی حکومت نے سخت وارننگ جاری کی ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو پرامن احتجاج کررہے ہیں وہ بہت تھوڑی تعداد ہے لیکن ان کے ساتھ فسادی ٹولہ بھی شامل ہو گیا ہے۔ ہم ایسے لوگوں کی شناخت کررہے ہیں اور انہیں قرار واقعی سزا دیںگے ۔ ایرانی حکام نے مظاہرین سے تحمل برتنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی تمام پریشانیاں دور کی جائیں گی لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب وہ بات چیت کے ٹیبل پر آئیں۔ اس سلسلے میں ایرانی کی آئینی کونسل کے ترجمان ہادی طحان نظیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ پُرتشدد ہنگاموں میں متعدد ایرانی اہلکاروں اور عام شہریوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہنگامے ابتدا میں معاشی مسائل کے خلاف پُرامن احتجاج کے طور پر شروع ہوئے تھے لیکن اب انہیں امریکہ نے ہائی جیک کرلیا ہے اس لئے ہماری سخت وارننگ ہے کہ کسی بیرونی طاقت کو ایرانی عوام کے جذبات سے کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: واجبات ادا نہ کرنے پر امریکہ جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے حق سے محروم ہو سکتا ہے: یو این
تخریبی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے طحان نظیف نے ان حالات کے پیچھے ’’خفیہ طاقتوں‘‘ کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ان عناصر کے ہاتھ پہلے ہی جون ۲۰۲۵ء میں مسلط کی گئی ۱۲؍روزہ جنگ کے دوران ایک ہزار سے زائد ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی مداخلت نے عوام کے روزگار سے متعلق مطالبات پر مبنی پُرامن احتجاج کو فساد اور بدامنی میں تبدیل کر دیا لیکن ہم حالات پر قابو پانے کے لئے پر عزم ہیں۔ ہمیں عوام کے مطالبات معلوم ہیں اور ہم انہیں پورا کریں گے ۔
یاد رہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای بھی جمعہ کو امریکہ کو وارننگ جاری کرچکے ہیں۔ سنیچر کو پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج دونوں نے علاحدہ بیانات میں واضح کردیا کہ وہ موجودہ حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ہیں اور تخریب کاروں سے ان کا ہر ممکن دفاع کریں گے ۔
یہ بھی پڑھئے: ایکس پر ایرانی پرچم کے ایموجی میں تبدیلی، سیاسی اور سماجی تنازع پر نئی بحث
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، جو لاکھوں عظیم قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہوئی ہے، نہ تو تخریب کاروں کے سامنے جھکے گی اور نہ ہی بیرونی طاقتوں کے لیے کرائے کے ٹٹوئوں کو برداشت کرے گی۔جو شخص بیرونی طاقتوں کا آلہ کار بن جاتا ہے، اسے ایرانی قوم اور نظام دونوں مسترد کر دیتے ہیں۔ اسی لئے ایرانی نوجوانوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ ہوشیاری سے کام لیں اور قومی اتحاد برقرار رکھیں۔ دریں اثناء ایران کے متعدد شہروں میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے بعد جاری کئےگئے ایک بیان میں ایرانی فوج نے خبردار کیا کہ جارح اور شیطانی امریکی حکومت ایرانی عوام پر اپنی بالادستی دوبارہ قائم کرنے کے لئے سازشیں کر رہی ہے۔ امریکہ، مجرمانہ صیہونی حکومت اور دہشت گرد گروہوں نے یہ پوری سازش رچی ہے لیکن ہم اسے ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ واضح رہے کہ افواہیں پھیلنے سے روکنے کے لئے ایران میں اب بھی انٹر نیٹ بند ہے