Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورینیم افزودگی پرپابندی کے اعلان کو ایران نے مسترد کیا،مذاکرات سے بھی انکار

Updated: May 21, 2025, 12:20 PM IST | Agency | Tehran

ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ایران کو کسی کی اجازت کا انتظار نہیں۔

Khamenei addressed a program held in memory of martyred President Raisi. Photo: INN
خامنہ ای نے شہید صدررئیسی کی یاد میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔ تصویر: آئی این این

 ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ کی جانب سے ایران کی یورینیم کی افزودگی پر پابندی کے اعلان کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ یہ کہنا کہ ہم ایران کو افزودگی کی اجازت نہیں دیں گے، یہ اوقات سے بڑھ کر بات کرنا ہے۔ ایران کو کسی کی اجازت کا انتظار نہیں۔ ہماری اپنی پالیسیاں اور اپنا طریقہ کار ہے اور اپنے فیصلوں کی خود پیروی کرتے ہیں۔ 
 رہبر انقلاب نے اپنے خطاب میں حالیہ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے امریکی فریق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے فریق مخالف کو ایک بات کا تذکر دینا چاہتا ہوں کہ ایران کے خلاف ہرزہ سرائی سے پرہیز کرے۔ رہبر انقلاب نے مزید کہا کہ میں ایک مناسب موقع پر ایرانی قوم کو یہ بھی بتاؤں گا کہ مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ کیوں اس قدر اصرار کرتے ہیں کہ ایران افزودگی نہ کرے؟ وہ افزودگی کے مسئلے پر کیوں اتنے حساس ہیں ؟ ان کے اس اصرار کے پیچھے اصل نیت کیا ہے؟ ان شاء اللہ میں یہ باتیں کسی اور موقع پر قوم کے سامنے رکھوں گا تاکہ سب جان لیں کہ معاملہ کیا ہے۔ 
 مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سابق صدر شہید رئیسی اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والوں کی پہلی برسی کے موقع پرآیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ خامنہ‌ای نے شہید صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھ ہوائی حادثے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی اصول پسندی اور استقامت کو سراہا۔ رہبر انقلاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ رئیسی کے دور میں بھی موجودہ دور کی طرح، بالواسطہ مذاکرات ہوئے لیکن وہ بے نتیجہ رہے۔ آج بھی ہمیں کوئی نتیجہ نکلنے کی توقع نہیں ہے اور ہم نہیں جانتے آگے کیا ہوگا۔ 
  اسی موقع پر وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے زور دیکر کہا ہے کہ افزودگی کا موضوع ایسا معاملہ ہے جس پر گفتگو کو کوئی امکان تک نہیں ہے۔ حسینیہ امام خمینی میں آيت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی برسی کے پروگرام کے موقع پر صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سید عباس عراقچی نے کہا کہ اب واضح طور پر امریکیوں کے غیرمعقول اور غیرمنطقی موقف کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان باتوں پر ایران نے واضح ردعمل ظاہر کردیا ہے اور وہ یہ ہے کہ یورینیم کی افزودگی پر مذاکرات کا سوال نہیں اٹھتا۔ وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ میں نے واضح موقف اپنایا اور آج رہبر انقلاب اسلامی نے بھی فیصلہ سنا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK