• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران نے امریکی ہتھیاروں کے دعوؤں کو مسترد کر دیا، عراق پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کا حوالہ دیا

Updated: November 20, 2026, 10:02 PM IST | Tehran/Washington

سی این این نے ۷ نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے یہ بھی رپورٹ کیا کہ امریکی انٹیلی جنس نے واشنگٹن میں ”ڈرٹی بم“ کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو نشانہ بنانے کے ایرانی منصوبوں کا سراغ لگایا ہے۔ ذرائع نے اسے کسی فوری حملے کی علامت کے بجائے ایران کو متبادل راستے فراہم کرنے کی کوشش قرار دیا۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا کہ الزامات بدلتے رہتے ہیں، لیکن وہی دھوکہ دہی پر مبنی اسکرپٹ برقرار رہتا ہے۔

Picture: X
تصویر: ایکس

ایران نے جمعرات کو امریکہ کے الزامات کو مسترد کر دیا کہ وہ حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔ اس نے ۲۰۰۳ء کی عراق جنگ سے قبل واشنگٹن کے ان جھوٹے دعوؤں کی طرف اشارہ کیا کہ بغداد کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار موجود ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر یہ بیان دیا۔

بقائی نے سوال کیا کہ کیا واشنگٹن دنیا سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ اس وقت کے وزیر خارجہ کولن پاول کی فروری ۲۰۰۳ء میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دی گئی پریزنٹیشن کو بھول جائے گی۔ ان دعوؤں کو عراق جنگ کا جواز پیش کرنے کیلئے استعمال کیا گیا تھا، جو ایک ماہ بعد شروع ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سے ایک بار پھر ”اجتماعی نسیان“ کا شکار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، بالکل `فائنڈنگ نیمو‘ (Finding Nemo) کی بھلکڑ مچھلی ڈوری کی طرح۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے نتائج عراقیوں، وسیع تر خطے اور امریکی معاشرے کیلئے تباہ کن تھے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا دنیا نے ۲۰۰۳ کے واقعات سے سبق سیکھا ہے یا عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: جوہری تنصیبات پر بمباری کے بعد ایران سے ان تک رسائی کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا

امریکی دعوے

یہ بیانات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بدھ کے روز فاکس نیوز کو دیئے گئے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایسے آثار موجود ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیاروں پر کام کر رہا ہے۔ سی این این نے ۷ نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے یہ بھی رپورٹ کیا کہ امریکی انٹیلی جنس نے واشنگٹن میں ”ڈرٹی بم“ (تابکاری بم) کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو نشانہ بنانے کے ایرانی منصوبوں کا سراغ لگایا ہے۔ ذرائع نے اسے کسی فوری حملے کی علامت کے بجائے ایران کو متبادل راستے فراہم کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کسی بھی خطرے کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا کہ الزامات بدلتے رہتے ہیں، لیکن وہی دھوکہ دہی پر مبنی اسکرپٹ برقرار رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ٹرمپ اسرائیلی دباؤ کے سبب ایران کے خلاف نئے حملوں پر غور کر رہے ہیں‘‘

عراقچی کا اسرائیلی سفیر پر طنز

عراقچی نے واشنگٹن میں تعینات اسرائیلی سفیر یحییٰ لائٹر (Yechiel Leiter) کا بھی مذاق اڑایا، جنہوں نے نیوز میکس کو بتایا تھا کہ ایران کو شکست ہونے کے بعد امریکی فوجی وطن واپس لوٹ جائیں گے۔ عراقچی نے کہا کہ ”ہمیں معلوم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے کمانڈر ان چیف ہیں۔“

واشنگٹن میں جنگ کے اخراجات اور سیاست

پنٹاگون کے ایک عہدیدار نے قانون سازوں کو بتایا کہ فروری کے آخر سے اب تک اس جنگ پر تقریباً ۴۸.۳ ارب ڈالر لاگت آ چکی ہے۔ امریکی بحریہ کے مالیاتی انتظام کے اسسٹنٹ سیکریٹری کیلئے نامزد آرتھر ملر نے سینیٹ میں اپنی سماعت کے دوران یہ اعداد و شمار پیش کئے۔ اس میں گولہ بارود، آلات کی تبدیلی اور آپریشنل اخراجات شامل ہیں۔ امریکی سینیٹ نے جنگی اختیارات کی اس قرارداد کو مسترد کر دیا جس کے تحت ٹرمپ کو ایران کے ساتھ دشمنی سے افواج واپس بلانے کی ہدایت کی جانی تھی۔ قرارداد کے خلاف ۵۱ اور حق میں ۴۸ ووٹ پڑے۔ ریپبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، لیزا مرکوسکی اور رینڈ پال نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی ٹیکس دہندگان ٹرمپ حکام کے خلاف ثبوت آئی سی سی لے جا رہے ہیں

ٹرمپ نے رائٹرز کو بتایا کہ وہ نئے حملوں کا فیصلہ اگلے سال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”میں سال کے آغاز کے بعد اس بارے میں آپ سے بات کروں گا۔“ اس بیان سے وہ ٹائم لائن مزید آگے بڑھ گئی ہے جسے انہوں نے پہلے وسط مدتی انتخابات سے جوڑا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK