• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کے اعتراف نے امریکی کردار کو بے نقاب کردیا، ایران کا بیان

Updated: November 12, 2025, 10:20 AM IST | Agency | Tehran

تہران کےمطابق پہلے امریکی وزیر خارجہ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران پراسرائیلی جارحیت میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں اور یہ مکمل طور پر اسرائیلی حکومت کا یکطرفہ اقدام ہے

Ismail Baqai. Photo: INN
اسماعیل بقائی. تصویر: آئی این این
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میکسیکو میں اسرائیلی سفیر کے قتل کی کوشش پر مبنی امریکی اور اسرائیلی الزام کو مسترد کرتے ہوئے اُسے بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران میں ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی حکومت کی متعدد سازشوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں اپنی شمولیت کے حوالے سے ٹرمپ کے مجرمانہ اعتراف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے امریکی وزیر خارجہ نے صاف طور پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران پراسرائیلی جارحیت میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں اور یہ مکمل طور پر اسرائیلی حکومت کا یکطرفہ اقدام رہا ہے مگر اب امریکی صدر کے اعتراف نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ان کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے جارحیت کے فورا بعد ہی امریکی اور اسرائیلی جرائم کو دستاویزی شکل دینا شروع کر دیا تھا اور اب ہم ٹرمپ کے اعتراف کو بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں درج کراچکے ہیں۔ ابراہم معاہدےکے تحت اسرائیلی حکومت سے تعلقات کی بحالی کی مہم میں قزاخستان کی شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ہمارا یہ ماننا ہے کہ وہ حکومت جو غزہ میں مسلسل نسل کشی کا ارتکاب کرتی رہی ہو، جس نے علاقائی ممالک پر جارحیت کی ہو، ایسی حکومت اس قابل نہیں کہ اُس کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلقات استوار کئے جائیں، کیونکہ اس سے وہ مزید گستاخ ہو جائے گی۔ 
ایران پرسے پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان پر اُن کا کہنا تھا کہ پابندیاں اگر ہٹتی ہیں، وہ ایران پر امریکہ کا کوئی احسان نہیں ہوگا، کیونکہ وہ روز اول ہی سے غیر قانونی اور غیر منصفانہ تھیں۔ وہ انسانیت کیخلاف جرائم کی واضح مصداق ہیں اور ظاہر ہے کہ ایران نے بھی ہمیشہ پابندیوں کے خاتمے پر زور دیا اور اس مطالبے کو ایران مغربی فریقوں کے ساتھ ہونے والے تمام مذاکرات میں ایک بنیادی عنصر کے طور پر پیش کرتا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK