• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ماسکو منتقل ہو سکتے ہیں: دی ٹائمز

Updated: January 05, 2026, 7:02 PM IST | New York

ایران میں مظاہروں کے دوران رپورٹ سامنے آئی ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ماسکو منتقل ہو سکتے ہیں۔ لوگ اس پیش رفت کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کار روائی سے بھی جوڑ رہے ہیں۔

Iran supreme leader Ayatollah Khamenei. Photo: INN
ایران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای۔ تصویر: آئی این این

دی ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق معاشی بد حالی کے خلاف ایران میں جاری مظاہروں کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملک سے منتقل ہونے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ یہ رپورٹ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کارروائی اور دیگر ممالک کو دھمکی کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ خامنہ ای شام کے صدر بشار الاسد کی طرح ماسکو منتقل ہو سکتے ہیں۔ دی ٹائمز نے انٹیلی جنس رپورٹس کا حوالہ دیا ہے کہ سپریم لیڈر اپنے معاونین اور خاندان کے ۲۰؍ افراد کے ساتھ تہران سے نکلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ رپورٹ نے اسرائیلی محقق بینی سبطی کا  بیان لکھا کہ ’’خامنہ ای ماسکو منتقل ہو جائیں گے کیونکہ ان کیلئے کوئی دوسری جگہ نہیں ہے۔‘‘ واضح ہو کہ اسلامی انقلاب کے بعد آٹھ سال تک ملک سے فرار سبطی نے دہائیوں تک اسرائیلی انٹیلی جنس کیلئے کام کیا ہے۔ سبطی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’خامنہ ای پوتن کی تعریف کرتے ہیں اور ایرانی ثقافت روسی ثقافت سے زیادہ مشابہت رکھتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مادورو کی رہائی کا مطالبہ نظر انداز، وینزویلا کے تیل پر قبضہ کی تیاری

یہ رپورٹ اسی وقت سامنے آئی ہے جب ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ ’’اگر مزید مظاہرین مارے گئے تو امریکہ کی طرف سے سخت کارروائی ہوگی۔ ہم یہ سب قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ اگر یہ لوگوں کو اسی طرح قتل کرنے لگے جیسے انہوں نے ماضی میں کیا تھا، تو میرے خیال سے وہ امریکہ کی طرف سے سخت کار روائی کا سامنا کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ حال ہی میں ۲؍ جنوری کو انہوں سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ’’ہم لاک اور لوڈ ہیں اور جانے کیلئے تیار ہیں۔ اس موضوع پر توجہ کیلئے آپ کا شکریہ۔‘‘ آپریشن ایبسولیوٹ نام سے جاری ایک کارروائی میں امریکہ نے سنیچر ۳؍ جنوری کو وینزویلا میں کراکس میں بمباری کی اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی بیوی سیلیا فلورز کو ان کے محل سے گرفتار کیا۔ مادورو کو یو ایس ایس جیما، پھر گونتانامو بے اور آخر میں سرکاری ہوائی جہاز سے نیویارک میں اسٹیورٹ میں ایئر نیشنل گارڈ بیس تک لے جایا گیا۔ انہیں منشیات کی خرید و فروخت کے الزام میں بروکلین کے بدنام زمانہ میٹروپولیٹن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ وہ آج ۵؍ جنوری کو مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: وینزویلا: کیوبن افسران کی ہلاکتیں، عالمی ردِ عمل، پیچیدہ صورتحال کے اہم پہلو

ایران مظاہرہ
ایرانیوں نے ۲۸؍ دسمبر کو معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے شروع کئے اور سیاسی نظام بدلنے کا مطالبہ کیا۔ یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب دسمبر ۲۰۲۵ء میں ایرانی ریال کی قدر ایک ڈالر کے مقابلے تقریباً ۴۵ء۱ بلین ریال ہو گئی۔ سال کے آغاز سے اب تک اس کی قدر تقریباً نصف تک گر گئی ہے۔ بعد ازاں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ۷۲؍ فیصد اور طبی اشیا کی قیمتوں میں ۵۰؍ فیصد کے اضافہ کے ساتھ مہنگائی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مظاہروں میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب ٹیکس میں ۶۲؍ فیصد اضافہ کے ساتھ ۲۰۲۶ء کا بجٹ پیش کیا گیا۔ کچھ ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ مظاہرین ایران کے آخری شاہ محمد رضا شاہ کے بڑے بیٹے ولی عہد رضا شاہ پہلوی (ملک بدر) کی حمایت میں نعرے لگا رہے ہیں۔ سرکاری رپورٹوں کے مطابق اب تک محافظ اہلکاروں سمیت تقریباً ۱۲؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK