Inquilab Logo Happiest Places to Work

حملوں کے بعدایران سخت، آبنائے ہرمز پھر بند

Updated: July 13, 2026, 9:08 AM IST | Agency | Tehran

اعلان کیا کہ ’’امریکی مداخلت کے خاتمہ تک کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘،یو اے ای، قطر،اردن، بحرین اور عمان میں امریکی مفادات کو نشانہ بنایا۔

Strait Of Hormuz.Photo:INN
آبنائے ہرمز۔ تصویر:آئی این این
امریکہ کے ساتھ گزشتہ ۶؍  دنوں سے جاری جھڑپوں کے بعد ایران نے اتوار کو سخت موقف اختیار کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بندکو کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ   ہی گزشتہ ماہ ہونے والے اس معاہدے کو عملاً واپس لے لیا گیا جس کا مقصد اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت بحال رکھنا  اور وسیع تر امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ ایران پر ۱۴۰؍ اہداف پر امریکی بمباری کے بعد اتوار کو پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اتحادی ممالک میں  واشنگٹن کے مفادات کو نشانہ  بنانے کیلئے انتہائی  شدید فضائی حملے   کئے اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری طرف امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا دعویٰ  ہے کہ بعض بحری جہاز اب بھی اس راستے سے گزر رہے ہیں۔
 
 
ایران کی جانب سے قبرص کے پرچم بردار ایک کنٹینر بردار جہاز کو نشانہ بنانے کے بعد سینٹ کام نے سنیچر کی شب اعلان کیا کہ اس کی افواج نے ایران کے۱۴۰؍فوجی اہداف پر حملے کئے  ہیں تاکہ شہری اور تجارتی بحری جہازوں پر حملہ کرنے کی ایران کی صلاحیت کو کمزور کیا جا سکے۔جواب میں ایران نے خطے بھر میں ڈرون اور میزائل حملے کے  اور کہا کہ اس کا ہدف پڑوسی عرب ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، قطر، اردن، بحرین اور عمان میں فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی بحری جہازوں کے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کیلئے  ایندھن فراہم کرنے والی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔ عمان نے نقصان کی تفصیلات کی تصدیق کئے بغیر اس حملے کی مذمت کی۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب چند گھنٹے قبل ہی عمان نے آبنائے ہرمز کی سلامتی پر بات چیت کیلئے  ایرانی وفد کی میزبانی کی تھی۔
برطانوی فوج کے ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق قبرص کے پرچم بردار جہاز پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ عمان کے ساحل کے ساتھ جنوبی راستے سے آبنائے ہرمز عبور کر رہا تھا۔ حملے کے بعد جہاز ناکارہ ہو گیا اور عملے کو لائف بوٹس کے ذریعے جہاز چھوڑنا پڑا۔ اس جہاز کے عملہ میں ۱۱؍ ہندوستانی تھے  جن میں سے ۱۰؍ کو بچالیاگیا  ہے۔ ایک لاپتہ ہے۔ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کئی بحری جہازوں نے اس کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے مقررہ راستہ اختیار نہیں کیا، جس کی وجہ سے  ایک جہاز کو’’وارننگ شاٹ‘‘مار کر روک دیا گیا۔
 
 
پاسداران انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک’’امریکی مداخلت ختم نہیں ہو جاتی۔‘‘ تنظیم نے خبردار کیا  ہےکہ اگر امریکہ نے مزید حملے کئے  تو خطے میں مزید امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔اتوار کو آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک دوسرے بحری جہاز کو بھی روک دیا اور قطر میں واقع امریکی العدید فضائی اڈے پر بیلسٹک میزائل حملے  کئے  جن میں ایک لڑاکا طیاروں کے سینٹر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کو تباہ کر دیا گیا۔ امریکہ نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK