Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ کےاثرات، اورنگ آباد میں ہر طرح کا خوردنی تیل مہنگا

Updated: March 29, 2026, 9:51 AM IST | Z. A. Khan | Mumbai

سورج مکھی، سویابین، مونگ پھلی کے تیل کے علاوہ پام تیل کے داموں میں بھی اضافہ ، دکاندار سپلائی میں کمی کا عذر پیش کر رہے ہیں۔

Consumers` difficulties are increasing. (File photo)
صارفین کی دقتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ (فائل فوٹو)

ایران جنگ کے اثرات اب مقامی بازاروں پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ خاص طور پر خوردنی تیل کی درآمد اور سپلائی پر اس کا براہِ راست اثر پڑا ہے، جس کے باعث گزشتہ ۱۵؍ دنوں کے دوران اورنگ آباد میں مختلف اقسام کے تیل کی قیمتوں میں فی لیٹر تقریباً ۱۰؍ روپے تک اضافہ درج کیا گیا ہے۔بازار ذرائع کے مطابق سورج مکھی، سویا بین اور پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ: گیس سلنڈر کی ہوم ڈیلیوری لازمی ہوگی

اس کی بڑی وجہ خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بحری جہازوں کے کرایوں میں اضافہ بتایا جا رہا ہے، جس کا بوجھ بالآخر عام صارفین پر پڑ رہا ہے۔ اورشہر میں روزانہ تقریباً ۱۰۰؍ ٹن خوردنی تیل کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن موجودہ حالات میں جنگ کے باعث درآمد سست پڑ گئی ہے اور صرف ۷۰؍ ٹن کے قریب ہی سپلائی ہو پا رہی ہے۔ اس کمی نے مارکیٹ میں قیمتوں کو مزید بڑھا دیا ہے۔تاجروں کے مطابق سورج مکھی کا تیل عموماً روس اور یوکرین سے آتا ہے، جبکہ پام آئل ملیشیا سے درآمد کیا جاتا ہے۔

اسی طرح سویا بین تیل کی بڑی مقدار ارجنٹائنا اور برازیل سے آتی ہے۔ موجودہ جنگی صورتحال کے باعث ان تمام ممالک سے درآمدی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب مقامی سطح پر صارفین کیلئے ایک قدرے راحت کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ کرڈی (سرسوں نما فصل) کی نئی پیداوار مارکیٹ میں آنے کے باعث اس کے تیل کی قیمت میں تقریباً ۲۰؍ روپے فی لیٹر کمی دیکھی گئی ہے۔ فی الحال کرڈی کا تیل ۳۰۰؍ روپے فی لیٹر دستیاب ہے، جو آئندہ کم ہو کر ۲۵۰؍ روپے تک آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگال میں عین انتخابی مہم کے دوران مرشد آباد میں فرقہ وارانہ تصادم

موجودہ قیمتیں(۱۵؍دن پہلے کے مقابلے میں) : سورج مکھی تیل: ۱۶۰؍، ۱۷۵؍ تا ۱۸۰؍ روپے، سویا بین تیل: ۱۴۰؍، ۱۵۰؍ روپے

پام آئل: ۱۱۰؍، ۱۲۰؍ تا ۱۴۰؍ روپے

سرکی ریفائنڈ: ۱۴۰؍، ۱۵۰؍ روپے،

مونگ پھلی کا تیل: ۱۹۵؍، ۲۰۰؍ روپے،

کرڈی تیل: ۳۲۰؍، ۳۰۰؍ روپے 

یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK