Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ: جاپان کا ہرمز میں تحفظ کا مطالبہ، ایشیاء متبادل راستوں کی تلاش میں

Updated: April 06, 2026, 9:05 PM IST | Tokyo

ایران جنگ کے تناظر میں جاپان نے آبنائے ہرمز میں جہازوں، خصوصاً اپنے تجارتی بیڑے کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب ایشیائی ممالک میں توانائی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث تھائی لینڈ نے توانائی بچت اقدامات شروع کیے جبکہ جنوبی کوریا نے متبادل راستوں سے تیل کی ترسیل کا فیصلہ کیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

(۱) جاپان کا ایران سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ
جاپان کے وزیر خارجہ توشی میتسو موتیگی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو میں آبنائے ہرمز میں تمام جہازوں، خصوصاً جاپانی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ جاپانی وزارت خارجہ کے مطابق، موتیگی نے جاری تنازع پر ’’گہری تشویش‘‘ کا اظہار کرتے ہوئے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا اور تمام فریقین سے سفارتی رابطے جاری رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ایران میں زیر حراست جاپانی شہری کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
مزید برآں، انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ گفتگو میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اور آبنائے ہرمز میں محفوظ نیویگیشن کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا سخت ردعمل، صحت کے شعبے پر حملوں کی مذمت، عالمی خدشات


(۲) ایشیائی ردعمل: توانائی بحران کے خدشات، متبادل راستوں کی تلاش
تھائی لینڈ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ توانائی بچانے کے لیے گھروں سے کام کریں، نجی گاڑیوں کا استعمال کم کریں اور عوامی ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔ وزیر اعظم انوتن چرنوراکل نے کہا کہ صورتحال کے مطابق مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریا نے آبنائے ہرمز کے متبادل کے طور پر بحیرہ احمر کے راستے تیل کی ترسیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تیل سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے پائپ لائن کے ذریعے مغربی بندرگاہ ینبع منتقل کیا جائے گا۔
جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے کہا کہ ’’ہم توانائی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک حد تک خطرہ مول لینے پر مجبور ہیں۔‘‘ حکام کے مطابق سیول ایران سمیت متعلقہ ممالک کے ساتھ بحری سیکوریٹی پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK