ادارے کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہاکہ اسرائیل کو مغربی کنارہ میں تشدد کرنے والوں کو جوابدہ بنانا چاہئے۔
EPAPER
Updated: October 25, 2026, 12:03 PM IST | New York
ادارے کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہاکہ اسرائیل کو مغربی کنارہ میں تشدد کرنے والوں کو جوابدہ بنانا چاہئے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اسرائیل کی جانب سے عائد کی گئی وسیع پابندیوں پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔ ان کے ترجمان، اسٹیفن دو جارچ نے صحافیوں سے کہا کہ یہ بندشیں فلسطینیوں کی آمد و رفت، بنیادی خدمات تک رسائی اور روزگار کے ذرائع کو سختی سے محدود کر دیتی ہیں۔ دو جارچ نے کہا ’’ہم مقبوضہ مغربی کنارہ میں دیکھنے والی شدت اختیار کرتی ہوئی تشدد سے انتہائی بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ سیکریٹری جنرل مغربی کنارہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینی برادریوں پر عائد پابندیوں پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ غطریس ہیبرون میں گھروں کی مسماری اور ممکنہ طور پر فلسطینی مکینوں کی بے دخلی کی اطلاعات کے بارے میں بھی تشویش رکھتے ہیں ۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جمعہ کو ہیبرون کی فوری بندش کا حکم دیا اور شہر میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد پورے مغربی کنارہ میں سیکوریٹی فورسیز کو ’مکمل لاک ڈاؤن ‘ کی تیاری کرنے کی ہدایت دی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ہیبرون میں ایک فائرنگ حملے میں دو فوجی ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔ دوجارچ کہا کہ غطریس نے ۲۰۲۶ء میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے ریکارڈ تعداد کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹوکیو: فلسطینی نژاد امریکی کامیڈین سیمی عبید کو جاپان میں ۲۴؍ گھنٹے تنہا رکھا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ ’’وہ بین الاقوامی قانون کے تحت بطور قابض طاقت اسرائیل کی ذمہ داری کو یاد دلاتے ہیں کہ وہ فلسطینی آبادی کو ایسے حملوں سے محفوظ رکھے اور ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے۔ اقوامِ متحدہ کے سربراہ بچوں سمیت غزہ میں شہری جانی نقصان اور سردیوں سے قبل انسانی امداد کی ترسیل پر عائد سخت پابندیوں کے بارے میں بھی گہری تشویش میں ہیں۔ ‘‘
دوجارچ نے غطریس کی اس فوری اپیل کو دہرایا کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور تمام فریق فوراً تشدد بند کریں ، ضبطِ نفس اختیار کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو کشیدگی کو مزید بھڑکا سکیں۔ مقبوضہ مغربی کنارہ، بشمول مقبوضہ مشرقی یروشلم، میں اکتوبر۲۰۲۳ء میں اسرائیل کے غزہ پر شروع کیے گئے نسل کشی کے جنگ کے بعد سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور غیر قانونی آباد کار حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان حملوں میں فلسطینیوں کو قتل اور گرفتار کرنا، گھروں اور دیگر ڈھانچوں کی منہدمی، مساجد اور گاڑیوں کو جلانا، زرعی اراضی کو تباہ کرنا، کسانوں کو اپنے کھیتوں تک رسائی سے روکنا، فلسطینی برادریوں کی بے دخلی اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع شامل ہیں۔
آج دنیا کو پہلے سے زیادہ اقوام متحدہ کی ضرورت ہے: غطریس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطر یس نےسنیچر کو کہا کہ دنیا کو آج پہلے سے کہیں زیادہ اقوام متحدہ کی ضرورت ہے۔ تنظیم کے قیام کی ۸۱؍ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے امن، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ میں اس کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں غطریس نے سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے ذریعے تنازعات حل کرنے، غربت اور بھوک کے خاتمے، انسانی حقوق کے فروغ اور جنگ، قدرتی آفات اور نقل مکانی سے متاثرہ افراد کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے میں تنظیم کی خدمات کا ذکر کیا۔ غطریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھاکہ ۸۱؍ برسوں سے اقوام متحدہ سفارت کاری اور قوانین کے ذریعے تنازعات حل کرنے، غربت اور بھوک کے خاتمے کیلئے کام کرنے، انسانی حقوق کو فروغ دینے اور جنگ، آفات اور نقل مکانی سے متاثرہ افراد کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نےکہا کہ اقوام متحدہ کا دن صرف ایک بین الاقوامی تنظیم کے قیام کا جشن نہیں ، بلکہ اس اصول کی یاد دہانی بھی ہے کہ انسانیت کا مستقبل امن، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے ممالک کے مشترکہ تعاون پر منحصر ہے۔