• Wed, 08 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کا غزہ جانے والے فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے جہازوں پر حملہ، کارکنان گرفتار

Updated: October 08, 2025, 4:11 PM IST | Gaza

اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی پانی میں غزہ جانے والے فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی )کے جہازوں پر حملہ کر کے تمام کشتیوں اور کارکنان کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ یہ قافلہ غزہ کے محصور اسپتالوں کے لیے طبی امداد لے جا رہا تھا اور اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کیلئے روانہ ہوا تھا۔

A ship of the Freedom Flotilla Coalition (FFC). Photo: INN
فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی ) کا ایک جہاز۔ تصویر: آئی این این

بدھ کی صبح اسرائیلی افواج نے بین الاقوامی پانی میں غزہ کی جانب جانے والے فریڈم فلوٹیلا کولیشن (FFC) کے جہازوں پر حملہ کیا۔ یہ واقعہ غزہ سے تقریباً۱۲۰؍ بحری میل (۲۲۲ ؍کلومیٹر) کے فاصلے پر پیش آیا۔ ’’تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ‘‘ مہم کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ صرف ایک گھنٹے میں اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی پانی میں موجود تمام ۹؍ کشتیوں پر حملہ کیا۔ ان کشتیوں کے نام یہ ہیں :
’’عبدالکریم عید، علاء النجار، انس الشریف، غزہ سن برڈ، لیلیٰ خالد، میلاد، سول آف مائی سول، ام سعد، اور کانشس۔ ‘‘اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’’ ایکس‘‘پر کہا کہ جہازوں اور کارکنان کو اسرائیلی بندرگاہ پر منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد بے دخل کئے جانے کی توقع ہے۔ 
کشتیوں پر حملہ اور لائیو اسٹریمنگ بند
کولیشن کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والی لائیو ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کئی اسرائیلی فوجی غزہ سن برڈ نامی کشتی پر چھاپہ مار رہے ہیں۔ کولیشن نے انسٹاگرام پر بتایا:’’’غزہ سے تقریباً ۱۲۰ ؍بحری میل کے فاصلے پر اسرائیل نے ہمارے فلوٹیلا پر حملہ کیا ہے۔ ‘‘بعد ازاں لائیو اسٹریمنگ منقطع کر دی گئی اور کولیشن کے آفیشل ٹریکرز کو بھی جام کر دیا گیا۔ کولیشن نے انسٹاگرام پر کہا:’’اسرائیلی فوج کی بین الاقوامی پانی پر کوئی قانونی عملداری نہیں۔ ہمارا فلوٹیلا کسی کیلئے خطرہ نہیں ہے۔ ‘‘
جہازوں میں ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار ڈالر کی طبی امداد
بیان کے مطابق جہازوں میں ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار امریکی ڈالر مالیت کی طبی امداد ادویات، سانس لینے کے آلات، اور غذائی اشیاء شامل تھیں جو غزہ کے بھوک سے مرتے اسپتالوں کیلئے بھیجی جا رہی تھیں۔ تقریباً ۱۰۰ ؍افراد اس نو کشتیوں پر مشتمل قافلے میں سوار تھے، جو ایف ایف سی کے ’’تھاؤزنڈ میڈلینز‘‘مشن کا حصہ ہے۔ اس مشن کا مقصد اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی کو چیلنج کرنا ہے۔ ایف ایف سی جو ۲۰۱۰ء میں قائم ہوئی، اب تک درجنوں امدادی مشن چلا چکی ہے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔ 
فلوٹیلا پر حملوں کی طویل تاریخ
یہ تازہ ترین قافلہ اس وقت روانہ ہوا جب گزشتہ ہفتے اسرائیلی بحری افواج نے غزہ جانے والی’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی ۴۰ ؍سے زائد کشتیوں پر حملہ کر کے قبضہ کر لیا تھا اور ۴۵۰ ؍سے زیادہ کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔ اسرائیل، جو قابض طاقت ہے، ماضی میں بھی غزہ جانے والے جہازوں پر حملے کر کے ان کا سامان ضبط کر چکا ہے اور کارکنان کو ملک بدر کرتا رہا ہے۔ تقریباً ۱۸؍برسوں سے اسرائیل نے غزہ (جہاں ۲۴ ؍لاکھ لوگ آباد ہیں ) پر ناکہ بندی کر رکھی ہے، اور مارچ میں اس محاصرے کو مزید سخت کرتے ہوئے سرحدی راستے بند کر دیئےاور خوراک و ادویات کی ترسیل روک دی جس سے غزہ قحط سالی کا شکار ہو گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK