Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کی وعدہ خلافی، شام پر پھر حملہ، جھڑپیں جاری

Updated: July 17, 2025, 12:39 PM IST | Agency | Damascus

شام کے السویداء میں ہوئی جھڑپوں کے درمیان اسرائیل کی مداخلت، امریکہ کے کہنے پر حملہ نہ کرنے کا وعدہ، لیکن چند گھنٹوں میں پھر حملہ کیا۔

Israel broke its promise, attacked Syria, clashes,
شام کے اندوانی معاملات میں اسرائیل کی مداخلت۔ تصویر ایجنسی

اسرائیل نے اپنی وعدہ خلافی کا ایک اور نمونہ پیش کیا ہے۔ اس نے امریکہ سے شام کے علاقے سویدا پر دوبارہ حملہ نہ کرنے کے اپنے وعدے کو چند گھنٹوں ہی میں توڑ دیا اور حملہ کر دیا۔ طلاع کے مطابق بدھ کے روز  اسرائیلی طیارے جنوبی شام کی فضاؤں میں پرواز کرتے رہے اور انھوں نے السویداء صوبے کے کنارے پر تین نئے فضائی حملے کئے، اور چوتھا حملہ درعا کے مشرقی دیہی علاقے میں بریگیڈ ۵۲؍ پر کیا۔ اس طرح امریکہ کی ایما پر بند ہوئی جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئیں۔
  اطلاع کے مطابق اتوار کے روز شام کے السویدا علاقے میں دروز جنگجوؤں اور مقامی بدو قبائل کے مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ ان جھڑپوں کے بعد  شامی حکومت نے علاقے میں افواج بھیجیں تاکہ امن بحال ہو اور جھڑپوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزارت دفاع نے منگل کو ایک بیان میں اعلان کیا کہ سویداء کے عمائدین کے ساتھ رابطوں کے بعد علاقے میں فائر بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے بعد سرکاری افواج شہر میں داخل ہوئیں۔ اس پر اسرائیل نے شامی فوجوں پر حملہ کر دیا  اس کا اصرار ہے کہ شامی حکومت السویدا سے اپنی فوج ہٹالے۔ یاد رہے کہ یہ علاقہ اسرائیلی سرحد کے قریب ہے۔ 
  منگل کی رات امریکہ کی مداخلت کے بعد اسرائیل نے وعدہ کیا کہ وہ  اب شام کے اندر حملہ نہیں کرے گا لیکن چند گھنٹو ں ہی میں اس نے دوبارہ حملہ کر دیا۔ اطلاع کے مطابق   اس کے نتیجے میں السویدا میں دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد جھڑپوں سے بچنے کیلئے درعا کے  دیہی علاقوں کی جانب نقل مکانی کر رہی ہے۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے سویداء میں کشیدگی کے تناظر میں شام کی سرحد پر بڑی فوجی کمک روانہ کی، جن میں بارڈر پولیس کی تین کمپنیاں، گولانی بریگیڈ کا ایک یونٹ اور فوجی پولیس شامل ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل کے اندر موجود دروز سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب موجود کچھ دروز افراد کو آنسو گیس کے ذریعے منتشر بھی کیا۔
 اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے شامی حکومت کو براہ راست دھمکی دی ہے کہ وہ سویداء سے اپنی فوج ہٹائے اور دروز کو آزاد کرے، بصورتِ دیگر اسرائیل حملے جاری رکھے گا اور رد عمل مزید سخت ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی طیاروں نے سویداء اور اس کے نواح میں شامی فوجی اہداف پر بم باری کی۔  اسرائیلی ڈرون طیاروں نے شہر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ایک اسرائیلی دروز رہنما شیخ موفق طریف نے مطالبہ کیا کہ شامی حکومت سویداء سے نکل جائے کیونکہ یہ دروز برادری کی بقا کی جنگ ہے۔ اسرائیل نے پیرسے شامی اہداف پر کئی حملے کئے ہیں، جن میں سویداء کے کنارے اور درعا کے مشرقی دیہی علاقے میں موجود ’بریگیڈ ۵۲؍‘شامل ہیں۔دوسری طرف، امریکی ذرائع کے مطابق واشنگٹن نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ جنوبی شام میں شامی فوج پر حملے بند کرے۔ اسرائیل نے منگل کی شام ان حملوں کو روکنے کا عندیہ دیاتھا لیکن بدھ کو دوبارہ حملے شروع کر دیئے اور شام میں لڑائی چھڑ گئی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ  پوری کوشش کر رہے ہیں کہ اسرائیل فی الحال کوئی نیا محاذ نہ کھولے مگر صہیونی  فوجیں شام کے سرحدی علاقوں میں گھس آئیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK