Updated: February 23, 2026, 10:23 PM IST
| Mumbai
لیجنڈری کرکٹر سنیل گاوسکر نے خراب فارم کا شکار نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑے شاٹس کے بجائے سنگل رن لے کر اپنی اننگز کا آغاز کریں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد ابھیشیک شرما دباؤ کا شکار نظر آ رہے ہیں، جہاں پروٹیز فاسٹ بولرز نے انہیں وائڈ اور سلو گیندوں کے ذریعے بڑے اسکور سے روکے رکھا۔
ابھیشیک۔ تصویر:پی ٹی آئی
لیجنڈری کرکٹر سنیل گاوسکر نے خراب فارم کا شکار نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑے شاٹس کے بجائے سنگل رن لے کر اپنی اننگز کا آغاز کریں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد ابھیشیک شرما دباؤ کا شکار نظر آ رہے ہیں، جہاں پروٹیز فاسٹ بولرز نے انہیں وائڈ اور سلو گیندوں کے ذریعے بڑے اسکور سے روکے رکھا۔
گاوسکر نے کہا انہیں بڑے شاٹس کھیلنے کے لیے خود کو مجبور نہیں کرنا چاہیے۔ صرف ایک رن لیں اور آغاز کریں۔ اگر چار گیندیں ڈاٹ بھی ہو جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ابھیشیک شرما کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہندوستانی ٹیم کے کوچز مختلف آراء رکھتے ہیں۔ اسسٹنٹ کوچ رائان ٹین ڈوئشکاٹے کا ماننا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے ابھیشیک کی تیاری متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’جب آپ لگاتار تین بار صفر پر آؤٹ ہوتے ہیں تو یہ چیز آپ کے ذہن پر سوار ہونے لگتی ہے۔ وہ اس وقت تھوڑے کمزور لگ رہے ہیں اور بطور کوچنگ اسٹاف ہمارا کام اگلے چار دنوں میں انہیں ذہنی طور پر تیار کرنا ہے۔
دوسری جانب بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک کا نظریہ مختلف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس موقع پر کھلاڑی کو زیادہ مشورے دینا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی کوچنگ فلاسفی بیان کرتے ہوئے کہاکہ ’’ اگر آپ اس وقت بلے باز کو بہت کچھ بتائیں گے تو اس کے ذہن میں مزید شکوک پیدا ہوں گے۔ ہر کھلاڑی کا ایسا برا وقت آتا ہے، بہتر یہی ہے کہ اسے گیند پر توجہ مرکوز کرنے دی جائے۔ دو دن میں کسی کی تکنیک نہیں بدلی جا سکتی۔
ابھیشیک شرما کو اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر فارم میں واپس آنا ہوگا، ورنہ حریف ٹیمیں ان کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر انہیں ٹیم سے باہر کرنے کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے پاس اگلے میچ سے قبل اپنی حکمت عملی درست کرنے کے لیے اب صرف چند دن باقی ہیں۔
محمد عامر کا ابھیشیک شرما کو مشورہ: ’’صرف ہٹنگ کام نہیں آتی، کرکٹ میں میچورٹی لائیں‘‘
پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے ہندوستانی ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما کی حالیہ ناکامیوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ محمد عامر نے ابھیشیک شرما کی بیٹنگ میں موجود تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اہم مشورہ دیا ہے۔ محمد عامر نے اپنے تجزیے میں واضح کیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ عامر کے مطابق ابھیشیک بلاشبہ باصلاحیت ہیں، لیکن ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں محض جارحانہ بیٹنگ سے کام نہیں چلتا۔
یہ بھی پڑھئے:بافٹا ۲۰۲۶ء: بالی ووڈ کے ’’ہی مین ‘‘دھرمیندر کو خراج عقیدت
محمد عامر نے کہا کہ ابھیشیک ہر گیند کو ایک ہی انداز میں کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ پہلے بولر کی لائن اور لینتھ کو پڑھیں اور پھر شاٹ کا انتخاب کریں۔ ایک اوپنر کی حیثیت سے انہیں پہلے چند اوورز کریز پر وقت گزارنا چاہیے تاکہ وہ پچ کے رویے کو سمجھ سکیں۔محمد عامرنے جنوبی افریقہ کے خلاف ابھیشیک کی بیٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان پر بڑے میچ کا دباؤ واضح طور پر نظر آ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:آرسنل نے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو قابو کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مستحکم کر لی
عامر کا کہنا تھا کہ ابھیشیک اننگز کے آغاز میں ہی غیر ضروری خطرات مول لے رہے ہیں، جو ان کی جلد آؤٹ ہونے کی بڑی وجہ ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ابھیشیک کو اپنی بیٹنگ میں میچورٹی (سنجیدگی) لانے کی ضرورت ہے۔ جب ایک بار بلے باز سیٹ ہو جائے تو وہ کسی بھی بولر پر حاوی ہو سکتا ہے۔ محمد عامر کا ماننا ہے کہ اگر ابھیشیک اپنی جارحیت اور عقل مندی کے درمیان توازن پیدا کر لیں، تو وہ ہندوستان کے لیے ایک طویل المدتی اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔