پچھلے۲۴؍گھنٹوں میں صہیونی جارحیت کے سبب ۶۷؍فلسطینی شہید،۴۰۰؍سے زائدزخمی،پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں اور مساجد پر بھی حملے۔
EPAPER
Updated: September 09, 2025, 3:28 PM IST | Agency
پچھلے۲۴؍گھنٹوں میں صہیونی جارحیت کے سبب ۶۷؍فلسطینی شہید،۴۰۰؍سے زائدزخمی،پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں اور مساجد پر بھی حملے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں رہائشی عمارت ’برج الرؤیا‘ پر ہولناک حملہ کر کے اسے زمیں بوس کر دیا۔تفصیلات کے مطابق غزہ شہر گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید اسرائیلی بمباری اور فوجی کارروائیوں کی زد میں ہے۔ اتوار کو اسرائیلی فوج نے غزہ کے بیروت چوک اور شارع جامعۃ الدول العربیہ کے قریب واقع ’برج الرؤیا‘ کو نشانہ بنایا۔ ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ رہائشی برج کو نشانہ بنانے کے بعد وہ ملبے کا ڈھیر بن گیا اور گرد و غبار نے پورے علاقے کوزد میں لے لیا، جس سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے۔حملے سے قبل وہاں سے انخلاء کی وارننگ جاری کی گئی تھی، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ عمارت حماس کے اڈے کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔ جمعہ اور سنیچر کے روز بھی اسرائیلی افواج نے غزہ شہر میں دو رہائشی برج (برج مشہدی اور برج السوسی) کو انخلاء کی وارننگ کے بعد ڈھا دیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے اب غزہ شہر کی بلند و بالا عمارتوں کو خالی کرنے کے انتباہات جاری کرنا شروع کیے ہیں، آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ حماس انہیں عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، تاہم فلسطینی تحریک نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ یہ کارروائیاں غزہ شہر کی باقی رہائشی عمارتوں کو تباہ کرنے کی نئی مہم ’عربات جدعون ۲‘ کے تحت کی جا رہی ہیں۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں فوج نے شاطی کیمپ اور اسکول پر بارود کی برسات کر دی، جس میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، صہیونی فوج نے مسجد پر بھی حملہ کیا، چوبیس گھنٹے میں بلند عمارتوں پر اسرائیل کا یہ دوسرا حملہ تھا۔
دوسری جانب گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی بمباری میں ۶۷؍فلسطینی شہید اور ۴۰۰؍زخمی ہوگئے۔ غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے ایک بیان میں کہا کہ پیر کی صبح سے اسرائیلی فوج نے اپنے حملوں میں ۵۰؍ سے زائد عمارتوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور ۱۰۰؍ دیگر کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا ہے، جن میں اونچی عمارتیں بھی شامل ہیں جن میں ہزاروں شہری رہائش پذیر ہیں۔اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین اونروا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ غزہ میں، ہزاروں افراد کو زبردستی اپنے گھروں سے بے گھر کیا جا رہا ہے۔ جاری حملوں کی وجہ سے اکھڑ گئے اور چھوٹے، غیر محفوظ علاقوں تک محدود ہو گئے۔ عمارتوں، اسکولوں، پناہ گاہوں اور اسپتالوں کے تباہ ہونے کے ساتھ، خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری سامان کی رسائی انتہائی محدود ہے۔ غزہ میںکوئی جگہ کوئی انسان محفوظ نہیں ہے۔