Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کی پورے غزہ میں زمینی کارروائی، جنوبی علاقہ خالی کرنے کا حکم

Updated: December 05, 2023, 9:50 AM IST | Agency | Gaza

سنیچر سے جاری صہیونی جارحیت میں اب تک ۸۰۰؍فلسطینی شہید ،القسام بریگیڈ کی زبر دست جوابی کارروائی ،پوائنٹ رینج سے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ ، متعدد ہلاک ،۱۰؍ ٹینک تباہ۔

Osama Hamdan, a member of the political bureau of Hamas, has said that Israel will ultimately be defeated. Photo: INN
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن اسامہ حمدان ہیںجنہوں نے کہا ہےکہ شکست بالآخر اسرائیل کی ہوگی۔ تصویر : آئی این این

سرائیلی فوج نے غزہ میں اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور صہیونی جارحیت کے نئے سلسلے میں سنیچر سے اب تک ۸۰۰؍ افراد شہید ہوچکے ہیں۔ اتوار اور پیر کی رات بھی اسرائیل کے فضائی حملے میں جاری رہے جن میں۱۰۰؍ سے افراد جاں بحق ہوئے۔ اسرائیلی فورسیز کا دعویٰ ہے کہ فضائی حملوں میں صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور زمینی کارروائی کیلئے فضائیہ کی مدد بھی حاصل رہے گی۔دوسری جانب اسرائیلی آرمی چیف نے بھی جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق کر دی۔اسرائیلی ایجنسی شن بیت نے قطر، ترکی اور لبنان میں بھی حماس  کے لیڈروں کو نشانہ بنانے دھمکی دے رکھی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسیز نے  مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے رات گئے کم از کم۶۰؍ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔اسرائیل اب تک شمالی غزہ میں کارروائی کررہا تھا لیکن اب اس نے جنوبی غزہ میں بےگھرافراد کوعلاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
القسام بریگیڈ کی جوابی کارروائی 
 اسلامی تحریک مزاحمت  حماس کےفوجی شعبے  القسام بریگیڈز نے صیہونی قابض فوج کی غزہ پٹی میں گھسنے والی۱۰؍  گاڑیوں اورٹینکوں کو تباہ کر دیا اور  پوائنٹ رینج سے متعدد فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ غزہ  پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی کاپیر کو۵۹؍ واں دن  تھا جس میں فلسطینی مجاہدین نے دشمن فوج کے ٹھکانوں اور یہودی بستیوں پر راکٹ فائر کئے۔ القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے مجاہدین نے الشیخ رضوان  علاقے میں زیرورینج  سے دشمن کے متعدد فوجیوں کو ہلاک کر دیا اور خود بہ حفاظت اپنے ٹھکانوں کی طرف لوٹ گئے۔ ایک اور رپورٹ میں القسام بریگیڈز نے تصدیق کی ہے کہ اس کے مجاہدین آج(پیر کی) صبح سے ’ال یاسین۱۰۵؍‘گرینیڈ کے ذریعے مشرقی غزہ کے محور میں۵؍ صہیونی ٹینکوں اور کیریئرگاڑیوں کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ اس نے۱۱۴؍ ملی میٹر شارٹ رینج ’رجوم‘ راکٹ سسٹم کے ساتھ کیبوتیز ’نیریم ‘ پر حملہ کیا اور ’ماجین ‘بستی کے مشرق میں دشمن کے مراکز پر راکٹوں سے بمباری کا بھی اعلان کیا۔ قابض فوج نے پیر کو اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کے تین فوجی شمالی غزہ میں  مارے گئے اور ایک شدید زخمی ہوا۔
طویل جنگ کے بعد شکست اسرائیل کی ہوگی : اسامہ حمدان
 اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اپنے اس دعوے کا اعادہ کیا کہ فلسطینیوں کو وحشیانہ جارحیت اور نسل کشی کی جنگ کا سامنا ہے جس کا جدید تاریخ نے کبھی مشاہدہ نہیں کیا ۔ حماس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اتوار کی شام منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ قابض فوج کی اپنی جنگ اور جارحیت کو دوبارہ شروع کرنے سے اس کے کوئی بھی مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔ حماس  لیڈر اور اس کے سیاسی بیورو کے  رکن اسامہ حمدان نے زور دے کر کہا ’’ قا بض فوج نے عارضی جنگ بندی سے پہلے۵۰؍ دنوں میں جو کچھ حاصل نہیں کیا وہ  اسے آگےبھی حاصل نہیں ہو سکے گا، چاہے یہ جنگ کتنی ہی طویل رہے۔‘‘ حمدان نے کہا ’’ نتن یاہو اور اس کی فوج صرف ناکامی اور شکست فاش، اس کے فوجیوں کی مزید لاشیں، ان کے ٹینکوں اور گاڑیوں کی تباہی، غزہ کی سرزمین پر اپنے نازی جرائم کے دلدل میں زیادہ سے زیادہ ڈوب جائیں گی۔‘‘ 
انخلاء کے حکم  کے بعدخان یونس پر بمباری 
  غزہ پٹی کے دوسرے بڑے شہر خان یونس  اور اطراف کے علاقوں کے مکینوں کو انخلاء کا حکم دینے کے بعد قابض فوج نے شہر کے شمال میں زمینی کارروائی شروع کردی۔ اسرائیلی ٹینک جنوبی شہر میں اپنی زمینی کارروائی شروع کرنے کے بعد خان یونس کے شمال میں مختلف مقامات پر بمباری کر رہے ہیں۔حملے میں متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے خان یونس اور اس کے آس پاس کے افراد کے لیے انخلا کے احکامات میں توسیع کی تھی اور کم از کم پانچ دیگر علاقوں اور محلوں کے مکینوں کو وہاں سے نکل جانے کو کہا تھا۔فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ فوج نے پرچے گرائے ہیں جن میں انہیں جنوب کی طرف سرحدی شہر رفح یا جنوب مغرب میں کسی ساحلی علاقے میں جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ کتابچے میں خان یونس کو  ایک خطرناک جنگی علاقہ  بتایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK