Inquilab Logo

فلسطین اسرائیل تنازع: انجلینا جولی کی غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

Updated: November 02, 2023, 6:48 PM IST | Washington

امریکی ادکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں اسرائیل کے مسلسل حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ پراسرائیل کی بمباری کو ’’محصور آبادی پر دانستہ بمباری‘‘ قرار دیا اور کہا کہ مہلوکین میں ۴۰؍ فیصد تعداد بچوں کی ہے۔ خاندان کے خاندان تباہ کئے جا رہے ہیں۔ جنگ بندی کے مطالبے کو ٹھکرانے پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

American actress Angelina Jolie. Photo: INN
امریکی اداکارہ انجلینا جولی۔ تصویر: آئی این این

امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کو ’’محصور آبادی پر دانستہ بمباری ‘‘قرار دیا۔ انجلینا دنیا بھر میں اپنی انسانی خدمات کیلئے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل بیان جاری کیا او رحال ہی میں جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کے بعد کی ایک تصویر شیئر کی۔ انہوں نے اسرائیل اوراس کے حامیوں کو جنگ بندی کے مطالبے کو رد کرنے پر بھی تنقیدکا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا کہ ’’یہ محصور آبادی پر دانستہ بمباری ہے جن کے پاس اب بھاگنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ غزہ دو دہائیوں سے کھلی ہوئی جیل بن گیا ہے اور بہت تیزی سے اجتماعی قبر بنتا جا رہا ہے۔ مہلوکین میں سے۴۰؍ فیصد بچے ہیں۔ پورے کے پورے خاندانوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔‘‘ بعد ازیں، انہوں نے عالمی برداری کی خاموشی اور کروڑوں فلسطینیوں کے ساتھ ہونےوالے ظلم کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’پوری دنیادیکھ رہی ہے کہ کروڑوں فلسطینیوں جن میں بچے، جوان، خواتین اور بوڑھے شامل ہیں، کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے اور انہیں انسانیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے خلاف انہیں کھانے، پانی،ادویات اور دیگر انسانی امداد سے محروم رکھا گیا ہے۔ جنگ بندی کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے اور اقوام متحدہ کے سیکوریٹی کاؤنسل کی بات نہ مانتے ہوئے، یہی محسوس ہورہا ہے کہ دنیا بھر کے لیڈران بھی اس جنگ میں ملوث ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج حماس کو شکست دینے کیلئے ’’فلسطینیوں کے قتل‘‘ سے گریز نہیں کرے گی: نیویارک ٹائمز

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Angelina Jolie (@angelinajolie)

انجلینا نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ کی تصاویر شیئر کیں 
 انجلینا نےاسرائیل کے فضائی حملے کے بعد جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں ہونے والی تباہی کی یو این آر ڈبلیو اے کی تصاویر کو ری پوسٹ کیا جس میں لکھا ہوا تھا کہ غزہ پٹی کے ۸؍ پنا ہ گزیں کیمپوں میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ سب سے بڑاکیمپ ہے۔ ۱۹۴۸ء کی جنگ کے بعد ان لوگوں نے اس میں پناہ لی تھی جو جنوبی فلسطین کے گاؤں سے بھاگ کر آئے تھے۔یہ کیمپ ۱ء۴؍ کلومیٹر کے رقبے پر موجود ہے۔ ۱۹۴۸ء کی جنگ کے بعدسے اب تک ایک لاکھ ۱۶؍ہزار ۱۱؍ فلسطینی اس کیمپ میں آباد تھے۔
خیال رہے کہ انجلینا نے اپنی پہلے پوسٹ میں لکھا تھاکہ ’’حماس کی جانب سے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملہ پر غزہ میں بے گناہوں کی جان لینے کا جوازنہیں ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK