Inquilab Logo

اسرائیل فلسطین تنازع: الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی جارحیت کی چہار سو مذمت

Updated: October 18, 2023, 1:55 PM IST | Jerusalem

آئرش صدر نے اسے ’’جنگی جرم‘‘ قرار دیا۔ برازیل کے صدر کا اظہار افسوس۔ لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاج۔ واضح رہے کہ منگل کی شب اسرائیل نے غزہ کے الاہلی عرب اسپتال پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں ۵۰۰؍ سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ غزہ شہر میں طبی سامان کی کمی کا سامنا۔ ڈاکٹر بیشتر زخمیوں کی سرجری فرش پر کرنے پر مجبور۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

Searching for people trapped in Palestinian rubble. Photo: PTI
فلسطینی ملبے میں پھنسے افراد کو تلاش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

غزہ اسپتال قتل عام کی ’’جنگی جرم‘‘ کے طور پر تحقیقات ہونی چاہئے: آئرش صدر
آئرلینڈ کے صدر مائیکل ڈی ہیگنس نے کہا کہ غزہ میں الاہلی عرب اسپتال پر مہلک فضائی حملے کی جنگی جرم کے طور پر تحقیقات ہونی چاہئے۔ اٹلی میں ایک پریس کانفرس میں بات کرتے ہوئے، ہیگنس نے کہا کہ ’’یہ بہت اہم ہے کہ ایک قابل اعتماد تحقیقات ہو کہ یہ (واقعہ) کیسے پیش آیا، اس کا ذمہ دار کون ہے اور اس کے نتائج کیا ہیں۔‘‘ ایک آن لائن آئرش اخبار جرنل ڈاٹ ای کے ذریعہ صدر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’اس کی تحقیقات یقینی طور پر ایک جنگی جرم کے طور پر کی جانی چاہئیں۔‘‘

ایک فلسطینی بچہ ملبے کے درمیان مایوس بیٹھا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ’’جرائم‘‘ میں امریکہ اس کا ساتھی ہے
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ میں اسپتال کمپلیکس پر راکٹ گرنے کے بعد امریکہ پر اسرائیل کے جرائم میں ساتھی ہونے کا الزام لگایا۔ رئیسی نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی تہران میں ایک ریلی میں کہا کہ ’’دنیا کے لوگ امریکہ کو صیہونی حکومت کے جرائم کا ساتھی سمجھتے ہیں۔‘‘

مصر میں اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

سعودی عرب اور جاپان، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئےتعاون پر متفق
جاپانی حکومت نے کہا کہ جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ایک فون کال پر غزہ میں انسانی حالات کو بہتر بنانے اور اسرائیل اور حماس کے تنازع میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔جاپانی حکومت کے ایک بیان میں ان کے فون کال پر کہا گیا ہے کہ ’’دونوں لیڈروں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو برقرار رکھنے اور انسانی صورتحال کو بہتر بنانے اور حالات کو پرسکون کرنے کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔‘‘ 

لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

غزہ اسپتال پر حملہ ’’ایک `غیر منصفانہ سانحہ‘‘ ہے: برازیلی صدر
برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا نے کہا کہ غزہ اسپتال پر حملے کے بعد سیکڑوں افراد کی ہلاکت ایک ’’ناقابل جواز سانحہ‘‘ ہے، جس نے بین الاقوامی انسانی مداخلت اور خطے میں جنگ بندی کے مطالبات کی تجدید کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ ’’بے گناہ شہری جنگ کے پاگل پن کی قیمت ادا نہیں کر سکتے۔‘‘

مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں افراد کا احتجاج
فلسطینی مظاہرین مقبوضہ مغربی کنارے میں سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کی جانب سے جنگ زدہ غزہ میں ایک اسپتال پر حملے کی مذمت کی جس میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔نابلس میں سیکڑوں مظاہرین فلسطینی پرچموں میں لپٹے ہوئے تھے اور کچھ نے حماس کے بینرز اٹھا رکھے تھے، نے اسرائیل اور اس کے اتحادی امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین نے ’’آزاد، آزاد فلسطین‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے الاہلی عرب اسپتال ہر حملے کے بعد دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف غم و غصہ بڑھ گیا ہے۔ روس نے اس بھیانک حملے کو ’’جرم‘‘ قرار دیا ہے۔ منگل کی شب ہونے والے حملے کے مناظر لرزہ خیز ہیں۔ گزشتہ دنوں اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر اور آس پاس کے تمام باشندوں کو غزہ کے جنوب میں انخلا کا حکم دینے کے بعد سیکڑوں فلسطینیوں نے اس امید میں کہ وہ بمباری سے بچ جائیں گے غزہ شہر کے الاہلی عرب اور دیگر اسپتالوں میں پناہ لی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں انتہائی بری حالت میں لاشیں بکھری پڑی ہیں جن میں بچے بھی ہیں۔ان کے اطراف اسکول کے بیگ اور دیگر ضروری اشیاء بھی ہیں۔

ایک فلسطینی لڑکی الاہلی عرب اسپتال کے پاس سے گزرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

نیوز ایجنسیوں کے مطابق بدھ کی صبح کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جہاں دھماکے میں جلی ہوئی کاریں اور ملبہ تھا۔ زمین انتہائی سیاہ ہوگئی تھی۔ ایمبولینس اور پرائیویٹ کاروں سے کم و بیش ۳۵۰؍زخمیوں کو غزہ سٹی کے مرکزی اسپتال الشفا پہنچایا گیا جہاں پہلے ہی سیکڑوں زخمی زیر علاج ہیں۔ 
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اس دھماکے کے متاثرین  زخم سے چور لوگوں کے ساتھ اسپتال پہنچے۔ اسپتال میں جگہ بالکل نہیں ہے۔ دواؤں کی قلت ہے۔ عمارت کے ہال کے فرش پر انتہائی مجبوری کے عالم میں بغیر کسی دوا کے زخمیوں کی سرجری کی گئی۔ اسپتال کے ڈاکٹر ابو سلمیا نے کہا کہ ہمیں جراحی آلات کی ضرورت ہے، ہمیں دواؤں کی ضرورت ہے، ہمیں بستروں کی ضرورت ہے، ہمیں اسپتال میں استعمال ہونے والی چھوٹی چھوٹی اشیا کی کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ اسپتال کے جنریٹرز کا ایندھن چند گھنٹوں میں ختم ہو جائے گا۔

اسرائیل کے حملے میں زخمی فلسطینی الشفاء استپال میں۔ تصویر: پی ٹی آئی

خیال رہے کہ ۷؍ اکتوبر سے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مکمل ناکہ بندی ہے۔ ہزاروں فلسطینی روٹی ، پانی اور چھت کی تلاش میں در در بھٹک رہے ہیں۔ 
حماس نے اس دھماکے کو ’’ایک ہولناک قتل عام‘‘  قرار دیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، الاہلی عرب اسپتال دھماکے سے قبل غزہ پر اسرائیلی حملوں میں تقریباً۳؍ہزار افراد ہلاک اور ۹؍ہزار ۷۰۰؍ زخمی تھے جن میں تقریباً دو تہائی بچے تھے۔صحت کے حکام نے بتایا کہ غزہ میں تقریباً۱۲؍ سو افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ وہ زندہ ہیں یا مردہ اس بارے میں ہمیں کوئی اندازہ نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ۱۰؍ لاکھ سے زائد فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔ – غزہ کی آبادی کا تقریباً ۶۰؍ فیصد انخلاء کے بعد جنوب کی طرف ہے۔

فلسطینی حکام نے اطلاع دی ہے کہ غزہ پٹی میں واقع الاہلی عرب اسپتال میں اسرائیل کے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۵۰۰؍ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس ضمن میں فلسطین کے صدر محمود عباس نےاسپتال پر اسرائیل کے حملے کو’’ خطرناک قتل عام‘‘ قرار دیا جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ علاوہ ازیں اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس حوالے سے کہا کہ پوری دنیا کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ غزہ کے اسپتال پر وحشی دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے نہ کہ آئی ڈی ایف نے۔ اسرائیل کے اسپتال پر حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے فوری ’’جنگ بندی‘‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے حملے کیلئے فلسطینیوں کو ’’اجتماعی سزا ‘‘ دینا درست نہیں ہے۔ حکام کے مطابق شمالی غزہ میں دو پناہ گزیں کیمپوں میں اسرائیل کے فضائی حملے سے ۳۷؍ افراد کی موت ہو گئی ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسپتال دھماکہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ میں غزہ کے الاہلی عرب اسپتال میں دھماکہ اور اس کی وجہ سے جانے والی جانوں کا مجھے افسوس ہے۔ یہ خبر سننے کے بعد میں نے اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو  سے گفتگو کی اور قومی سیکورٹی ٹیم کو حکم دیا ہے کہ وہ معلوم کریں کہ واقعی میں کیا ہوا تھا۔ امریکہ کو جنگ کے دوران شہریوں کی زندگی اور حملے میں مریضوں، طبی عملے اور دیگر معصوموں کی جان جانے اور زخمی ہونے کا افسوس ہے۔


خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل حماس جنگ کے دوران آج اسرائیل کے دورے پر ہیں۔ وہ تل ابیب پہنچ چکے ہیں۔

مراکش میں فلسطین کی حمایت میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی م

مراکش میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK