• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل نے مغربی کنارے کو ’’ٹکڑوں میں بٹے قید خانوں‘‘ میں بدل دیا: برغوثی

Updated: October 23, 2026, 7:04 PM IST | West Bank

فلسطینی نیشنل انیشیٹو کے سیکریٹری جنرل مصطفیٰ برغوثی نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی فوجی چیک پوائنٹس، چھاپوں اور غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت، تعلیم، صحت اور معاشی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

Mustafa Barghouti. Image: X
مصطفیٰ برغوثی۔ تصویر: ایکس

فلسطینی نیشنل انیشیٹو کے سیکریٹری جنرل مصطفیٰ برغوثی نے جمعرات کو کہا کہ اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے کو’’ٹکڑوں میں بٹے ہوئے قید خانوں‘‘ میں تبدیل کر دیا ہے، جبکہ اسرائیلی افواج اور غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں نے اسے ’’میدانِ جنگ‘‘ بنا دیا ہے۔ ایک بیان میں برغوثی نے کہا کہ ۱۳۰۰؍ سے زائد اسرائیلی فوجی چیک پوائنٹس، جن میں سے اکثر بند ہیں، نے مقبوضہ مغربی کنارے کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے اس کے شہروں اور قصبوں کو ایک دوسرے سے بالکل الگ تھلگ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پابندیوں نے پورے علاقے میں معاشی سرگرمیوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو شدید متاثر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پوتن کے پاس ٹرمپ کی تصاویر اور ویڈیوز ہیں: ہلیری کلنٹن کا دعویٰ

برغوثی نے مغربی کنارے کے تمام گورنریٹس میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں، اجتماعی گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور مسلسل جبر کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر فلسطینی کسانوں کو زیتون کی فصل کاٹنے کیلئے اپنی زمینوں تک پہنچنے سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ اسرائیلی قبضہ کناں بستیاں بسانے کی توسیع کیلئے دشت گرد گروہوں کا بطورِ ہر اول دستہ استعمال کر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گروہ مغربی کنارے کے قصبوں، دیہاتوں اور شہروں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جس نے اس علاقے کو ایک ایسے ’’میدانِ جنگ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں دہشت کا سلسلہ کبھی نہیں تھمتا۔‘‘

برغوثی نے کہا کہ اس مہم کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنا، یہودی سازی اور زبردستی نقل مکانی کے اس منصوبے کو آگے بڑھانا ہے جسے انہوں نے ’’صہیونی توسیعی خواب‘‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اپنی زمین پر ڈٹے رہنے کا فلسطینیوں کا عزم اور غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کا مقابلہ کرنے والی عوامی کمیٹیاں ہی ’’واحد عنصر ہیں جو اس اسرائیلی منصوبے کی تکمیل کو روک رہی ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکی کانگریس ویمن الہان عمر نے اپنے بھائی سے مبینہ شادی کے الزام پرخاموشی توڑی

فلسطینی لیڈرنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی اقدامات پر آنکھیں موندنا بند کرے۔ انہوں نے قبضہ آور نظام اور آبادکاری کے ڈھانچے بشمول اسرائیلی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کرنے اور بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور ان کی زمینوں پر اسرائیلی افواج اور غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں زیتون کی فصل کٹائی کے موسم کے دوران شدید اضافہ ہوا ہے۔فلسطینی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں، بشمول مقبوضہ مشرقی یروشلم، ۱۹۴؍ بستیوں اور تقریباً ۴۰۰؍ چوکیوں میں تقریباً سات لاکھ ۵۰؍ ہزار غیر قانونی اسرائیلی آباد کار مقیم ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطینی زمین پر تعمیر کی گئی اسرائیلی بستیوں کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی تسلیم کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK