• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

والد کے انتقال کے ۱۷؍ سال بعد پہلی بار فردین خان نے ان کی کاؤبوائے ہیٹ پہنی

Updated: October 23, 2026, 7:07 PM IST | Mumbai

فردین خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کے انتقال کے بعد تقریباً ۱۷؍برس تک ان کی ہیٹ (ٹوپی) سنبھال کر رکھی، لیکن اسے کبھی پہنا نہیں تھا۔ اب ایک خواب کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ والد کی کاؤ بوائے ہیٹ پہنی۔

Fardeen Khan.Photo:INN
فردین خان۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکار فردین خان نے اپنے مرحوم والد اور معروف اداکار و فلم ساز فیروز خان سے جڑی ایک جذباتی یاد اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ فردین خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کے انتقال کے بعد تقریباً ۱۷؍برس تک ان کی ہیٹ (ٹوپی) سنبھال کر رکھی، لیکن اسے کبھی پہنا نہیں تھا۔ اب ایک خواب کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ والد کی کاؤ بوائے ہیٹ پہنی۔ اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ بھوری کاؤ بوائے ہیٹ، اسی رنگ کی جیکٹ اور دھوپ کے چشمے میں نظر آرہے ہیں۔ ان کا یہ انداز مرحوم فیروز خان کے مشہور مغربی طرزِ لباس کی یاد دلاتا ہے، جو اپنی شخصیت، لباس اور مخصوص ہیٹ کے باعث فلمی دنیا میں الگ پہچان رکھتے تھے۔ 

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by BollywoodNow (@bollywoodnow)


فردین خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بعض چیزیں ہمیں وراثت میں ملتی ہیں، جبکہ کچھ چیزیں شاید ہمیں اسی وقت ملتی ہیں جب ان کے ملنے کا صحیح وقت آتا ہے۔ اپنے خواب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے والد خواب میں آئے اور انہیں اپنی ہیٹ تھما دی۔ فردین کے مطابق، یہ وہی ہیٹ تھی جسے انہوں نے اس کے بعد حقیقت میں پہنا۔ اداکار نے اس تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عجیب احساس ہے کہ کوئی چیز جو برسوں سے آپ کے پاس موجود ہو، اچانک یوں محسوس ہونے لگے جیسے وہ آپ کو ابھی ابھی تحفے میں ملی ہو۔ انہوں نے اس لمحے کو اپنے لیے خاص قرار دیا اور خوابوں کی تعبیر سمجھنے والوں سے بھی اس تجربے کے بارے میں رائے دینے کی دعوت دی۔ 

یہ بھی پڑھئے:سیف علی خان اور ودیا بالن ۱۹؍ سال بعد پھر ایک ساتھ

فردین خان کے والد فیروز خان ہندی سنیما کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ ان کا انتقال ۲۷؍ اپریل ۲۰۰۹ء کو پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث  ۶۹؍ برس کی عمر میں ہوا تھا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلم سازی اور ہدایت کاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کی شخصیت میں ایک خاص رعب، منفرد انداز اور مغربی طرزِ لباس نمایاں تھا، جس نے انہیں اپنے دور کے دیگر اداکاروں سے الگ شناخت دی۔

یہ بھی پڑھئے:لاس اینجلس اولمپکس کے کوالیفائر جنوری، فروری ۲۰۲۸ء میں ہوں گے

فیروز خان کو خاص طور پر کاؤ بوائے ہیٹ، دھوپ کے چشمے اور چمڑے کی جیکٹ پہننے کا شوق تھا۔ یہ لباس ان کی شخصیت کا ایسا حصہ بن گیا تھا کہ ان کے مداح انہیں اس مخصوص انداز سے پہچانتے تھے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’’دھرماتما‘‘،’ ’قربانی‘‘،’ ’جانباز‘‘ اور’’یلغار‘‘ شامل ہیں۔ ان فلموں کے ذریعے انہوں نے بطور اداکار اور فلم ساز ہندی سنیما میں اپنی نمایاں جگہ بنائی۔  فیروز خان نے اپنے بیٹے فردین خان کے فلمی سفر میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ۱۹۹۸ء میں فلم ’’پریم اگن‘‘ کے ذریعے فردین کو بطور اداکار متعارف کرایا۔ بعد ازاں باپ بیٹے نے ۲۰۰۳ء میں فلم’ ’جانشین‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا، جس کی ہدایت کاری بھی فیروز خان نے کی تھی۔ اس فلم میں اداکارہ سیلینا جیٹلی بھی اہم کردار میں نظر آئی تھیں۔ فردین خان کی جانب سے والد کی ہیٹ پہننے کا یہ واقعہ محض لباس سے متعلق نہیں، بلکہ ایک ایسی یاد سے جڑا ہے جسے انہوں نے کئی برس تک اپنے پاس محفوظ رکھا۔ خواب میں والد کو دیکھنے اور ان کے ہاتھ سے ہیٹ ملنے کے احساس نے اس پرانی چیز کو ان کے لیے ایک نئے جذباتی معنی دے دیے۔
فردین کی اس پوسٹ نے ایک بار پھر فیروز خان کی منفرد شخصیت اور باپ بیٹے کے رشتے کی یاد تازہ کردی ہے۔ ان کے مداحوں کے لیے یہ لمحہ اس لیے بھی خاص ہے کہ فردین نے اپنے والد کے مشہور انداز کو اپناتے ہوئے ان کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس سے فیروز خان کا یادگار فلمی انداز ایک بار پھر خبروں میں آگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK