• Mon, 01 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل: بدعنوانی کے مقدمے میں وزیراعظم نیتن یاہو پہلی بار عدالت میں حاضر

Updated: December 01, 2025, 8:18 PM IST | Tel Aviv

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بدعنوانی کیس میں اسرائیلی صدر سے معافی کی درخواست کی، جس کے بعد وہ تل ابیب کی عدالت میں پہلی بار پیش ہوئے۔ ان کی معافی کی اپیل نے اسرائیل میں نئی سیاسی اور عوامی بحث کو جنم دیا ہے۔ نیتن یاہو پر بدعنوانی کے تین معاملات کے علاوہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے جنگی جرائم کے الزامات بھی ہیں۔

Netanyahu in Israeli court. Photo: X
نیتن یاہو اسرائیلی عدالت میں۔ تصویر: ایکس

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو پیر کو تل ابیب کی ضلعی عدالت میں پہلی مرتبہ پیش ہوئے۔ خیال رہے کہ ایک دن پہلے ہی انہوں نے اپنے بدعنوانی مقدمے میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ سے معافی کی درخواست کی تھی۔ اتوار کو نیتن یاہو نے صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں ان بدعنوانی کے الزامات سے معافی دیں جو کئی سال سے ان کا پیچھا کر رہے ہیں۔ اس اقدام نے اسرائیل میں شدید تقسیم پیدا کی، کیونکہ ملک میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو اس وقت تک معافی کے خلاف ہیں جب تک نیتن یاہو اپنی غلطی تسلیم نہ کر لیں اور سیاسی زندگی سے کنارہ کش نہ ہو جائیں۔ اسرائیلی چینل ۱۲؍ کے مطابق، پیر کو نیتن یاہو کا ٹرائل سیشن اس بات کو نظرانداز کرتے ہوئے شروع ہوا کہ وزیرِ اعظم نے معافی کی درخواست دائر کی ہے۔ چینل نے بتایا کہ نیتن یاہو نے ’’سفارتی اور سیکوریٹی مصروفیات‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کو عدالت میں اپنی پیشی منسوخ کرنے کی درخواست بھی کی ہے، جس پر ججوں نے غور کرنے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: نیتن یاہو کی معافی کی درخواست، صدر کی رہائش گاہ پر شہریوں کا احتجاج

نیتن یاہو اس سے قبل بھی مختلف وجوہات جیسے سفری شیڈول، سیکوریٹی مسائل، سیاسی سرگرمیوں اور غزہ میں جاری دو سالہ فوجی مہم میں مصروفیت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عدالتی سیشنوں کو مؤخر یا مختصر کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ نیتن یاہو پر مقدمہ ۲۴؍ مئی ۲۰۲۰ء کو شروع ہوا تھا، اور وہ ملک کی تاریخ کے پہلے وزیرِ اعظم ہیں جنہیں مجرمانہ مدعا علیہ کے طور پر عدالت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے خلاف تین مختلف بدعنوانی مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جن سے وہ مکمل انکار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات بھی عائد ہیں۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نومبر ۲۰۲۴ء میں غزہ میں کئے گئے مبینہ مظالم کے سلسلے میں نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔ غزہ میں اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک ۷۰؍ ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK