Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل نے غزہ جنگ پر اے آئی کے جوابات کو متاثر کرنے کیلئے ۵ء۴۶ ملین ڈالر خرچ کئے: رپورٹ

Updated: July 29, 2026, 10:11 PM IST | Tel Aviv

ڈراپ سائٹ کے پیش کردہ دستاویزات کے مطابق، ان ویب سائٹس کا استعمال امریکہ اور اسرائیل کے درمیان قریبی فوجی تعاون کو فروغ دینے، غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم کا دفاع کرنے، اس کے طرزِ عمل کے خلاف الزامات کو چیلنج کرنے اور اسرائیل حامی نقطۂ نظر کو پیش کرنے کیلئے کیا گیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

’ڈراپ سائٹ نیوز‘ (Drop Site News) کی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیل نے ایک ڈجیٹل اثر و رسوخ کی مہم، جس کا مقصد یہ طے کرنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے سسٹمز غزہ جنگ کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا کیا جواب دیتے ہیں، پر ۵ء۴۶ ملین ڈالر خرچ کئے۔ رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سابق مہم منیجر برَیڈ پارسکیل (Brad Parscale) اور ان کی فرم ’کلاک ٹاور ایکس‘ (Clock Tower X) نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ویب سائٹس کا ایک نیٹ ورک قائم کیا تاکہ اسرائیلی بیانیے کو فروغ دیا جا سکے اور ’چیٹ جی پی ٹی‘ (ChatGPT)، ’کلاڈ‘ (Claude)، ’جیمنی‘ (Gemini) اور ’پرپلیکسٹی‘ (Perplexity) سمیت بڑے اے آئی پلیٹ فارمز کے جوابات کو متاثر کیا جا سکے۔

ڈراپ سائٹ کے پیش کردہ دستاویزات کے مطابق، ’کلاک ٹاور ایکس‘ نے متعدد ویب سائٹس پر سیکڑوں مضامین شائع کئے جن میں غزہ جنگ، اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور امریکہ-اسرائیل تعلقات کا احاطہ کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں نشان زد ویب سائٹس میں Allyvia.org، FactSignal.org، اور Paxpoint.org شامل ہیں، ان ویب سائٹس کا استعمال امریکہ اور اسرائیل کے درمیان قریبی فوجی تعاون کو فروغ دینے، غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم کا دفاع کرنے، اس کے طرزِ عمل کے خلاف الزامات کو چیلنج کرنے اور اسرائیل حامی نقطۂ نظر کو پیش کرنے کیلئے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: اٹلی: پیپ سمر کیمپ، گارڈیالا نے ۳۰؍ فلسطینی بچوں کا خیرمقدم کیا

’ایل ایل ایم پوائزننگ‘ (LLM Poisoning): مہم نے اے آئی کو کیسے نشانہ بنایا؟

اسرائیلی مہم میں ایک ایسی تکنیک کا استعمال کیا گیا جسے رپورٹ میں ”LLM poisoning“ (بڑے لینگویج ماڈلز کو زہر آلود کرنا) کے طور پر بیان کیا گیا ہے یعنی ایسا مواد تیار کرنا جو خاص طور پر سرچ انجنز کے ذریعے انڈیکس ہونے اور اے آئی ٹریننگ سسٹمز میں شامل ہونے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہو، نہ کہ براہِ راست انسانی پڑھنے والوں کو متوجہ کرنے کیلئے۔ اگرچہ ان ویب سائٹس پر انسانی ٹریفک بہت کم تھی، لیکن ان کا مقصد اے آئی کرالرز (crawlers) اور ٹریننگ ڈیٹا سیٹس کے ذریعے پڑھا جانا تھا۔

ڈراپ سائٹ نے رپورٹ کیا کہ اس حکمتِ عملی کے نتائج پہلے ہی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک تجربے میں، ’پرپلیکسٹی‘ نے امریکہ کے اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے Allyvia.org کا حوالہ دیا۔ مائیکروسافٹ کے ’کوپائلٹ‘ (Copilot) نے بھی ’کلاک ٹاور ایکس‘ سے منسلک ویب سائٹس کا حوالہ دیا۔ اس نیٹ ورک کا مواد ’کامن کرال‘ (Common Crawl) کے ذریعے اے آئی ٹریننگ ڈیٹا سیٹس میں داخل ہوا ہے، جو بڑے لینگویج ماڈل تیار کرنے والوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والا ایک ویب آرکائیو ہے۔ ’کلاک ٹاور ایکس‘ سے جڑی ۱۰ ویب سائٹس کو جنوری اور جون ۲۰۲۶ء کے درمیان ’کامن کرال‘ نے سیکڑوں بار کرال (crawl) کیا۔

یہ بھی پڑھئے: وہائٹ ہاؤس کے باہرفلسطین حامی مظاہرین کا نیتن یاہو کے دورے کے خلاف احتجاج

ڈس انفارمیشن کی نگرانی کرنے والے ادارے ’چیک فرسٹ‘ کے سی ای او ہروے لیٹوکوئی نے کہا کہ یہ طریقہ کار انتہائی موثر ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ ویب سائٹس شاید ’کیا اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے؟‘ جیسے سوالات پر نقصان کے ازالے میں کافی کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں، کیونکہ یہ اسرائیلی بیانیہ فراہم کرتی ہیں، جسے چیٹ بوٹس بحث کے ایک پہلو کی نمائندگی کے طور پر دہرائے جا سکتے ہیں۔“

رپورٹ میں نوٹ کیا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی حملوں میں ۷۳ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں امریکہ میں اسرائیل کی عوامی حمایت میں تیزی سے کمی آئی ہے، حتی کہ ان گروپس میں بھی جو روایتی طور پر اسرائیل کے حامی رہے ہیں جیسے کہ قدامت پسند اور ایوینجلیکل عیسائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK