• Thu, 04 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی فوج نے غزہ کو گھیرلیا،بہیمانہ بمباری بھی تیز،۱۱۹؍ فلسطینی شہید

Updated: September 04, 2025, 1:50 PM IST | Agency | Gaza

اسرائیلی فوجیوں نے پھر ۲؍فلسطینی صحافیوں کو ہلاک کیا، المواسی میں پانی کی تقسیم کے ایک مرکز پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا۔

An Israeli tank roars and fires shells in a devastated area of ​​Gaza. Photo: Agency
غزہ کے ایک تباہ حال علاقے میں اسرائیلی ٹینک دندناتے ہوئے گولے برسار ہا ہے۔ تصویر:ایجنسی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت رکنے کا نام نہیں لے رہی،تازہ حملوں کے نتیجے میں مزید۱۱۹؍ سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔اسرائیلی سیکوریٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فوج نے شمالی غزہ شہر کو اس وقت پوری طرح سے گھیر لیا ہے۔ اسرائیلی ٹی وی چینل۱۲؍ نے ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ فوج کے اندازوں کے مطابق غزہ شہر پر قبضے کی کارروائی تیز رفتار نہیں ہو گی۔  طبی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح سے بدھ  تک اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم۱۰۵؍ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔  ان شہدا میں۳۲؍افراد وہ بھی شامل ہیں جو وسطی اور جنوبی غزہ میں امداد کے متلاشی تھے۔  الجزیرہ کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں پانی کی تقسیم کے ایک مرکز پر اسرائیلی ڈرون حملہ بھی کیا گیا ہے۔جس میں کئی بچے شہید ہوئے۔  زخمیوں کو  النصر اسپتال منتقل کیا گیا۔  اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ حازم نعیم نامی ایک حماس رکن کو ہلاک کر دیا ہے، جس پر الزام تھا کہ وہ غزہ میں۳؍ اسرائیلی قیدیوں کو حراست میں رکھے ہوئے تھا۔ تاہم حماس نے اس دعوے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسرائیل کی ہٹ دھرمی اور مظالم کے خلاف کئی آوازیں اٹھیں

 دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ۲۴؍  گھنٹوں کے دوران غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید۱۳؍  فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں۳؍ بچے بھی شامل ہیں۔  اس طرح جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں بھوک سے  اموات کی مجموعی تعداد۳۶۱؍ تک پہنچ گئی ہے، جن میں۱۳۰؍ بچے شامل ہیں۔ 
 رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی فوج نے غزہ کی صورت حال کو دنیا سے چھپانے کیلئے  صحافیوں کو نشانہ بنانے کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ۲؍اور صحافی کو شہید کر دیا ہے۔ جن کے نام  رسمی سالم اور ایمن ہانیہ شامل ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ منگل کے روز غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی کیمرہ مین شہید ہو گیا جو کہ غزہ میں ہونے والا صحافیوں پر تازہ ترین حملہ ہے۔ 
 غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ منارا میڈیا کمپنی کے لیے کام کرنے والے رسمی جہاد سالم غزہ شہر میں الجلا اسکوائر کے قریب ابو الامین اسٹریٹ کو نشانہ بنانے والی حملے میں شہید ہوگئے۔ 
نئی شہادت کے بعد غزہ میں اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک صحافیوں کی اموات کی تعداد۲۴۹؍ ہو گئی ہے۔  میڈیا آفس نے فلسطینی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو قتل کرنے کی اسرائیل کی دانستہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پریس کے خلاف ایک منظم مہم قرار دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK