Updated: April 12, 2026, 10:08 PM IST
| Tel Aviv
اسرائیلی اپوزیشن لیڈروں نے نیتن یاہو کو ایران کے خلاف جنگ میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بنایا، اور اسے مکمل ناکامی قرار دیا، اپوزیشن شخصیات، بشمول یائیر گولان اور یائیر لاپیڈ، کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے جنگ کے وہ اہداف حاصل نہیں کیے جو انہوں نے خود مقرر کیے تھے۔
لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی
اسرائیل کے اپوزیشن لیڈروں نے وزیر اعظم نیتن یاہو کے ایران کے خلاف جنگ میں اسرائیل کے اہداف کے بارے میں دعوؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ جنگ کے ان مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے جو انہوں نے خود طے کیے تھے۔‘‘ ڈیموکریٹس پارٹی کے لیڈریائیر گولان نے سنیچرکو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’جب آپ فتح یاب اور کامیاب ہوتے ہیں، تو آپ کو ہر چند روز بعد یہ اعلان کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی کہ آپ فتح یاب اور کامیاب ہو گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ وقت آگیا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔نیتن یاہو دباؤ میں ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جنگ (ایران کے خلاف) کے اہداف حاصل نہیں ہوئے۔‘‘
یہ بھی پرھئے: اسلام آباد مذاکرات بے نتیجہ، امریکہ اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا
جبکہ اپوزیشن لیڈر یائیر لاپیڈ نے بھی ایسے ہی تبصرے کرتے ہوئے کہا، ’’نیتن یاہو ایک بار پھر فوج کی کامیابیوں پر فخر کر رہے ہیں، تاکہ ہم ان کی مکمل ناکامی کو بھول جائیں۔‘‘ انہوں نے ایکس پر یہ بات کہی۔لاپیڈنے مزید کہا، ’’انہوں نے جنگ کے ان میں سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کیا جو انہوں نے خود طے کیے تھے۔‘‘
واضح رہے کہ یہ تنقید ان دنوں سامنے آئی جب اپوزیشن نے جنگ بندی کو’’ اسٹریٹجک ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے نیتن یاہو کو نشانہ بنایا۔یہ بھی یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ امریکی جنگ بندی کی حمایت کی، لیکن اصرار کیا کہ اس میں لبنان شامل نہیں ہے۔بعد ازاں اسرائیلی وزیر اعظم نے لبنان میں مزید حملوں کی دھمکی دی، کہا کہ اسرائیل صرف اس صورت میں مذاکرات پر راضی ہو گا جب حزب اللہ کو غیر مسلح کر دیا جائے اور ایک پائیدار امن معاہدہ طے پائے۔دریں اثناءمسلسل فوجی کارروائی پر خبردار کرتے ہوئے، نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ ’’ابھی ختم نہیں ہوئی،‘‘ اور دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ’’زبردست کامیابیاں‘‘ حاصل کی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کیخلاف برلن اور میلان میں ہزاروں افراد کا احتجاج
ذہین نشین رہے کہ ۲؍ مارچ سے لبنان کے خلاف اسرائیل کی بڑے پیمانے پر جارحیت میں ۲۰۲۰؍افراد ہلاک اور۶۴۳۶؍ زخمی ہو چکے ہیں۔