• Wed, 10 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ پرقبضے کیلئے اسرائیل کے بہیمانہ حملوں میں شدت

Updated: September 10, 2025, 10:32 AM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv

یاہو نے کہا کہ غزہ کی مزید عمارتوں کو نشانہ بنائیں گے، اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دی۔

Palestinians devastated by the increasing Israeli attacks in northern Gaza are now being forced to flee to other locations. Photo: INN
شمالی غزہ میں بڑھتے اسرائیلی حملوں کے سبب تباہ حال فلسطینی اب دیگر مقامات کی طرف مجبوراً کوچ کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونریز کارروائیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، قابض فوج نے غزہ میں مزید۵۲؍ فلسطینیوں کو  شہید کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے رہائشی عمارتوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر حملے کرکے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔   مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ سے۶؍ اسرائیلی کی ہلاکت کے بعد صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں مزید تیز کردیں۔  قابض فوج نے جنین کیمپ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ۲؍ فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 
یاہو نے غزہ کے باشندوں کودھمکی دی 
   اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن  نیتن یاہو نے بیان دیا ہے کہ ان کی افواج نے غزہ شہر میں دو دن کے اندر۵۰؍ رہائشی ٹاورز کو تباہ کر دیا ہے اور اس علاقے کے سب سے بڑے شہری مرکز پر قبضہ کرنے کے منصوبوں کے ایک حصے کے طور پر مزید مسمار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یاہو نے کہا کہ پچھلے دو دنوں میں ان میں سے۵۰؍ ٹاور گر چکے ہیں۔   ویڈیو پیغام میں  یاہو نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے انہیں گرایا ہے یہ تو شروعات ہے ، ہماری افواج   اب غزہ شہر میں منظم ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے اہل غزہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک   طاقتور آپریشن کا پیش خیمہ ہے لہٰذا میں غزہ کے رہائشیوں سے کہتا ہوں کہ وہ وہاں سے نکل جائیں۔   حماس نے ان بیانات کی مذمت کی اور انہیں کھلے عام  سرزد  جرائم کی بدترین شکلوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ 
  یاد رہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی  فورسیز  نے غزہ شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع کیا جو سینکڑوں بے گھر شہریوں کو پناہ دے رہی تھیں ۔ غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق ، اسرائیل اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک۶۴؍ہزار ۵۰۰؍سے زیادہ فلسطینیوں کو ہلاک کرچکا ہے۔ 
اسرائیلی وزیر دفاع ویڈیو بیان میں کیا کہا؟
  اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کے ہتھیار نہ ڈالنے کی صورت میں غزہ کو مکمل طور پر مسمار کرنے کی دھمکی دے دی۔  ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق کاٹز نے  ایکس پر لکھا کہ غزہ کو ملبے میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ یہ اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے تازہ دھمکی ہے کیونکہ اسرائیلی فوج پہلے ہی غزہ میں بڑے حملوں کی تیاری کر رہی ہے اور اس نے بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنانا بھی شروع کر دیا ہے۔   کاٹز نے لکھا کہ گزشتہ روز ایک خطرناک طوفان غزہ سے ٹکرایا، دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ناکام بنانے اور زمینی حملے کیلئے  راہ ہموار کرنے کیلئے ۳۰؍ کثیر المنزلہ عمارتوں پر حملہ کر کے ان کو تباہ کیا گیا، درجنوں مزید اہداف پر بمباری کی گئی۔
 خیال رہے کہ گزشتہ روز  امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز پیش کیں۔  امریکی تجاویز میں تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے ہزاروں فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی شامل ہے۔  حماس نے نئی امریکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے معاہدے کیلئے  مذاکرات پر   رضامند ظاہر کردی۔  تاہم جنگ بندی سے متعلق اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK