رکن اسمبلی امین پٹیل نے انکشاف کیا کہ مہاڈا نے جو ٹینڈرطلب کیا ہے ،اس میں مارکیٹ ریٹ سے ۱۰۰؍تا ۱۴۰؍فیصد کم میں تعمیر کی پیشکش کی گئی ہے
رکن اسمبلی امین پٹیل توجہ طلب نوٹس کے ذریعے جنوبی ممبئی کی قدیم عمارتوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
یہاں اسمبلی کے سرمائی اجلا س میں بدھ کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے توجہ طلب نوٹس کے تحت چونکا دینے والا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی ممبئی کے قلابہ، پائیدھونی، عمر کھاڑی، کماٹی پورہ، نل بازار، کالبادیوی ، محمد علی روڈ اور بھلیشور میں واقع قدیم اورخستہ حال عمارتوں کے ری ڈیولپمنٹ کیلئے مہااڈ نے جو ٹینڈر طلب کیا ہے ، اس میں مارکیٹ ریٹ سے ۱۰۰؍ تا ۱۴۰؍ فیصد کم میں تعمیر کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ یہ غیر قانونی تعمیرات کے بغیر ممکن نہیں ۔
اس تعلق سے حکومت کی جانب سے کابینی وزیر شمبھوراج دیسائی نے بتایا کہ مہاڈاکی پرانی عمارتوں کی مرمت کیلئے کم نرخوں پر ٹینڈر جمع کرانے کی جانچ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
رکن امین پٹیل نے جنوبی ممبئی میں پرانی عمارتوں کی از سر نو تعمیر کے حوالے سے ایک دلچسپ تجویز پیش کی تھی۔ وزیر شمبھوراج دیسائی نے اس پر یہ اطلاع دی۔ ا نہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے جنوبی ممبئی میں پرانی عمارتوں کی از سر نو تعمیر سے متعلق مہاڈا کے سیکشن۷۹؍ اے کے تحت جاری نوٹس پر روک لگا دی ہے۔ اس اسٹے کو ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے اور مہاڈا کی طرف سے سختی سے پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمرکھاڑی میں۸۱؍ عمارتوں کو دو مرحلوں میں دوبارہ تیار کرنے کا منصوبہ قابل عمل ہونے کا جائزہ لیا جائے گا۔اس بحث میں اراکین اسمبلی کیپٹن تمل سیلوان اور اجے چودھری نےبھی حصہ لیا۔
اسی طرح ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں میں تاخیر پر اٹھائے گئے متعدد سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر شمبھوراج دیسائی نے کہا ہے کہ ’’ممبئی میں پرانی عمارتوں کی تعمیر نو کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا جو ۵؍ سے ۱۰؍ سال سے رکے ہوئے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو ان پروجیکٹوں میں تیزی لا نے کیلئے ڈیولپر کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
رکن اسمبلی اجے چودھری نے توجہ طلب نوٹس کے ذریعے ممبئی کے جیجاماتا نگر، کالاچوکی میں اپنے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے بارے میں ایک تجویز پیش کی تھی۔ اس کا جواب دیتے ہوئے دیسائی نے یہ یقین دہانی کرائی ۔شمبھو راج دیسائی نے کہا کہ اس وقت کے سرپرست وزیر نے ایک میٹنگ کی تھی اور جیجاماتا نگر، کالاچوکی میں واقع کچی آبادی کے ری ڈیولپمنٹ کے سلسلے میں تجاویز پیش کی تھیں۔ اگر اس تجویز کے مطابق ترقیاتی کام نہ ہوئے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں آئندہ ماہ ایک اور میٹنگ ہوگی۔ممبئی میں کئی برسوں سے رکے ہوئے پرانی عمارتوں کی تعمیر نو کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد ڈیولپرس کو آخری موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پھر بھی پروجیکٹ آگے نہ بڑھا تو ڈیولپر کو تبدیل کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔اس بحث میں اراکین اسمبلی جینت پاٹل، اجے چودھری اور مرجی پٹیل نے بھی حصہ لیا۔