• Sat, 14 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناندیڑ: بارش کے لئے عیدگاہ دلہا شاہ رحمٰن میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی

Updated: August 28, 2023, 12:14 PM IST | Z A Khan | Nanded

مولاناسعدعبداللہ ندوی نے مختصر خطاب کیا ۔چلچلاتی دھوپ میں لوگ جمع ہوئے اور بارش کیلئے گڑگڑا کر دعا کی

The scene of Namaz Istiqa in Dulha Shah Abdul Rahman. Photo. INN
عیدگاہ دلہاشاہ رحمٰن میں نمازاستسقاء کا منظر۔ تصویر: انقلاب

 :بارش کیلئے مراٹھواڑہ کے متعدد اضلاع میں ان دنوں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اسی سلسلہ میں اتوار ناندیڑ میں عیدگاہ دلہا شاہ رحمٰن میں مولانا سعد عبداللہ ندوی کی امامت میں نماز استسقاء ادا کی گئی جس میں شہر کے مختلف مقامات سے کثیر تعداد میں لوگ پہنچے ۔علماء و ائمہ اکرام کی جانب سے اس نماز کیلئے لوگوں سے عید گاہ میں جمع ہونے کی اپیل کی گئی تھی ۔
 اس موقع پر مولانا سعد عبداللہ ندوی نے اپنے مختصر خطاب میں بارش کیلئے نماز استسقاء کے حوالے سے اسلامی تعلیمات میں جن باتوں کا ذکر ملتاہے، ان کے بارے میں بتایا۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کے رسول ؐکے زمانے میں جس وقت خشک سالی کے حالات پیداہوجاتے تو اللہ رسول ؐ شہر سے باہر کھلے میدان میں لوگوں کو جمع کرتے اور بارش کے لئے نماز استسقاء اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کرتے ۔ چنانچہ ہمیں بھی موجودہ حالات میں نماز استسقاء کے اہتمام کی ضرورت محسوس کی گئی اور آج اس کا اہتمام کیا گیا ۔ بارش نہ ہونے سے انسان اور جانوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔بارش کا موسم شروع ہوئے تین مہینہ ہونے کو آئے ہیں لیکن اب تک جیسی بارش ہونی چاہئے ویسے بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ سے موسم گرما میں پانی کی شدید قلت کے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑسکتاہے اس طرح کی اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں ۔بارش نہ ہونے پر ہمیں اپنے گناہوں پر شرمندہ ہوکر معافی مانگنا چاہئے ۔زمین پر جب گناہ بڑھ جاتے ہیں تو اللہ آسمان سے بارش کو روک دیتا ہے۔ظلم و انصافی جب بڑھ جاتی ہے تو اللہ بارش نہیں برساتا ۔اس لئے اس وقت ہم تمام کو اپنے حالات کا جائزہ لینا ہوگا اور گناہوں سے نکل کر نیکی والی زندگی گزارنے کی کوشش کرنی ہوگی ۔
 نماز کے بعد مولانا سعد عبداللہ ندوی نے بارش کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا ۔رو رو کر اور گڑ گڑاکر لوگوں نے دعائیں کیں ۔ چلچلاتی دھوپ میں لوگ عید گاہ میدان پر جمع ہوئے اور بارش کے لئے اللہ کے حضور دعا کی ۔
 نمازِ استسقاء کیلئے عید گاہ پر نظم و ضبط کیلئے ہیپی کلب کی ٹیم نے بھی اپنی خدمات انجام دی جبکہ عید گاہ کے متولی محمد شمیم نے بھی یہاں انتظامات کا جائزہ لیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK