• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اٹلی: اپنی والدہ کی موت اور لاش چھپا کر ان کے بھیس میں پنشن وصول کرنے والا شخص گرفتار

Updated: November 26, 2025, 8:02 PM IST | Rome

تفتیش کاروں کے مطابق، ۵۶ سالہ ملزم نے ۲۰۲۲ء میں اپنی والدہ کی موت کو ظاہر نہیں کیا اور مبینہ طور پر ان کی لاش کو اپنے گھر کے اندر چھپا رکھا تھا۔

Photos of Accused and his Mother. Photo: X
ملزم اور اس کی والدہ کی تصویر۔ تصویر: ایکس

اٹلی میں ایک شخص کو مبینہ طور پر تقریباً تین سال تک اپنی مرحومہ ماں کا بھیس بدل کر ان کی پنشن وصول کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے دھوکہ دہی اور لاش چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اٹلی کے شمالی شہر مانٹوا کے قریب واقع بورگو ورجیلیو میں پیش آئے اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق، ۵۶ سالہ ملزم نے ۲۰۲۲ء میں اپنی والدہ کی موت کو ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کسی کو یا حکومت کو اس کی اطلاع دی اور مبینہ طور پر ان کی لاش کو اپنے گھر کے اندر چھپا رکھا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس دوران ہزاروں یورو کی پنشن کی ادائیگیاں وصول کرتا رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں خواتین کے خلاف سفاکی پر وہ ردعمل نہیں آیا جس کی وہ مستحق ہے: اردگان

تقریباً تین سال کے بعد یہ منصوبہ اِس ماہ کے شروع میں ناکام ہوگیا جب ملزم اپنی والدہ کے شناختی کارڈ کی تجدید کرانے کیلئے مقامی کونسل کے دفتر گیا۔ عملے کے ایک رکن کو اس کی شکل و صورت اور رویے پر شک ہوا جس کے بعد اس نے سیکیورٹی کو الرٹ کیا۔ حکام نے ریکارڈ پر موجود تصویر کا موازنہ سامنے کھڑے شخص سے کیا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ جب افسران نے اس کے گھر کی تلاشی لی تو خاتون کی لاش لانڈری روم میں پائی گئی۔

بورگو ورجیلیو کے میئر فرانسسکو اپورٹی نے ’کوریئر ڈیلا سیرا‘ کو بتایا کہ ملزم، ”ایک معمر خاتون کے لباس میں“ کونسل کے دفتر پہنچا تھا۔ اس نے لپ اسٹک، نیل پالش، زیورات، پرانے طرز کے بالیاں اور گہرے بھورے رنگ کی بوب وِگ پہن رکھی تھی۔ اس نے مبینہ طور پر زنانہ آواز کی نقل کرنے کی کوشش کی لیکن کبھی کبھار اس کا ”مردانہ لہجہ پھسل جاتا تھا۔“ کونسل کے عملے نے جسمانی تضادات بھی محسوس کئے۔ ان کے مطابق، ملزم کی موٹی گردن، چہرے پر غیر معمولی جھریاں اور ہاتھ کسی معمر خاتون کے نہیں لگ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: آسٹریلیا: برقع کی مخالفت میں پارلیمنٹ میں برقع پہننے والی سینیٹر معطل

اطالوی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ وہ شخص پہلے ایک نرس کے طور پر خدمات انجام دیتا تھا لیکن گزشتہ کئی ماہ سے بے روزگار تھا۔ اس نے مبینہ طور پر اپنی والدہ کی پنشن اور تین جائیدادوں سے ہونے والی آمدنی کی شکل میں سالانہ تقریباً ۵۳ ہزار یورو (تقریباً ۵۴ لاکھ ۶۵ ہزار روپے) کی آمدنی برقرار رکھی تھی۔ پراسیکیوٹرز اب دھوکہ دہی، عوامی فنڈز کے غلط استعمال اور لاش کو غیر قانونی طور پر چھپانے سے متعلق الزامات کی جانچ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK