سائمن ہارمر کی تباہ کن بولنگ کے باعث جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز بدھ کو ہندوستان کو دوسری اننگز میں ۱۴۰؍ رنز پر ڈھیر کرکے نہ صرف میچ ۴۰۸؍ رنز سے جیت لیا بلکہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی۰۔۲؍ سے اپنے نام کر کے تاریخ رقم کردی۔
EPAPER
Updated: November 26, 2025, 6:49 PM IST | Guwahati
سائمن ہارمر کی تباہ کن بولنگ کے باعث جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز بدھ کو ہندوستان کو دوسری اننگز میں ۱۴۰؍ رنز پر ڈھیر کرکے نہ صرف میچ ۴۰۸؍ رنز سے جیت لیا بلکہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی۰۔۲؍ سے اپنے نام کر کے تاریخ رقم کردی۔
سائمن ہارمر کی تباہ کن بولنگ کے باعث جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز بدھ کو ہندوستان کو دوسری اننگز میں ۱۴۰؍ رنز پر ڈھیر کرکے نہ صرف میچ ۴۰۸؍ رنز سے جیت لیا بلکہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی۰۔۲؍ سے اپنے نام کر کے تاریخ رقم کردی۔ جنوبی افریقہ نے پہلی مرتبہ ہندوستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔
چائے کے وقفے تک ہندوستان کی پوزیشن انتہائی نازک ہو چکی تھی اور میزبان ٹیم ۹۰؍ رنز پر اپنے پانچ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔ وقفے کے بعد بھی ہارمر اور کیشو مہاراج کی جوڑی نے ہندوستانی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
سائی سدرشن۱۳۹؍ گیندوں پر۱۴؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ واشنگٹن سندر۱۶؍ رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔روینڈر جڈیجا نے۸۷؍ گیندوں پر ۵۴؍ رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور کیشو مہاراج کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، مگر اگلے ہی اوور میں ہارمر نے نتیش کمار ریڈی کو صفر پر آؤٹ کر کے ہندوستان کی بچی ہوئی امیدیں بھی ختم کر دیں۔ مہاراج نے اپنے ۶۴؍ویں اوور میں جڈیجا اور پھر آخری بلے باز کو آؤٹ کرکے ہندوستانی اننگز ۱۴۰؍ رنز پر سمیٹ دی۔
پہلے ٹیسٹ میں ٹیمبا باؤما کی نصف سنچری نے پروٹیز کی جیت کی بنیاد رکھی تھی جبکہ گوہاٹی ٹیسٹ میں مْیتھوسامی اور جینسن نے مشکل صورتحال میں اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔ دونوں میچوں میں جینسن اور ہارمر نے ہندوستانی بیٹنگ کو مسلسل پریشان رکھا، جس نے آخرکار تاریخی سیریز فتح کی راہ ہموار کی۔ نیوزی لینڈ کے بعد اب جنوبی افریقہ وہ دوسری ٹیم بن گئی ہے جس نے ہندوستان کو گھریلو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل ڈراز کے طریقہ کار کا اعلان
ہارمر نےہندوستان میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹ لینے کا ریکارڈ بنا کر ڈیل اسٹین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کپتان باؤما بھی بحیثیت کپتان۱۲؍ میں سے۱۱؍ ٹیسٹ جیت کر بغیر شکست کے سب سے کامیاب کپتان بن گئے ہیں اور انہوں نے اس ریکارڈ میں مائیک بریئلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
سائمن ہارمر نے ۲۳؍ اوور میں۳۷؍ رنز دے کر۶؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ کیشو مہاراج نے۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سامی اور مارکو جینسن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آیا۔
یہ بھی پڑھئے:’کس کس کو پیار کروں۲‘ کا ٹریلر جاری، کپل شرما الگ الگ روپ میں نظرآرہے ہیں
اس سے قبل ہندوستان نے اپنی نامکمل اننگز ۲۷؍ رنز دو وکٹ کے نقصان پر شروع کی تھی۔ صبح کے سیشن میں ہارمر نے پہلے کلدیپ یادو (۵) اور پھر دھرو جوریل ( ۲) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی ڈرا بچانے کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔ کپتان رشبھ پنت نے تیز آغاز کیا مگر ۱۶؍ گیندوں پر ۱۳؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چائے کے وقفے تک ہندوستان ۵؍ وکٹ پر ۹۰؍ رنز بنا چکا تھا اور سائی سدرشن (۱۴) اور جڈیجا (۳۰؍رن) جدوجہد کر رہے تھے۔مارکو جینسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔