متین شبیر پٹیل نےپولیس سے شکایت کی ہے کہ کچھ چینلوں نے اورنگ آباد کے متین پٹیل کی جگہ ان کی تصویر دکھائی جس سے ان کی بدنامی ہورہی ہے، انہوں نے جلگائوں سائبر کرائم کے علاوہ ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ نیوز چینل کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ بھی کیا۔
اس ویڈیو نیوز کا عکس جس میں جلگاؤں کے متین پٹیل کی تصویر استعمال کی گئی۔ تصویر: آئی این این
ناسک کے ٹی سی ایس معاملے کے کوریج میں اپنی تصویر استعمال کئے جانے سے جلگاؤں کے متین شبیر پٹیل بے حد پریشان ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ایک مراٹھی نیوز چینل کی اس حرکت سے ان کی بدنامی ہوئی ہے اور وہ ذہنی طور سے پریشان ہوئے ہیں، لہٰذا ایف آئی آر درج کی جائے۔
اس معاملے کا پس منظر یہ ہے کہ پچھلے دنوں اورنگ آباد کے نارے گائوں علاقے سے جانچ ایجنسی ایس آئی ٹی نے ندا خان کوگرفتار کیا گیا تھا۔ ندا کو جس مکان سے حراست میں لیا گیا تھا، وہ اورنگ آباد کے کارپوریٹر متین پٹیل کی ملکیت بتایا گیا۔ اورنگ آباد میونسپل انتظامیہ نے الزام لگایا کہ یہ مکان غیر قانونی طریقےسے تعمیر کیا گیا، اور میونسپل انتظامیہ نے اس مکا ن کو منہدم کردیا۔
اس معاملے کے کوریج میں کچھ مراٹھی نیوزچینل نے مبینہ طور پر اورنگ آباد کے متین پٹیل کی تصویر کی جگہ جلگاؤں کے متین پٹیل کی تصویر استعمال کی۔ اس سلسلے میں جلگائوں کے متین شبیر پٹیل نے جلگائوں سائبر کرائم کے علاوہ ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ نیوز چینلوں کے خلاف تحریر شکایت دے کر کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چندرپور میں ۷؍ یا ۸؍ اربن نکسل سرگرم؟ پولیس کا سنسنی خیز دعویٰ
متین شبیر پٹیل نے کہا کہ’’ مراٹھی کے معروف چینلوں نے اورنگ آباد کے کارپوریٹر متین پٹیل کی جگہ میری تصویر استعمال کی، اس حرکت سے مجھے ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور سماج میں بدنامی ہورہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہرکوئی مجھ سے اس معاملے میں استفسار کررہا ہے۔ جس پر مجھ وضاحت دینی پڑرہی ہے۔ حالانکہ میں نے اپنے فیس بُک، انسٹاگرام اور دیگرسوشل میڈیا اکائونٹس پر یہ معلومات بھی شیئر کی ہے ’’ وہ میں نہیں ہو ں ‘‘، میرا ناسک ٹی سی ایس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ‘‘ جلگائوں ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں دی گئی تحریری شکایت میں متین شبیر پٹیل نے ’’ٹائمس ناؤ مراٹھی ‘‘ نیوز چینل کے خلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس شکایت میں متین شبیر پٹیل نے کہا ہے کہ ناسک کے ٹی سی ایس معاملے سے میرا کوئی لین دین نہیں ہے اور مجھے شبہ ہے کہ کہیں کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر تو میری تصویر متذکرہ بالا نیوز چینل کو تو نہیں دی ہے تاکہ مجھے بدنام کیا جائے، لہٰذا اسکی بھی جانچ پڑتال کی جائے۔
اس معاملے میں جلگائوں شہید عبدالحمید چوک تانبہ پورہ اور علاقہ مہرون کے کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ یہ غلطی گوگل سرچ کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ کیونکہ جلگائوں کے متین شبیر پٹیل نے حالیہ میونسپل کارپوریشن الیکشن میں وارڈ نمبر ۱۲ ( تانبہ پورہ ) سےآل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) کے ٹکٹ پر امیدواری کی تھی۔ شاید اسی وجہ سے ان کی تصویر استعمال کرلی گئی۔