کارکنوں کی پارٹی دفتر میں زبردست ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور توڑ پھوڑ، ۵؍ گھنٹوں میں دوسری اور تیسری فہرست جاری کی گئی لیکن محض ۱۶؍ نام ظاہر کئے گئے۔
EPAPER
Updated: August 27, 2024, 5:27 PM IST | Agency | Srinagar
کارکنوں کی پارٹی دفتر میں زبردست ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور توڑ پھوڑ، ۵؍ گھنٹوں میں دوسری اور تیسری فہرست جاری کی گئی لیکن محض ۱۶؍ نام ظاہر کئے گئے۔
جموں کشمیر میں انتخابات کا اعلان ہوتے ہی بی جے پی کااندرونی انتشار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ پیر کو پارٹی نے ۴۴؍ امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست کااعلان کیا تو بی جے پی کے کارکنوں نے پارٹی دفتر میں جم کر ہنگامہ آرائی کی، پارٹی کے خلاف نعرے لگائے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ حالات کے پیش نظر بی جے پی نے ایک اور ’یوٹرن‘ لیتے ہوئے پہلی فہرست کو ردکردیا۔ کچھ دیر بعد دوسری اور تیسری لسٹ بھی جاری کی لیکن بی جے پی قیادت محض ۱۶؍ ہی ناموں پر اتفاق کرپائی۔ دوسری فہرست میں ۱۵؍ اور تیسری فہرست میں صرف ایک نام کااعلان کیا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ لوک سبھا کی ۵۴۳؍ سیٹوں میں ایک بھی مسلم امیدوار کو کامیاب نہ کراپانے والی بی جے پی نے جموں کشمیر اسمبلی کیلئے ۵۰؍ فیصد سے زائد مسلم امیدواروں کوٹکٹ دیا ہے۔ بی جے پی کے اندر مچے اس گھمسان پر کانگریس نے بھی طنز کیا ہے۔اس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ بی جے پی ہریانہ کے ساتھ ہی جموں کشمیر میں بھی شکست کے خوف سے پریشان ہے اور یہ اس کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہے۔
بی جے پی نے۵؍ گھنٹے کے اندر ایک فہرست واپس لے کر مزید دو فہرست جاری تو کردی لیکن اس کے مقامی لیڈروں کا غصہ کم ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ بی جے پی کی ۲؍ فہرستوں میں ۱۶؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونے کے بعدبی جےپی کے سینئر لیڈروں نے سخت برہمی کااظہار کیا ہے کیونکہ اس میں ان کے نام شامل نہیں ہیں۔اس کے بعد بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران اور کارکنان نے پارٹی دفتر کے باہر نعرے بازی شروع کردی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران وہاں احتجاج کرنے والے لیڈروں نے بتایا کہ بی جے پی نے سینئر لیڈران کو بری طرح نظرانداز کیا ہےجو کسی بھی صورت میں ناقابل برداشت ہے۔ اپنی برہمی کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی قیادت نے نئے چہروں کوٹکٹ دیا ہے جو ناانصافی کے مترادف ہے۔ پارٹی کو متنبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس لسٹ کو بھی منسوخ نہیں کیا گیا تو بی جے پی میں ایک بڑی بغاوت ہو گی۔
اس ہنگامے کے درمیان بی جے پی صدر رویندر رینا نے صفائی پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئےکہا کہ ناراض ساتھیوں سے گفتگو کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ کوئی بھی ساتھی ناراض نہ رہے۔ انہوں نے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں کشمیر میں انتخابی بگل کے درمیان بی جے پی نے سلیکشن کے عمل کے بعد اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی پہلی فہرست میں پارٹی نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کیلئے امیدواروں کے نام جاری کئے ہیں۔ آخری مرحلہ کیلئے نامزدگی کا دن۲۷؍ اگست ہے۔ پارٹی جلد ہی اگلی فہرست بھی جاری کردے گی۔اسی کے ساتھ ہم کچھ آزاد امیدواروں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔‘‘