بھگوا ملزمین کے بری ہونے پرفیصلے کے دن ہندتواوی تنظیموں کی جانب سے شہر میں جشن منانے اور دل آزار نعرے لگانے پر کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے بینر تلے مہلوکین و متاثرین کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔
EPAPER
Updated: August 05, 2025, 11:27 AM IST | Mukhtar Adeel | Jalgaon
بھگوا ملزمین کے بری ہونے پرفیصلے کے دن ہندتواوی تنظیموں کی جانب سے شہر میں جشن منانے اور دل آزار نعرے لگانے پر کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے بینر تلے مہلوکین و متاثرین کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔
بھکو چوک بم دھماکہ ملزمین کو مقدمے سے بَری کئے جانے کے بعد صنعتی شہر میں فرقہ پرستوں کی جانب سے ناچ گانے ، دِل آزار نعرے لگانے اور اہتمامِ جشن پر قانونی کارروائی نیز بم دھماکہ میں اے ٹی ایس چیف آنجہانی ہیمنت کرکرے کے ذریعے پکڑے گئے ملزمین کے خلاف اسٹیٹ گورنمنٹ فوری طور سے اپیٖل داخل کرے اس مطالبے کو مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی نے مالیگاؤں میں ایڈیشنل کلکٹر آفس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس مظاہرے میں بھکو چوک بم دھماکے میں فوت ہونے والے سیّد اظہر کے والد سیّد نثار اور عرفان خان کے چچا عثمان خان شریک ہوئے ۔ شیخ فرحین ( متوفیہ)کے والد لیاقت شیخ بیماری کے سبب شرکت نہ کر سکے لیکن انہوں نے اِس احتجاجی مظاہرے کی حمایت کی۔ سیّد نثار اور عثمان خان کے ہاتھوں کلکٹر کے نمائندے نے مطالباتی خط قبول کیا ۔ اس موقع پر ان متاثرین نے کہا کہ اس کیس میں فیصلہ کیا گیا ہے انصاف نہیں ملا ہے ۔۱۷؍ سالوں تک انتظار کئے جانے کے بعد جو بات سامنے آئی اُس سے متاثرین اور زخمیوں کو مزید تکلیف ہوئی ہے۔
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ رشید نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر مالیگاؤں میں ہند توا اور فرقہ پرست تنظیموں نے جشن منایا ۔ ایسے افراد پر قانونی کارروائی ہونا چاہئے ۔ بھکو چوک بلاسٹ پر عدالتی فیصلے سے قبل ممبئی کے گھاٹ کوپر میں ہوئے سیریل بلاسٹ کا فیصلہ کیا ۔ ملزمین کو بَری کردیا گیا لیکن ممبئی سمیت پورے ملک میں مسلمانوں نے جشن ، آتش بازی اور اظہارِ مسرت کا کوئی اہتمام نہیں کیا۔ اگر مسلمان ایسا کرتے ہوئے پائے جاتے تو سینٹرل و اسٹیٹ گورنمنٹ برابر قانون کی دہائی دے کر اُن پر کارروائیاں بھی کرتی۔
محمد مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ فیصلہ آنے کے بعد مالیگاؤں میں گاندھی جی کے مجسمے کے پاس ناچ گانا ہوا۔ مٹھائیاں بانٹی گئیں۔ زعفرانی ملزمین کے حق میں نعرے لگائے گئے۔انسانیت کی بات یہ تھی کہ بھکو چوک بم بلاسٹ کی متوفیہ شیخ فرحین (۶) کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے اُنہیں قانونی طور سے انصاف دِلانے کیلئے بات چیت کی جاتی ۔ مزمل ڈگنیٹی نے یہ بھی کہا کہ یومِ آزادی کا موقع قریب ہے ۔ سرکار اور پولیس انتظامیہ نے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے مطالبے پر کان نہیں دھرا تو مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر اہم شرکاء میں اعجاز عمر ،صابر گوہر ،ریاض یوسف علی ، نوید خطیب ،محمد مسلم ، سہیل عبدالکریم، ابوللیث انصاری وغیرہ تھے۔