• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گڈچرولی میں’ جن جاتیہ گورو دِوس‘تقریب کا انعقاد

Updated: November 16, 2026, 11:15 AM IST | New Delhi

وزیراعظم مودی کاورچوئل خطاب،کہا کہ قبائلی افتخار کا دن ملک کا فخر اور قومی تہوار بن گیا ہے۔

Prime Minister Modi speaking on the occasion of Birsa Munda’s 151st birth anniversary. Photo: INN
بِرسا منڈا کے ۱۵۱؍ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیراعظم مودی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

نئی دہلی(ایجنسی):  وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ریاست کے گڈچرولی میں منعقدہ ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ پروگرام کے دوران ملک بھر کی قبائلی برادریوں کے افراد سے ورچوئل خطاب کیا۔ یہ پروگرام قبائلی مجاہد آزادی برسا منڈا کے۱۵۱؍ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک بھر کے بشمول گڈچرولی تقریباً ۳؍ہزار کروڑ روپے کی لاگت کے۲۴۶؍ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کا مقصد ملک بھر کی قبائلی برادریوں کےلئے تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع اور بنیادی شہری و سماجی سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراظم مودی نے کہا ہے کہ ’’بھگوان برسا منڈا کی جینتی کے موقع پر۲۰۲۱ء میں شروع کیا گیا قبائلی افتخار کا دن اتوار کو قومی تہوار کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس موقع پر پورا ملک قبائلی سماج کے عظیم لیڈران کی جدوجہد، قربانیوں اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو یاد کرتا ہے۔‘‘وزیراعظم نے ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت قبائلی سماج کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑنے اور اس کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ان کی حکومت رہائش، بجلی، صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں مختلف اسکیموں کے ذریعے قبائلی برادری تک سہولتیں پہنچا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح

انہوں نے کہا کہ نکسل ازم کے اثرات سے آزاد ہو رہے قبائلی علاقوں میں بھی اب ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ۱۵؍نومبر۲۰۲۱ء کو قبائلی افتخار کے دن کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے بھگوان برسا منڈا کی جینتی پر۲؍ لاکھ سے زیادہ پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں کروڑوں لوگوں نے شرکت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دن ہندوستان اپنے عظیم جنگجوؤں کو افتخار کے دن کے طور پر یاد کرتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ناگپور ہو، سنتھال ہو یا ملک کا کوئی دوسرا علاقہ، قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی اور جدوجہد کرتے ہوئے قربانیاں دی ہیں۔ اس جدوجہد میں متعدد بہادر مردوں اور خواتین نے ملک کو تحریک دی ہے۔ رانی درگاوتی جیسی بہادر خاتون نے قبائلی سماج کی جدوجہد کو توانائی دی، جبکہ برسا منڈا کی جدوجہد کروڑوں ہم وطنوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیر اعظم نے عالمی بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں تقریباً۵۰؍کروڑ لوگ شدید غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے اسے ملک کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا کسی ایک حکومت کو نہیں دیا جا سکتا، بلکہ یہ سماج کی اجتماعی طاقت، ملک کے ہر شہری کی کوششوں اور محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مرکزی حکومت نے قبائلی فلاح و بہبود کے لیے جو فیصلے کیے ہیں، ان تمام اسکیموں کا اس کامیابی میں بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے تمام ہم وطنوں، خاص طور پر قبائلی لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کروڑوں لوگوں کا شدید غربت سے باہر نکلنا ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عزم کو حقیقت میں بدلنے کا کام ہندوستان کر سکتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ نکسل ازم نے سب سے زیادہ نقصان قبائلیوں کو پہنچایا ہے۔ ۲۰۱۴ء میں۱۲۵؍ اضلاع ماؤ ازم سے متاثر تھے اور ہر سال سینکڑوں واقعات ہوتے تھے، جن میں ہزاروں بے قصور لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑتی تھی اور ان میں بڑی تعداد قبائلی بھائی بہنوں کی ہوتی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: دسمبر کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس

قبائلی سماج کیلئے کئےگئے اقدامات

وزیراعظم مودی نے کہا کہ قبائلی سماج کی فلاح و بہبود کیلئے ہماری حکومت نے۱۷۰؍ سے زیادہ منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ہے۔ میزورم اور اروناچل پردیش میں قبائلی فلاح و بہبود کیلئے سہولتیں تیار کی گئی ہیں اور قبائلی مصنوعات کی فروخت کو فروغ دینے کیلئے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں تقریباً۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے کروڑوں قبائلی لوگوں کو غربت سے باہر نکلنے میں مدد ملی ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جن قبائلی علاقوں میں پہلے ترقی کا عمل نہیں تھا، وہاں پی ایم جن من اسکیم اور قبائلی گرام وکاس یوجنا کے ذریعے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK