معروف ادیب و شاعر اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیت جاوید اختر کے ہاتھوں سنیچر کی شام اردو مرکز کےسہ روزہ بھنڈی بازار اردو فیسٹیول ۲۰۲۴ ءکا شاندار افتتاح عمل آیا جس میں شہر کی متعدد معزز شخصیات کے ساتھ اردو سے محبت رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جاوید اختر افتتاح کرتےہوئے۔ تصویر : آئی این این
معروف ادیب و شاعر اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیت جاوید اختر کے ہاتھوں سنیچر کی شام اردو مرکز کےسہ روزہ بھنڈی بازار اردو فیسٹیول ۲۰۲۴ ءکا شاندار افتتاح عمل آیا جس میں شہر کی متعدد معزز شخصیات کے ساتھ اردو سے محبت رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں جاوید اختر نے تجویز پیش کی کہ اردو اور ہندی زبانیں بولنے میں بہت زیادہ ملتی جلتی ہیں اس لئے ہندی اور اردو کے جو ڈپارٹمنٹ ہیں اپنا کام جاری رکھیں لیکن ہندی اور اردو کو ملا کر ہندوستانی زبان شروع کی جانی چاہئے اور اس کا علاحدہ ڈپارٹمنٹ ہونا چاہئے جس سے ہم وطنوں کو اردو میں دستیاب ذخیرہ پڑھنے کا بہتر موقع ملے گا۔ اس پروگرام میں برہانی کالج کو محسن اردو ادارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ کالج کے پرنسپل نے حاصل کیا۔ ممبئی یونیورسٹی میں صوفی عنوان پر ایم فل کا کورس شامل کرنے پر ڈاکٹر سنجے دیش پانڈے کو بھی محسن اردو کا ایوارڈ دیا گیا۔ اردو مرکز کے چوتھے سہ روزہ جشن کا اہتمام بھنڈی بازار کے میں مغل مسجد کے سامنے واقع امام باڑہ اردو میونسپل اسکول میں کیا گیا ہے جس میںافتتاحی پروگرام کے بعد شب۸؍ بجے سے صوفی قوالی اور مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔اردو مرکز کے ڈائریکٹر ایڈوکیٹ زبیر اعظمی نے بتایا کہ ۲۰۰۷ ءمیں اردو مرکز کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس کے قیام کا مقاصد میں یہ بات شامل تھی کہ ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرایا جائے جہاں اردو کے شعراء، مصنف اور شائقین بیٹھ کر بات چیت اور تبادلہ خیال کرسکیں، ایک ایسی جگہ جہاں یہ لوگ اپنی تکالیف اور دشواریوں پر بات کرسکیں۔ اردو مرکز کے قیام کے تعلق سے یہ محاورہ مشہور ہوگیا ہے کہ یہاں واہ سے آہ تک بات ہوتی ہے۔ یہ فیسٹیول بھی اسی کا حصہ ہے۔