• Wed, 10 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یروشلم: اسرائیلی فورسیز کا انروا کے دفتر پر دھاوا، اقوام متحدہ کا پرچم ہٹادیا

Updated: December 10, 2025, 1:22 PM IST | Agency | Jerusalem

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے اس چھاپے کی سخت مذمت کی اور کہا یہ کمپاؤنڈ ادارہ کی ملکیت ہے۔

Israeli soldiers forcibly placed their flag on the building. Picture: INN
اسرائیلی فوجیوں نے جبراًعمارت پر اپنا جھنڈا لگایا۔ تصویر:آئی این این
اسرائیلی فورسز نے مشرقی یروشلم میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول کر یو این پرچم زبردستی اتار لیا۔ قابض اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں متحرک ادارہ کے مرکزی دفتر پر چھاپا مارا ہے، چھاپے کے دوران اسرائیلی فورسز نے رابطے کیلئے  استعمال ہونے والے تمام وسائل کو کاٹ دیا تاکہ دفتر کی حدود میں ہونے والی اس کارروائی کو دنیا سے چھپایا جا سکے۔ چھاپے کے بعد اسرائیلی فوج نے دفتر کی عمارت سے اقوام متحدہ کا پرچم ہٹا کر اسرائیلی جھنڈا بھی لہرا دیا۔ رائٹرز کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی حکام اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (انروا) کے مشرقی یروشلم میں واقع دفاتر میں داخل ہوئے اور چھاپے کے دوران اسرائیل کا پرچم لہرایا۔ اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی ٹیکسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کی گئی۔ 
اقوامِ متحدہ کی فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے کمشنر جنرل فلپ لا زارینی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر واقعے کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ یو این رکن ملک کی حیثیت سے اسرائیل پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ یو این کی حد بندی میں آنے والے دفتر کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اس کا احترام کرے۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی پر اسرائیل جانب داری کا الزام عائد کرتا آ رہا ہے، اس ایجنسی نے اس سال کے آغاز سے یہ عمارت استعمال نہیں کی، کیوں کہ اسرائیل نے اسے تمام مقامات خالی کرنے اور اپنی سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا ہوا ہے۔  اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس چھاپے کی سخت مذمت کی اور کہا یہ کمپاؤنڈ بدستور اقوامِ متحدہ کی ملکیت ہے اور اسے کسی بھی قسم کی مداخلت سے استثنیٰ حاصل ہے، میں اسرائیل پر زور دیتا ہوں کہ وہ فوری طور پر تمام ضروری اقدامات کرے تاکہ انروا کے احاطے کی حرمت کو بحال، محفوظ اور برقرار رکھا جا سکے اور ان احاطوں سے متعلق مزید کسی کارروائی سے گریز کیا جائے۔انروا کے سربراہ فلیپ لازارینی نے ایکس پر لکھا کہ اسرائیل کا یہ اقدام خطرناک نظیر قائم کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK