ممبرا کے پربھاگ نمبر ۳۳؍ میں پارٹی کارکن سمیرشمیم خان کے دفتر کے افتتاح پررکن اسمبلی جتیندراوہاڑ کا اظہارِ خیال۔ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 11:45 AM IST | Inquilab News Network | Mumbra
ممبرا کے پربھاگ نمبر ۳۳؍ میں پارٹی کارکن سمیرشمیم خان کے دفتر کے افتتاح پررکن اسمبلی جتیندراوہاڑ کا اظہارِ خیال۔ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
’’دفتر کسی کا گھر نہیں ہونا چاہئے بلکہ عام لوگوں کا گھر ہونا چاہئے۔‘‘ یہ بیان مقامی ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ نے ممبرا کے پربھاگ نمبر۳۳؍ میں سماجی کارکن سمیر شمیم خان کے ذریعہ این سی پی (شرد پوار) کے دفتر کی افتتاحی تقریب میں دیا۔ اس موقع پر این سی پی تھانے ضلع کے سٹی صدر منوج پردھان، تھانے میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر اشرف شانو پٹھان، پارٹی کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان، سنگھرش کی صدر روتا اوہاڑ، کئی عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے:بیت المقدس: اگست میں مسجد الاقصیٰ پر ۵۲۰۹؍ اسرائیلی آبادکاروں کے حملے
ممبرا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے امیدوار سمیر شمیم خان حالیہ پربھاگ نمبر۳۳؍ تھانے میونسپل کارپوریشن کا انتخاب چند ووٹوں سے ہار گئے تھے ،اس کے باوجود ان کی سماجی خدمات جاری ہے۔ ان کے رابطہ عامہ کے دفتر کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ کوئی بھی دفتر کسی کا گھر یا ذاتی دفتر نہیں ہونا چاہئے بلکہ یہ عوام کا گھر ہے اور اگر عام آدمی میں سے کوئی پریشان حال ہے یا مسئلہ لے کر دفتر پہنچتا ہے تو اس کا مسئلہ حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری پارٹی کے شہر میں سب سے زیادہ دفاتر ہیں۔ اگر آپ کوسہ سے ممبرا تک دیکھیں تو آپ کو ہمارے بیشتر دفاتر نظر آئیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں اور میری پارٹی کے ممبران جب بھی کسی کو فون کرتے ہیں، یہاں تک کہ آدھی رات کو بھی، ہم فون کا جواب دیتے ہیں اور عوام کے مسائل حل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ شامل ہوئی ہے۔
ایم ایل اے اوہاڑ نے ایک بار پھر ایس آئی آر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہلکے میں نہیں لینا چاہئے۔ ممبراکلوا میں۲؍لاکھ سے زیادہ ووٹوں کو حذف کر دیا گیا ہے اور یہ بی جے پی کی طرف سے ملک میں ہر جگہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسکولوں کو بند کئے جانے کے خلاف زبردست احتجاج
اس موقع پر سنگھرش کی صدر ریتا اوہاڑ نے کہا کہ میں پہلے ہی پارٹی لیڈروں سے کہہ چکی ہوں کہ میری خواہش ہے کہ سمیر خان کو منظور شدہ سٹی سرونٹ کا عہدہ مل جائے۔ تقریب میں شریک افراد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے شمیم خان نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردپوار) میں شامل ہو رہی ہے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہاں نوجوانوں کی بڑی بھیڑ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وارڈ نمبر ۳۳؍ میں بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر کثیر تعداد میں علمائے کرام بھی موجود تھے جن میں مولانا شفیق الرحمٰن ندوی، مولانا اظہر صدیقی، مولانا رفیق اجمل، مولانا عبدالرب مدنی، مولانا شیرازی کے علاوہ شاعر شمیم سدھارتھ نگری، سینئر میونسپل ورکر یاسین قریشی، سدھیر بھگت، ساقر شیخ ،مرضیہ پٹھان، تھانے صدر میونسپل ورکر اور خواتین کثیر تعداد موجود تھیں ۔
قبل ازیں ایک چھوٹی سی میٹنگ ہوئی جس کے بعد روایتی انداز میں سارنگ ہائٹس ، کوسہ سرکل کے قریب دفتر کا افتتاح جتیندر اوہاڑ، منوج پردھان، شانو پٹھان اورشمیم خان نے فیتہ کاٹ کر کیا۔